پیالی میں طوفان (55) ۔ پانی کا رنگ/وہاراامباکر

ایک تصویر بنائیں جس میں نلکے سے نکلتے ہوئے پانی کی دھار بہہ رہی ہو۔ کسی چھوٹے بچے کو کہیں کہ اس تصویر میں رنگ بھرے۔ نوٹ کریں کہ وہ اس پانی کی دھار میں نیلا رنگ بھرے گا۔ اب اپنے باتھ روم میں پانی چلا کر دیکھ لیں۔ جتنا مرضی غور کریں، اس کا تو کوئی رنگ ہی نہیں۔ نیلے رنگ کا کہیں شائبہ تک نہیں ہے۔ (اگر کہیں کوئی رنگ نظر آ گیا تو فوراً پلمبر کو بلوائیں)۔

Advertisements
julia rana solicitors

ایسا کیوں ہے؟ وسیع و عریض سمندر کو دیکھیں تو یہ ہمیشہ نیلا نظر آئے گا لیکن ان سے چلو بھر پانی نکالیں کر دیکھیں تو نیلا رنگ کہیں نہیں۔ کیا اس کی وجہ نمک ہے؟ نہیں، صاف پانی کی جھیل کا بھی یہی معاملہ ہے۔ اور جب گلیشئیر پر بنی نیلگوں جھیل سے پانی رس کر نیچے جاتا ہے تو یہ بے رنگ نظر آتا ہے۔
کیا اس کی وجہ آسمان سے ہونے والا انعکاس ہے؟ نہیں، سیٹلائیٹ سے لی گئی تصاویر بھی یہی رنگ دکھاتی ہیں بلکہ گدلا پانی بھی سیٹلائیٹ سے نیلا دکھائی دیتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جب روشنی کی لہر پانی میں داخل ہوتی ہے تو یا یہ واپس منعکس ہو جاتی ہے یا پھر گہرائی کی طرف جائے گی۔ کئی بار، کوئی چھوٹا ذرہ یا پھر پانی خود راہ میں رکاوٹ بنے گا اور لہر کو نئی سمت میں بھیج دے گا۔ یہ کئی بار ہو گا اور جب یہ لہر اپنا سفر کر کے پانی سے باہر ہوا میں نکلے گی تو اس دوران پانی روشنی کو فلٹر کر دے گا۔
سورج سے آنے والی روشنی میں بہت قسم کی ویولینتھ کا مکسچر ہے۔ یہ دھنک کے سارے رنگ ہیں۔ لیکن پانی روشنی کو جذب کرتا ہے۔ اور کچھ رنگوں کو زیادہ۔ سرخ رنگ کا سپیکٹرم سب سے پہلے جذب ہوتا ہے جو پانی میں چند میٹر گہرائی تک ہی جا سکتا ہے اور اس سے اگلے رنگوں کی ویولینتھ اس کے بعد۔ سبز اور پیلا دسیوں میٹر تک جا سکتا ہے۔ جب کہ سب سے آخر میں جذب ہونے والا رنگ نیلا ہے جو بہت دور تک جا سکتا ہے۔ اور جب روشنی سمندر کے پانی سے چھن کر آتی ہے تو تقریباً تمام کا رنگ نیلا ہوتا ہے۔
اگر پانی کم گہرائی کا ہو تو تمام روشنی پار ہو جائے گی اور یہ بے رنگ نظر آئے گا۔ اور یہ وجہ ہے کہ نلکے کا پانی بے رنگ نظر آتا ہے۔
جس طرح گہرائی بڑھے گی، یہ نیلا ہوتا چلا جائے گے۔ اسی طرح اگر پانی کے اندر غوطہ لگائیں اور پلاسٹک کے دو ڈبے ساتھ رکھیں جن میں سے ایک سرخ ہو اور ایک نیلا، تو پینتیس میٹر کی گہرائی تک پہنچتے ہوئے سرخ ڈبہ سیاہ نظر آنا شروع ہو جائے گا جبکہ نیلا اپنا رنگ برقرار رکھے گا۔ سمندر یا جھیلیں پانی کی اتنی مقدار رکھتے ہیں کہ یہ پانی ہمیں نیلا ہی نظر آتا ہے اور اسی لئے تمام تصاویر میں بھی اسے اسی رنگ سے بنایا جاتا ہے۔
اسی لئے چھوٹے بچے نے بھرنے کے لئے جو رنگ چنا تھا، وہ درست تھا۔ لیکن اس بات کو نلکے کے پانی سے نہیں سیکھا جا سکتا۔
(جاری ہے)

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply