عمر اکمل کا نیا حربہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)  مڈل آرڈر بیٹسمین اور ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل پاکستان ٹیم سے باہر ہونے کے بعد اپنی فٹنس پر خصوصی توجہ دینے میں مصروف ہیں۔اس حوالے سے عمر اکمل اپنی ویڈیوز سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے رہتے ہیں اور ان کے مداح ان ویڈیوز سے کافی متاثر بھی ہوتے ہیں لیکن دیکھنا یہ ہوگا کہ یہ ویڈیوز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کب متاثر کرتی ہیں۔رواں سال مئی میں عمر اکمل بھی پاکستان ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوئے تھے جہاں انہیں بھی اُس خوش قسمت ٹیم کا حصہ بننا تھا، جس نے کرکٹ کی تاریخ میں ایک سنہرا باب رقم کرتے ہوئے چیمپیئنز ٹرافی 2017 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ تاہم فٹنس کے باعث ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد عمر اکمل نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے پُر عزم ہیں اور ان کی ابھی بہت کرکٹ باقی ہے۔کرکٹ کو اپنی ‘غذا’ قرار دیتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم میں واپسی کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔ماہ جون سے عمر اکمل کی ویڈیوز انسٹاگرام پر وقفے وقفے کے ساتھ سامنے آئیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کس طرح اپنی فٹنس بحال کرنے میں مصروف ہیں۔اگر ان ویڈیوز کو عمر اکمل کی جانب سے پی سی بی حکام کو متاثر کرنے کا پیغام کہا جائے تو شاید غلط نہ ہوگا، کیونکہ ان ویڈیوز میں عمر اکمل بہترین انداز میں جم میں ورزش کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔اپنے ایک پیغام میں انہوں نے بتایا تھا کہ ‘جب تک وہ جِم میں محنت نہ کرلیں تب تک ان کا دن اچھا نہیں گزرتا’۔ایک اور پیغام میں عمر اکمل کا کہنا تھا کہ وہ جِم میں بے حد محنت کر رہے ہیں اور مزید فٹ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔عمر اکمل نے انسٹا گرام پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ انہوں نے ایک فٹنس ٹیسٹ دیا ہے اور وہ مزید فٹنس حاصل کر رہے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ٹرینر اور جِم اسٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply