میں تو چلی چین /ماؤ پر ایک حیرت انگیز کتاب (قسط28) -سلمیٰ اعوان

بالعموم گھر رشتے داروں کے ہوں یا گہری دوستوں کے۔ میرے لیے صرف چند گھنٹے ہی وہاں گزارنے راحت و مسرت کا باعث ہوتے ہیں۔زیادہ دیر رُکنا عذاب بن جاتا ہے۔اگر مجھے کچھ حاصل وصول ہونے کی توقع نہ ہو۔اور یہ حاصل وصول ہے کیا؟کسیِ صاحب ِ علم شخصیت کی قربت کہ اس سے علم میں اضافے اور ذہن کے روشن ہونے کا امکان ہو یا پھر کسی موضوع پر لکھنے کے لیئے مواد درکار ہو اور اس کے پانے کے بھی آثار ہوں۔

بیجنگ کے ڈی آر سی (ڈپلومیٹک ریذیڈنسی کمپاونڈ) میں تسنیم کا گھر میرے لیے اسی مقصد کے حصول کا ذریعہ تھا ۔اور میرا دل وہاں فرحت اور آسودگی محسوس کرنے لگا تھا کچھ ویسی ہی جو مجھے اپنے گھر میں محسوس ہوتی تھی۔گھرانہ چار افراد پر مشتمل تھا۔دو بچے اور میاں بیوی۔ سب کے سب محبت اور اپنایت میں گندھے ہوئے۔

تکلّفات والے سارے لازمے میں نے اُٹھا کر طاقچے پر رکھ دیئے تھے۔شام میں جب ڈاکٹر ارشد قیلولہ لینے کے بعد فریش ہوجاتا۔ میرا اکثر اُوپر جانا لازمی ہوتا۔وہ تو چائنہ پر پوراانسا ئیکلوپیڈیا تھا۔علم ، ادب ، تاریخ اور معاشی ترقی کے اُن سب مشکل مرحلوں سے آگاہ جو اس ملک کی قیادت کو پیش آئے۔ جنہیں انہوں نے اور قوم نے جھیلا۔ وہ اُن خوابوں سے بھی آگاہ تھا جو قیادت نے اپنی قوم کو دکھائے اور جن کی تعبیروں کے لیے انہوں نے قربانیاں دیں اور جن کے شریں ثمرات سے اب چینی قوم مستفیض ہو رہی ہے۔
ظاہر ہے جب جب ہماری نشست جمتی۔کبھی کبھی بات پاکستان سے بھی شروع ہوجاتی۔اس دن بھی ایسے ہی ہُوا۔میں تو ویسے ہی ہر وقت تتے توے پر بیٹھی رہتی تھی۔پھٹ پڑی تھی۔کرپشن کرپشن سُنتے سُنتے کان پک گئے ہیں۔ نیا پاکستان بنانے والوں نے تو لگتا ہے کوئی اور سبق پڑھا ہی نہیں۔ بس اسی کا ڈھنڈورا پیٹے جاتے ہیں۔

‘‘ارشد تمہیں یاد ہوگا چند ماہ پہلے ہمارے وزیر اعظم کا دورۂ چین بھی اسی تذکرے کے گرد گھوما اور اس کا چرچا بھی خوب رہا۔یہاں اُن کی کرپشن کے خلاف کی گئی حسرت آمیز تقریر بھی ہائی لائٹ ہوئی۔قطع نظر اس کے کہ وہ تقریرصحیح تھی یا غلط۔برسر موقع تھی یا نہیں۔ اہم چیز یہ ہے کہ کیا واقعی حقیقت میں ایسا ہی ہے جیسا کہ وزیر اعظم نے فرمایا تھا۔’’
ارشد کے لیے میری اس طرح کی دل سوز قسم کی جذباتی باتیں سُننا معمول کا چلن تھیں۔ میرے اس سوال پراس نے آہستگی سے کہا۔
انگریزی محاورہ ہے۔
There is more to it than meets the eye.
کے مصداق دیکھنے کی چیز یہ ہے کہ کیا چین کی تمام تر ترقی صرف کرپشن کے خلاف جنگ کی مرہون منت ہے یا اس کے کچھ اور بھی پہلو ہیں۔ ہم آج کے چین کو دیکھ کر آہیں بھرتے اور اُن کی ترقی پہ رشک کرتے ہیں مگر چین 1949ء سے لے کر آج تک ایک لمبے اور نہایت تکلیف دہ سفر سے گزرا ہے۔

وہ اُٹھا! لاؤنج میں کتابوں کے شیلف سے ایک کتاب نکالی اور میری طرف بڑھاتے ہوئے بولا۔
‘‘ پہلے اسے پڑھیں۔پھر بات کریں گے ۔’’
یہ ماؤزے تنگ کے ذاتی معالج ڈاکٹر Li Zhisuiکی کتاب The Private life of Chairman mao تھی۔ دو دن اُسے پڑھتی رہی۔سچی بات ہے میرے تو چودہ طبق روشن ہوگئے تھے۔
ڈاکٹر لی Liکو ماؤ کے ذاتی معالج کی حیثیت سے قریباً 26سال اقتدار اور اقتدار کی غلام گردشوں میں ہونے والے تمام معمولات کو بے حد قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔1976ء میں ماؤ کی وفات کے بعد کچھ عرصہ سزا کے طور پر اُن کو مشقتی کیمپ میں بھی کام کرنا پڑا ۔یہاں سے اُن کی جان تب چھوٹی جب ڈینگ یاؤپنگ کی اقتدار پر مکمل گرفت ہوگئی۔
ڈاکٹر Liکو نشے کی حد تک روزنامچہ لکھنے کی عادت تھی۔ انھوں نے ان تمام ماہ وسال کے بارے جو انھوں نے ماؤ کے معالج کی حیثیت سے گزارے اس روزنامچے میں محفوظ کیے۔ بعد میں ڈاکٹر لی لگ بھگ 1988ء میں امریکہ منتقل ہوگئے ۔جہاں اُنھوں نے اپنی یاداشتوں کو ایک کتا ب کی صورت میں شائع کرایا۔

‘‘ڈاکٹر صاحب ،مجھے لگتا ہے کہ اگر ہمارے محترم وزیر اعظم اِس کتاب سے کچھ راہنمائی لے لیتے تو شاید ان کی تقریر مختلف ہوتی۔’’
ڈاکٹرارشد کھلکھلا کر ہنسے۔
‘‘ہمارے حکمرانوں کو کتاب سے کوئی دلچسپی ہو تو پڑھیں گے۔آکسفورڈ کے پڑھے لکھے وزیر اعظم کا جنرل نالج حد درجہ قابل رحم ہے۔ایسی ایسی بونگیاں چھوڑتا ہے کہ افسوس ہوتا ہے۔ویسے یہ صورت کچھ ہمارے حکمرانوں کے ساتھ ہی نہیں امریکہ جیسے ملک کے حکمران بھی کبھی کبھی ایسی ہی احمقانہ یا وہ گوئیوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔’’

میں بھی اوّل درجے کی احمق اور جذباتی عورت ہوں۔ کتاب نے ماؤ کے اُس تراشیدہ بت کو جو میرے تصور نے زمانوں سے گھڑ رکھا تھا، میں دڑاریں ڈال دی تھیں۔ مضطرب ہوگئی تھی۔سچی بات ہے مجھ سے وہ سب حماقتیں ہضم ہی نہیں ہورہی تھیں۔جو ماؤ سے سرزد ہوئیں۔ایک بار پڑھنے کے بعد اُسے دوبارہ پڑھاتھا ۔اور اب بیٹھی ڈاکٹر ارشد سے تبادلہ خیال کررہی تھی۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ چیئرمین ماؤ ایک نہایت کرشماتی اور سحر انگیز شخصیت کے مالک تھے۔ اُن کی قیادت میں چینی کیمونسٹ پارٹی نے چیانگ کائی شیک کی حکومت کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ۔جس کے نتیجے میں 1949ء کو چین میں کیمونسٹ حکومت قائم ہوئی ۔ ماؤ نے کیمونسٹ پارٹی کے لیڈر کی حیثیت سے چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔1949ء سے 1976ء میں ماؤ کی وفات تک اُنھوں نے چین او رکیمونسٹ پارٹی پر اپنے اقتدار کی گرفت ڈھیلی نہ ہونے دی اور نہ ہی کسی ایک کو آگے آنے کا موقع دیا۔
‘‘یہ سب باتیں اپنی جگہ اہم مگر میں کیا کروں۔ ’’
میری جذباتیت پر انہوں نے رسان سے کہا ۔
‘‘ انسان خواہ عام ہو یا عظیم ہو۔خوبیوں خامیوں کا مرقع ہے۔بس تناسب کا فرق ہوتا ہے۔اب چواین لائی اور ماؤ کا تقابلی جائزہ لیں تو شخصی اور انتظامی خوبیوں میں اس کا پلڑا بھاری ہے۔تاہم ماؤ کے کارنامے اپنی جگہ بہت اہم ہیں۔دراصل ماؤ بنیادی طور پر دیہی چین کے خوش حال کسان خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔گھر والے انہیں حساب کتاب میں مکمل دسترس والے مضامین میں طاق کرنا اور اپنے فارم ہاؤس پر کام کرتے دیکھنا چاہتے تھے۔ مگر لڑکا تومارکسزم اور لینن ازم کا پرستار بن چکا تھا ۔اُسے تو لونگ مارچ جیسا عظیم اور تاریخ میں مثال بن جانے والی جدوجہد کی سربراہی کرنا تھی۔چینی کیمونسٹ پارٹی کی قیادت کا بوجھ اٹھا کر اِس آزاد ہونے والے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی تھی۔اور اس نے ایسا کیا۔

کیمونسٹ IdeologyاورIntellectual Capacity کے لحاظ سے وہ کافی مضبوط تھے۔ لیکن مکمل اقتدار کا نقصان یہ ہوتاہے کہ انسان اپنے آپ کوعقل کُل سمجھنے لگ جاتا ہے ۔تنقید کو گوارا نہیں کرتا ۔یہی صورت ماؤ کے ساتھ ہوئی۔ صورتحال مزید ابتر ہوجاتی ہے جب آپ تمام تر اختیارات اپنی ذات میں مرتکز کرلیتے ہیں۔چونکہ ماؤ اب بلا شرکت غیرے چین کے مطلق العنان حکمران تھے۔ اُن کو بھی اپنے آپ کو عقل کُل سمجھنے کا مرض لاحق ہوگیا تھا۔

سال1957ء روس میں کیمونسٹ کانفرس کے اختتام پہ ماؤ نے اعلان کیا کہ وہ Great Leap Fowardکے نام سے ایک مہم کا آغاز کررہے ہیں۔اس کے نتیجے میں چین میں سٹیل کی پیداوار 15 سال کے عرصے میں برطانیہ کے مقابلے پر دوگنی اور زرعی پیداوار چوگنی ہوجائے گی۔یہ ایک نہایت بودی او ر سطحی درجہ کی سکیم تھی جس کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہ تھا۔ یہ تمام تر ماؤ کے تخیلات پر مبنی تھی۔

اور بس یہاں میری جذباتیت نے مجھے سان پر چڑھا دیا تھا۔آخر اس کے اتنے دانا ساتھی چواین لائی،Zhou Enlai جیسے کتنے ہی تھے۔ کوئی اتنا جی دار اورجیالا نہ تھا جو اعتراض کرتا کہ ایسا مت کرو۔۔یہ تباہی کی طرف جانے والا راستہ ہے۔

ارشد نے گہری مسکراہٹ سے مجھے دیکھا اور کہا۔
‘‘مخالفت تو ہوئی۔سمجھدار لوگوں نے کھلم کھلا کہا۔ احتجاج اور ردِّعمل کی ایک صورت مزاحمتی شاعری کی صورت میں بھی سامنے آئی۔چونکہ اقتدار پر گرفت بہت سخت تھی ۔ دماغ میں خناس بھی بھر گیا تھا۔ تو ان تمام لوگوں جنہوں نے اس بودی اور بے ہنگم مہم کی مخالفت کی اُنہیں غدّار کہنے میں پل نہیں لگا۔اُن پہ کرپشن کے الزامات لگائے گئے ۔اُن کو بیرونی طاقتوں کا ایجنٹ ٹھہرایا گیا۔ اُن سب کو اذیت ناک قید کی سزائیں دی گئیں۔

اس تمام مشق کا مقصد یہ تھا کہ ماؤاپنے مخالفین کو اپنے سامنے سے ہٹاناچاہتے تھے۔ ان کو دوسروں کے سامنے عبرت کی مثال بنانا چاہتے تھے۔ اِس میں وہ کامیاب ہوئے۔

میں سُن رہی تھی مگر وہ لمحے بھی میرے سامنے تھے۔ جب میں یہ سب پڑھ رہی تھی۔چند لمحوں کے لیے کتاب میں نے بند کردی اور خود سے کہا تھا بس ایسے ہی اور یہ سب تماشے میرے ملک میں بھی ہوتے رہے ہیں اور ابھی بھی ہورہے ہیں۔ میرے ملک کے بھی کرشماتی شخصیت کے مالک لیڈر نے یہی کیاتھا ۔راتوں رات اپنے ایک حکم سے تیزی سے صنعتی ترقی کی طرف گامزن ملک کو قومیانے کی پالیسی پر چڑھا کر اس کی صنعتوں کا بیڑہ کردیا۔ملک ساٹھ کی دہائی میں عروج کے جو پوڈے چڑھا تھا وہ آنے والی دہائیوں میں سب اُتر کر نیچے زمین پر آگیا۔

جب تمام مخالفین کا بندوبست ہو گیا تو بڑی دھوم دھام سے گریٹ لیپ فاروڈ کا آغاز ہوا۔پھر وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔پورے چین میں دیسی بھٹیاں لگا ئی گئیں اور کیمونسٹ پارٹی کے عہدے داران نے عام چینیوں کے روز مرہ استعمال کے برتن اور اُن کے گھرمیں موجود لکڑی کی ہر شے اُن بھٹیوں میں جلا کر راکھ کروادی۔ اب ان عام دیسی بھٹیوں میں اعلیٰ  درجے کی سٹیل توکیا بننی تھی اُلٹا عام چینیوں کے گھروں میں برتن بھی نہ رہے۔ زرعی اصلاحات کا بھی حال کچھ ایسا ہی ہوا۔ جب سارے چین کوسٹیل پیدا کرنے پہ لگا دیا تو اُس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کسان کھیتوں سے فصل تک نہ سمیٹ سکے۔ اور ساری کی ساری فصلیں ضائع ہو گئیں ۔

1961ء تک چین شدید قحط کا شکار ہو گیا ۔ اس تمام تر عر صہ میں چیئر مین ماؤ کو سب اچھا ہے کا ڈرامہ بھرپور طریقے سے دکھایا گیا ۔اِس میں بدترین کردار لین پناؤ اور جیانگ چھینگ کا تھا۔جنہوں نے ماؤ کو خدا اور دیوتا کا روپ دے کر اپنے مقاصد پورے کیے۔پارکنسن کی بیماری بھی ساتھ چمٹی ہوئی تھی جس نے خوشامدیوں پر اعتماد بڑھا دیا تھا۔ ظاہر ہے کہ ہر ایک کو اپنی جان عزیز تھی۔

جب صورتحال اِس قدر سنگین ہو گئی کہ بیجنگ کے شہریوں نے بھوک کی وجہ سے گھروں سے نکلنا چھوڑ دیا تو ماؤ کو احساس ہوا کہ  اُن کی بے سوچی سمجھی اور بیہودہ مہم نے ایک عام چینی پہ کیا ظلم ڈھایا ۔ تب اُنھوں نے خود باہر نکل کے مخالف صوبوں کے دورے کیے تو اندازہ ہو گیا کہ کس وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ چیئر مین اپنی غلطی تسلیم کرتے اور اہل لوگوں کو آگے لاتے تا کہ حالات کچھ بہتر ہوتے۔ مگر یہ اقتدار اور اس کا نشہ ایسی ظالم چیز ہے کہ انسان ہر حد پار کر جاتا ہے۔

اب ماؤ کے اشارے پہ ایک اور مہم شروع کی گئی ۔ بے خبر چینی عوام کو ایک نئی گولی یہ دی گئی کہ سکیم تو بہت اعلیٰ  تھی اور چیئر مین کی نیت بھی لیکن کمیونسٹ پارٹی کے عہدیداروں کی کرپشن کی وجہ سے یہ ناکام ہو گئی ۔ یہ تمام کرپٹ عہدیداران اِس ناکامی کے ذمہ دار ہیں۔ ایک دفعہ پھر سے وہی ڈرامہ دہرایا گیا ۔ فرق صرف یہ تھا کہ تب سکیم کے مخالفوں کی سر کوبی کی گئی۔ اب یہ تلوار اُن پہ چلی جنھوں نے اِس سکیم کی کامیابی کے لیے انتھک محنت کی۔ اب اگر بیج ہی خراب ہے تو فصل نہ ہونے پربے چارے کسان کا کیا دوش؟

اِس دفعہ اِس مہم کو ماؤ کی بیگم چیانگ چھانگ Jiang Qing نے لیڈ کیا اور پارٹی عہدیداروں کی بلی چڑھانے کے لیے طلباء کو استعمال کیا گیا ۔ثقافتی انقلاب(Cultural Revolution )کے نام پہ طلبا  نے وہ تباہی مچائی کہ خدا کی پناہ۔کس بے دردی سے 50,50 سال کی عمر کے کے لوگوں کوکل کے لونڈوں نے سڑکوں پہ گھسیٹا۔انہیں مارا پیٹا ۔ان کی تذلیل کی۔ یہ ایک الگ المناک داستان ہے۔
اور نعرہ کیا تھا؟ کرپشن کے خلاف جنگ ۔ کیمونسٹ پارٹی کے عہدیدار کرپٹ تھے۔ اُن کو سزا دینا لازم۔ لیکن نتیجہ کیا نکلا وہی ٹھاک کے تین پات۔ جب اہل افراد کو کھڈے  لائن لگا دیا جا ئے اور کرپشن کی تلوار ہر ایک کے سر پر ٹانگ دی جائے تو کسی نے کام خاک کرنا ہے۔ مختصراً یہ کہ چین کے حالات دگرگوں تھے۔ جب تک اقتدار چیرمین ماؤ کے اختیار میں رہایہ ایسے ہی رہے۔ پھر جب چیئرمین کا 1976 ء میں انتقال ہو گیا۔ ایک نئی قیادت کو اُبھرنے کا موقع ملا تو چین کا صحیح سمت میں سفر شروع ہُوا۔

ازدواجی زندگی میں چار بیویاں تو ریکارڈ پر ہیں۔دو تو مر گئیں۔ایک کو طلاق دے دی۔چوتھی جو فلم اور آرٹ سے متعلق تھی۔ 1976تک چلی ۔ امور مملکت میں چار کے ٹولے کا ایک اہم رکن تھی ۔یہ چار کا ٹولہ کون لوگ تھے؟کیمونسٹ پارٹی کے بڑے اور سرکردہ لوگ چھانگ چھون چھیاؤZhang Chunqiao ،وانگ ہونگ ونWang Hongwen،یاؤ ون یوآنYao Wenyuanاور چوتھی ماؤ کی بیوی لیڈنگ لیڈی۔ ثقافتی انقلاب کی سرگرمیوں میں بھی چیانگ چھانگ Jiang Qing کی مرکزی حیثیت تھی۔
چاروں خبیث ،شیطانی خصلتوں کے مالک، اقتدار عہدوں کے بھوکے انسانوں اور انسانیت کے قاتل ہی سمجھے جاتے تھے۔

ان کے علاوہ بے شمار کیا لاتعداد عورتیں اور لڑکیاں جو ایک عظیم انقلابی لیڈر کے طور پر اُس کی پوجا کرتی تھیں۔اُسے اوتار کا درجہ دیتی تھیں۔ اس کی ہوس کا شکار ہوئیں۔کہہ لیجیے جنسی لحاظ سے شخصیت مریضانہ تھی۔جنسی خواہش کا ہر وقت اسیر رہتا تھا۔ لڑکے بھی استعمال میں تھے۔یہ دور بھی چینی تاریخ کا بھیانک دور تھا۔

ذاتی زندگی بارے بھی بہت باتیں تھیں۔بدنی صفائی میں بڑی چور شخصیت تھی۔نہانے سے چڑتا۔لباس تبدیل کرنے اور دانتوں کی صفائی کے سلسلے میں لاپرواہی بہت تھی۔

شخصیت میں تضادات تھے۔جوتے اور کپڑوں میں پیوند لگتے مگر جوتے انتہائی قیمتی ہوتے۔گو پرانے جوتوں میں آرام محسوس ہوتا اور نئے تنگ کرتے۔ حتیٰ کہ ملازم یا ساتھی انہیں پہن کر کھلا نہ کردیتے ۔کپڑوں کی رفوگری میں بھی جو کپڑا استعمال کیا جاتا وہ شنگھائی سے اعلیٰ اور بہترین ٹکڑوں کی صورت میں آتا۔ایک ایسے وقت میں جب چین میں رہائش بہت بڑا مسئلہ تھا کہ بڑے بڑے خاندان ایک کمرے میں رہنے پر مجبور تھے۔ماؤ کی رہائش سپر کلاس ہوتی۔لائف سٹائل ،بودوباش اور کھانا پینا سب بہت امیرانہ تھے۔

ارشد سے میں نے اس کی ذات کے اِن دونوں پہلوؤں کا موزانہ لینن کی ذات سے کرتے ہوئے کہا۔
لینن اس کا لیڈر تھا۔ساری زندگی کرپسکایا جیسی بیوی کے ساتھ گزارنے والا جو اس کی رگ رگ سے واقف اور حد درجہ مزاج آشنا تھی۔لینن نے بڑے بڑے خواب دیکھے تھے مگر اس کی ذ ہنی سوچ،کام کا طریق کار اور اس کی ادائیگی سبھی سائنسی انداز کے تابع تھے۔روس میں قحط سالی کے دنوں میں جب کارکنوں کو کھانا راشن پر ملتا تھا۔ملک بھر سے لینن کو گوشت ،پھلوں،سبزیوں اور بیکری کی اشیاء تحائف کی صورت آتی تھیں جنہیں وہ ہمیشہ فوراً اسپتالوں اور بچوں کے اسکولوں میں بجھوا دیتا۔
ایک دن اس کی بہن ماریا ایلنچنا Ilyinichnaنے کہا۔
‘‘ولوڈایا تم کچھ اپنے لیے بھی رکھ لیا کرو۔تم بھوک سے کمزور ہوتے جارہے ہو۔انقلاب کی کامیابی کو تمہاری صحت کی ضرورت ہے۔’’
‘‘میں کچھ نہیں کھا سکتا۔مجھے علم ہے کہ میرے کارکن اور میرے لوگ اور بچے بھوکے ہیں۔’’

‘‘بہتر ہوگا کہ آپ چو این لائی سے اس کا مقابلہ کریں۔’’ڈاکٹر ارشد بولے۔
میر ا تو جی چاہتا ہے کہ میں اپنی پوری قوم کو یہ کتاب پڑھواؤ ں اور اُن کو بتاؤں کہ ملکوں کی سیاسیات، اقتصادیات اورمعیشت کے مسائل اتنے سادہ نہیں ہوتے جتنے ہمارے لیڈر ہم کو بتاتے ہیں۔

بجائے ہر وقت کرپشن کی ڈگڈگی بجانے کے اور اپنی تمام تر ناکامی کا ملبہ میڈیا یا اِدھر اُدھر ڈالنے کے اگر ہماری حکومت مسائل کو صحیح معنوں میں سمجھنے کی کوشش کرے ۔پھر اُن کے حل کے لیے اہل افراد کو ذمہ داریاں سونپے ۔ اُن کو کام کرنے کی آزادی دے ۔تب تو ہمارے حالات سدھرنے کی کوئی اُمید ہو سکتی ہے۔ وگرنہ اُلٹے سیدھے راگ الاپنے سے نہ تو کبھی مسائل حل ہوئے ہیں اور نہ کبھی ہونگے ۔بھلے ہی آپ 500 لوگوں کو چھوڑ پانچ لاکھ لوگوں کو پھانسی لگا دیجیے۔

Advertisements
julia rana solicitors

جاری ہے

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply