خبر اور خواہش

خبر اور خواہش
محمد لقمان
مشہور ہے کہ ايک سکول کے استاد کے پيٹ ميں درد ہوا تو اس نے اپنے ايک شاگرد کو بازار ميں مولی لينے بھيجا۔ شاگرد بہت دور کی سوچ والا تھا۔۔اس نے سوچا کہ اگر استاد کو آرام نہ آيا تو بہت برا ہوگا۔ اس نے مولی کے ساتھ ميڈيکل اسٹور سے دوائی بھي لے لی۔ دوائی خريدنے کے بعد سوچا کہ ڈاکٹر کو بھی ساتھ لے لينا چاہيے تاکہ جلد سے جلد افاقہ ہوجائے۔
ڈاکٹر کو ليا تو اس کے زرخيز ذہن ميں خيال در آيا کہ اگر دوائی سے آرام نہ آيا اور استاد مکرم کی موت ہوگئی تو اس کو نہلانے دھلانے اور کفنانے کے لئے بھي کوئی انتظام ہونا چاہيے تو اس نے ملا کا بھی انتظام کرليا۔ چونکہ شاگرد بہت زيرک تھا۔ اس نے سوچا کہ استاد تو گھر پر اکيلا ہی رہتا ہے کيوں نہ بين کرنے واليوں کو بھی ساتھ لے ليا جائے تاکہ کوئی تو ايک عظيم استاد کا سوگ منا سکے۔ اس نے بين کرنے واليوں سے پيشگی طے کرليا کہ جونہی اس کے رونے کی آواز آئے تو وہ بين ڈالنا شروع کرديں۔
قصہ مختصر کہ وہ اپنے ساتھ افراد کی فوج ظفر موج لے کر استاد کے گھر پہنچا۔ استاد نے تمام افراد کو ساتھ لانےکی وجہ پوچھی تو شاگرد نے اپنے تمام خدشات سے آگاہ کرديا۔ استاد يہ سنتے ہی آگ بگولا ہوگيا اور اس نے زناٹے کا تھپڑ شاگرد رشيد کے چہرے پر جڑ ديا۔ شاگردکی چيخ نکلی تو ساتھ آئی عورتوں نے بين ڈالنے شروع کرديے۔۔ہمسائے آگئے ۔۔يوں ايک زندہ شخص کے لئے سوگ کا آغاز ہوچکا تھا۔ پ
اکستاني ميڈيا پر بھي ایسی کہانی روز دہرائی جاتی ہے۔ ابھی کل ہی تو قطر کے امير کے لئے گھوڑا پاک فضائيہ کےسی ون تھرٹی جہاز پر دوحہ بھيجنے کی خبر کيا بريک ہوئی۔گھوڑے کی نسل ، اس کے قد کاٹھ کا خوب تذکرہ ہوا۔ اور اس تحفے کو پانامہ ليکس سکينڈل کے ساتھ جوڑ ديا گيا۔ نواز حکومت کے خوب لتے ليے گئے۔ ہر طرح کے دانشور اور بزرجمہرٹی وی سکرینز پرکئي گھنٹے جلوہ افروز رہے اور دانشوری کا بلغمقوم پر پھيینکتے رہے۔ اس خبر کی پہلے ترديد پاک فضائيہ نےکی اور آخر وفاقی حکومت کے ترجمانوں نے بھي اس خبر کا ابطال جاري کيا۔ يوں مولی سے شروع ہونے والی کہانی بين ڈالنے واليوں پر ختم ہوگئي۔

Facebook Comments

محمد لقمان
محمد لقمان کا تعلق لاہور۔ پاکستان سے ہے۔ وہ پچھلے 25سال سے صحافت سے منسلک ہیں۔ پرنٹ جرنلزم کے علاوہ الیکٹرونک میڈیا کا بھی تجربہ ہے۔ بلاگر کے طور پر معیشت ، سیاست ، زراعت ، توانائی اور موسمی تغیر پر طبع آزمائی کرتے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply