بات سے بات۔۔۔عامر عثمان عادل

یہ برکھا رت بھی ناں کمال کرتی ہے۔ دل کی دنیا کو نہال کرتی یے۔ بارش تھمتے ہی سورج کی سنہری کرنیں بارش کی بوندوں سے رومانس کرتی ہیں تو نیلا آسمان بھی مارے شرم کے گلنار ہو جاتا ہے ۔ یہ شرم بھی کیا چیز ہے ۔ نہ رہے تو اچھے بھلے انسان جانور بن جاتے ہیں ۔ انسانوں کی بھی خوب کہی آپ نے جنہیں علم شہریت کے ماہرین معاشرتی جانور کہتے ہیں ۔ جو قدم قدم ایک دوسرے کے محتاج ہیں ۔ یہ محتاجی بھی بری چیز ہے ۔ اللہ ہمیں کسی کا محتاج نہ کرے ۔ محتاجی کے عالم میں بندہ زمینی خداوں کے آگے ہاتھ پھیلانے پر مجبور ہو جاتا یے ۔ یہ مجبوریاں بھی انسان سے کتنے پاپ کراتی ہیں ۔ چوری ڈاکہ جھوٹ جسم فروشی ۔ جسم فروشی کو گالی دینے والوں نے کبھی سوچا کہ ایک عورت کیوں اپنا آپ بیچنے پر مجبور ہو جاتی ہے کہ اپنے ہاتھوں اپنی عزت کا گلا گھونٹ دیتی ہے ۔ عزت کہتے ہیں بازاروں میں نہیں بکتی ۔ بازاروں میں اب پہلے سی رونق بھی تو نہیں رہی ۔ کیونکہ وہ جو دوائے دل بیچتے تھے وہ اپنی دوکان ہی بڑھا گئے ۔ یہ دو حرفی دل بھی سہ حرفی عشق میں مبتلا کر کے اچھے بھلے چار حرفی آدمی کی پانچ حرفی زندگی رول کر رکھ دیتا یے ۔ زندگی بھی ایک امتحان ہے ۔ امتحان میں کامیابی مقدر ہوتی یے یا ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے ۔ ناکامی انسان کو سبق سکھاتی ہے ۔ سبق یاد ہو جائے تو چھٹی مل جاتی ہے مگر مکتب عشق کے دستور نرالے ہوتے ہیں جسے سبق یاد ہو جائے اسے چھٹی ہی نہیں ملتی ۔ چھٹی والے دن کے متعلق مختلف آراء ہیں ۔ کچھ لوگ کہتے ہیں یہ دن بور ہوتا ہے اکتاہٹ ہونے لگتی ہے ۔ اکتاہٹ بیزاری کی ہی ایک قسم ہے ۔ بیزاری میں کچھ بھی اچھا نہیں لگتا حتی کہ دلفریب موسم بھی ۔ موسم برسات کا ہو تو ایک نظارہ اتنا رنگین ہوتا ہے کہ دل جھوم اٹھتا ہے ۔ دل جھومنے لگے تو لوگ سیر و تفریح کے لئے تفریح گاہوں کا رخ کرتے ہیں ۔ تفریح گاہوں کی ساری رونق خواتین کے دم قدم سے ہوتی ہے ۔ خواتین کے بارے میں اقبال کا کہنا تھا کہ ان کے وجود سے کائنات میں سارے رنگ ہیں ۔ اور واقعی جب یہ ہرے پیلے بنفشی گلابی جامنی آنچل لئے تتلیوں کی مانند اڑتی پھرتی ہیں تو لگتا یے دھنک کے سارے رنگ بکھر گئے ہوں۔ دھنک بھی کیا چیز ہے بارش تھمتے ہی سورج کی سنہری کرنیں بارش کی بوندوں سے رومانس کرتی ہیں تو آسمان بھی مارے شرم کے گلنار ہو جاتا یے ۔

Facebook Comments

عامر عثمان عادل
عامر عثمان عادل ،کھاریاں سے سابق ایم پی اے رہ چکے ہیں تین پشتوں سے درس و تدریس سے وابستہ ہیں لکھنے پڑھنے سے خاص شغف ہے استاد کالم نگار تجزیہ کار اینکر پرسن سوشل ایکٹوسٹ رائٹرز کلب کھاریاں کے صدر

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply