عمران خان کا حقیقی تبدیلی کی طرف پہلا قدم۔۔۔۔فراست محمود

بھائی آ پ عمران خان کو سپورٹ کیوں نہیں کرتے؟
کاشف ابھی تم چھوٹے ہو پڑھائی پر  توجہ دیا کرو پچھلے سال بھی اسی سیاست کی وجہ سے دو پیپروں  میں فیل ہو چکے ہو۔
بھائی اب میں چھوٹا نہیں رہا بائیس سال کا ہو گیا ہوں۔ پچھلے الیکشن میں بھی کم عمری کی وجہ سے ووٹ نہیں ڈال سکا اس سال انشاء اللہ عمران خان کو نہ صرف ووٹ دونگا بلکہ میں کوشش کرونگا کہ میرے دوست بھی عمران خان کو ووٹ دیں۔ مگر بھائی آپ کو عمران خان سے کیا چڑ ہے آپ اس کی تبدیلی والی بات کا کیوں نہیں یقین کرتے ؟؟؟
کاشف میں ابھی آپ کے عمران خان کو تبدیلی کے قابل نہیں سمجھتا۔ میں نے1997 سے اب تک الیکشن دیکھ رکھے ہیں اور 1947 سے 1997 تک الیکشن کی تاریخ پڑھ چکا ہوں۔ سارے سیاسی لوگ تبدیلی کا دعویٰ ضرور کرتے ہیں مگر اپنے سوا کچھ بھی تبدیل نہیں کرتےہیں۔ اس لئے مجھے کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی اور میں عمران خان کو بھی اسی نظر سے دیکھتا ہوں سب ڈرامہ ہے وہی سیاسی بساط کے سیاسی مہرے ہیں سب۔
بھائی آج پچیس جولائی ہے انشاء اللہ نیا پاکستان بن کے رہے گا۔ سب کچھ تبدیل ہو گا آپ صرف ایک بار بھائی عمران خان کے لئے نہیں پاکستان کے لئے عمران خان کو ووٹ دیں بھائی پلیز۔
کاشف ایک تو تم اتنے ضدی ہو ہر بات منوا کے رہتے ہو مگر میری بات یاد رکھنا تبدیلی کوئی نہیں آ نے والی ۔

ہرا،واؤ مبارک ہو امی ابو بھائی مبارک ہو تحریک انصاف نے الیکشن 2018 میں سب پارٹیوں کو شکست دے دی اب دیکھنا بھائی !!
“بنے گا نیا پاکستان”
انشاء اللہ عمران خان وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنا تبدیلی کا وعدہ پورا کریں گے ۔
کاشف کچھ تبدیل نہیں ہونے والا الیکشن ختم اب پڑھائی پہ توجہ دو پھر تمہیں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لئے انگلینڈ جانا ہے۔ ادھر سب ایسا ہی چلے گا کچھ تبدیل نہیں ہوگا۔
بھائی آپ نے عمران خان صاحب کی تقریر سنی ہے ؟
نہیں تو!!
بھائی عمران خان صاحب نے عام پاکستانی کی بات ہے۔ اس نے میری اور آ پکی بات کی ہے۔ اس نے ایسی تقریر کی ہے کہ دل کرتا تھا وہ اسی نرم آواز میں بولتا جائے میں سنتا جاؤں ۔بھائی اب پاکستان ہر صورت تبدیل ہو کے رہے گا۔
کاشف تمہیں کیسے سمجھاؤں کہ عمران خان اس سسٹم کو ٹھیک نہیں کر سکتا ۔وہ اپنی بات پہ قائم نہیں رہ سکتا ہے۔
کیا تمہیں یاد نہیں کی کس طرح سول نافرمانی والی تحریک سے پیچھے ہٹ گیا تھا؟
کیا تمہیں یاد نہیں کس طرح اسلام آباد لاک ڈاؤن کی کال دے کر خود بنی گالا گھر سے باہر نہیں نکلا تھا؟
کیا تمہیں یاد نہیں کس طرح تمام کرپٹ لوگوں کو ساتھ ملا کر الیکشن جیتا آپ کے عمر ان خان صاحب نے؟
کاشف مجھے یہ بچوں جیسی تبدیلی والی باتیں نہ سنایا کرو جس دن حقیقی تبدیلی آ گئی میں بھی عمران خان کو لیڈر مان لوں گا۔نئے پاکستان کی امید لگا لونگا۔
بھائی شرط لگائیں کہیں آپ بعد میں اپنی بات سے مکر نہ جائیں۔

بھائی آج عمران خان صاحب نے کمال کر دیا ہے۔ سعودی سفیر کو صرف ایک کپ چائے کے ساتھ رخصت کر دیا ہے ۔دیکھا بھائی تبدیلی کی طرف پہلا قدم۔
کاشف یہ تبدیلی نہیں ڈرامہ بازی ہے۔میں پہلے بھی ایسی سادگی دیکھ اور سن چکا ہوں۔
بھائی آج عمران خان صاحب نے کیا کمال تقریر کی ہے پانچ سو چوبیس میں سے اپنے لئے صرف دو ملازم رکھے گا۔
اسی (80) گاڑیوں میں سے صرف دو کو استعمال کے لئے رکھے گا باقی نیلام کر دے گا۔
پرائم منسٹر ہاؤس میں رہائش نہیں رکھے گا۔
پرائم منسٹر ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کر دے گا۔
وی آئی پی پروٹوکول نہیں لے گا۔
بھائی آج کا خطاب انٹر نیشنل لیول پہ سنا گیا ہے بچوں بوڑھوں عورتوں نے ہر گھر ہر گلی ہر دکان میں عمران خان کا قوم سے پہلا خطاب انتہائی جوش و جذبے سے سنا ہے۔عمران خان نے آج قوم کو وہ باتیں بتائی ہیں جو آج تک کوئی وزیراعظم نہ بتا سکا۔
بھائی اپنی بات یاد رکھنا اب پاکستان میں حقیقی تبدیلی آنے والی ہے عمران خان کو اب لیڈر ماننا پڑے گا آپ کو۔
کاشف مجھے لگتا نہیں کہ تمہارا کپتان کبھی مجھے شرط ہارنے دے گا۔
بھائی عمران خان نے ڈاکٹر عاطف میاں کو اقتصادی کمیٹی میں پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے بطور مشیر ر مقرر کر لیا ہے۔
کیا کہا کاشف !!ذرا پھر سے بتاؤ کیا عمران خان نے غیر مسلم قادیانی امریکی شہری ڈاکٹر عاطف میاں کو اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مشیر رکھ لیا ہے؟؟؟
ہاں بھائی میں نے خود سنا ہے کہ اس کو اقتصادی کمیٹی میں مشیر کے طور پہ رکھ لیا ہے۔
کاشف میرے خیال میں آج پاکستان میں “حقیقی تبدیلی” کی طرف پہلا قدم اٹھایا ہے آپ کے کپتان نے۔
آج عمران خان اس بات کو منوانے چل نکلا ہے کہ بدل رہا ہے پاکستان ۔آج کپتان ثابت کرنے نکلا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جس میں تمام پاکستانیوں ( مسلمان،ہندو،سکھ،عیسائی ،یہودی،قادیانی) کو یکساں حقوق حاصل ہیں آج قائد اعظم کی 1947 کی تقریر کا عملی جامہ پہنایا آپ کے کپتان نے کہ ریاست میں تمام اقلیتوں کو میرٹ کے اوپر پرکھا جائے گا تمام اقلیتیں ہر قسم کے تشدد سے محفوظ ہوں گی عمران خان کامیاب ہو گا پاکستان کامیاب ہو گا انشاء اللہ۔
لیکن دیکھ کاشف مجھے تیرے کپتان پہ اعتبار نہیں ہے یہ نہ پہلے کبھی استقامت دکھا سکا ہے اور نہ شاید اس فیصلے پہ قائم رہ سکے کیونکہ بہت بڑا رسکی فیصلہ لیا ہے آپ کے کپتان نے۔
بھائی آپ میرے کپتان سے خدا واسطے کا بیر رکھتے ہیں آپ نے میرے کپتان کو کبھی سمجھا ہی نہیں خان کی استقامت سے زمانہ واقف ہے وہ جہاں ڈٹ جاتا ہے پاکستان کی بہتری کے لئے جو فیصلہ کر لیتا ہے اس سے کبھی پیچھے نہیں ہٹا۔
کاشف اس بار تجھ سے پکا وعدہ رہا اگر آپ کا کپتان پاکستان کی ترقی کے لئے کئے گئے فیصلے پہ ڈٹ گیا تو ہماری نظر میں تم اور تمہارا کپتان دونوں تبدیلی لانے والے “عظیم لیڈر” ہو نگے.

Advertisements
julia rana solicitors

کاشف کیا وجہ ہے آج اتنے پریشان کیوں ہو تم؟؟
بھائی نہ میں لیڈر بن سکا ہوں نہ میرا کپتان، پاکستان تبدیل نہیں ہو سکتا ،میں آپ سے شرمندہ ہوں میں پڑھنے کے لئے جا رہا ہوں۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply