پیالی میں طوفان (44) ۔ ڈیم/وہاراامباکر

پچھلی صدی کی سول انجینرنگ کے بڑے کارناموں میں ایک ہوور ڈیم تھا۔ سرخ پتھریلی چٹانوں والے صحرائی علاقے کے بیچ میں اچانک ہی چمکتے نیلے پانی کا یہ ذخیرہ عجیب منظر ہے۔ 75 لاکھ ٹن وزنی کنکریٹ کا سٹرکچر پانی کو روکے رکھتا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

سو سال پہلے دریائے کولاریڈو پتلی گھاٹی کے بیچ سے بلاروک ٹوک بہتا تھا۔ روکی پہاڑوں اور مشرقی میدانوں پر برسنے والی بارش خلیجِ کیلے فورنیا تک وادیوں کے سلسے کے ذریعے نیچے پہنچتی تھی۔
نیچے رہنے والے کسانوں اور شہریوں کا مسئلہ پانی کی مقدار نہیں تھی بلکہ اس کی آمد کا وقت تھا۔ بہار میں آنے والے بڑے سیلاب کھیتوں کو بہا لے جاتے تھے۔ جبکہ خزاں میں رِس کر پہنچنے والا پانی آبادی کے لئے ناکافی ہوتا تھا۔ کسانوں اور شہریوں کو کنٹرول درکار تھا کہ یہ کب اور کتنا ان تک پہنچے اور اس وجہ سے یہاں پر بند بنایا گیا۔
روکیز کے پہاڑوں سے آنے والا قطرہ اب بند کے ساتھ بنائی گئی جھیل لیک میڈ میں ٹھہر جاتا ہے۔ اس کے پاس کہیں اور جانے کی جگہ نہیں، کم از کم کچھ دیر تک۔
سن 1930 میں grand canyon سے آنے والا پانی کا قطرہ رکنے سے پہلے 150 میٹر کی ڈھلوان کا سفر کرتا تھا۔ لیکن ڈیم بن جانے کے بعد 1935 میں اس کو وادی سے بلندی پر ہی روک لیا جاتا تھا۔ حیرت انگیز بات یہ کہ اسے روکنے کے لئے کسی توانائی کی ضرورت نہیں تھی۔ صرف احتیاط سے بنائی گئی رکاوٹ چاہیے تھی۔ یہ مصنوعی طور پر تخلیق کردہ equilibrium ہے۔
جب تک انسان فیصلہ کریں کہ اس نے یہاں ٹھہرنا ہے، یہ یہیں پر آرام کرتا ہے۔ انسان دریا کا بہاؤ ڈیم کے ذریعے کنٹرول کر سکتے ہیں۔ اور پانی کا رشن کر سکتے ہیں۔ سیلاب بھی ختم ہو گئے اور دریا بھی سارا سال بہتا ہے۔
اس کے ساتھ ایک اور فائدہ بھی ہے۔ جب پانی ڈیم سے گزرتا ہے تو اس بڑے پریشر سے ٹربائن گھما لی جاتی ہیں اور اس سے پن بجلی بن جاتی ہے۔
پانی کے اس کنٹرول کا نتیجہ یہ ہے کہ امریکہ کے جنوب مغرب کے بنجر صحرا میں لاکھوں لوگ رہ سکتے ہیں اور کام کر سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہوور ڈیم کو پانی کا بہاؤ کنٹرول کرنے کے لئے بنایا گیا تھا لیکن یہ اصول عمومی ہے۔ توانائی حاصل کرنے کے لئےہم صرف توانائی پر رکاوٹیں لگا رہے ہیں۔ فزیکل دنیا ہمیشہ ایکولیبریم کی طرف جاتی ہے لیکن کئی بار ہم اس چیز کو کنٹرول کر سکتے ہیں کہ اس کو کیسے اور کتنی جلد حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اور اس بہاؤ کا کنٹرول ہمیں توانائی کے اخراج کی ٹائمنگ بھی دیتا ہے۔ ہماری مصنوعی رکاوٹوں سے توانائی کا بہاؤ ہماری مرضی سے ایکولیبریم کی طرف پہنچتا ہے اور ہماری لئے مفید کام کر دیتا ہے۔ ہم توانائی تخلیق یا تباہ نہیں کر سکتے۔ صرف میدان کا نقشہ بدل کر اسے استعمال کر لیتے ہیں۔
(جاری ہے)

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply