چہار درویشنیں ۔۔شفیق زادہ/قسط3 — ’ ازدواجی کیر م بو رڈ ‘

تعارف ‘ چہار درویشنیں ‘
’’حالات کے بے رحم تھپیڑوں پر جیتے، خود ناراضی کا شکار اپنے آپ سے لڑتےایک ایسے شخص کی کہانی جس نے زندگی سے انتقام لینے کی ٹھانی ہوئی تھی، چاہے اِس کوشش میں چاہت اور چہیتے ہی کیوں نہ بھسم ہو جائیں۔ جدید دور کی ایکتا کپوری ٹرینڈچار شرعی بیویوں کا دھماکہ خیز اتحاد، جس نے راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کا تورا بورا کرنے کی ٹھانی ہوئی تھی۔ رومانویت اور مزاح کا حسین امتزاج، جس میں چار بیویاں اپنے اکلوتے شوہر پر دعویدار ہیں۔ چہار درویشنیں حالات کا وہ آئینہ جس میں ہر مرد کو اپنی عکسی خواہش نطر آسکتی ہے جسے مسخ کرنے کے لیے زنانہ بریگیڈ بھی میسّر ہوتی ہے ۔ ‘‘

چہار درویشنیں ۔۔شفیق زادہ/قسط2 — ’ پری کہانی ‘

 

قسط نمبر 3 ۔

ازدواجی کیر م بو رڈ!

اور یہیں سے شروع ہوتی ہے خالو کی ’ درگت دی گریٹ‘ ۔ اگلے سال موسلا دھار بارشوں کے بھیگے موسم میں دونوں خالاؤں نے مل کر ’ نیو گھر آرڈر‘ کی سازش میں ایک اور ٹیم ممبر کا اضافہ برداشت کرلیا۔ سوتنوں کی اِس تگڈم نے چنڈال چوکڑی کا روپ دھارنے میں صرف چند ہی مہینے اورلیے۔چھوٹی والی نے اپنی کمسنی اور نسب میں چھوٹے خاندان کے بَل پر خالو کی ہنڈیا سے بچا کچھا مال ملیدہ صرف اپنے ہی نام کرنے کی جو سعئ نا تمام کی، وہ تگڈم نے تِگڑم لڑا لڑا کر کمالِ صفائی سے ناکام بنا دی۔ پھر ہوا یوں ریاست کے تین ستونوں، مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں آج کل جس بدمعاشی اور دھڑلّے سے میڈیا گھس آیا ہے، اِسی کی نقّالی پر چھوٹی نے بھی شروع شروع میں اندرونِ خانہ کا انتظام و انصرام اپنے ہاتھ میں لینے کی دفعہ 245 والی غیر جمہوری کوشش کی۔ اُس کے انداز اور ہتھکنڈوں کو پہلے تو ’مثلثِ افواجِ ازواج ‘نے نظراندازی کے اوزار سے قابو کرنے کی کوشش کی، جس کو محترمہ غنیم ( دشمن ) کی پسپائی سمجھ بیٹھیں اور ناز اور نخرہ کے مصالحے سے پورے گھر پر سکّہ جمانے کی نامرادکوشش شروع کی۔

اُ ن کاگمان تھا کہ میاں جی کے دل میں اگر پُرانی والیوں کے لیے مزید گنجائش ہوتی تو بھلا مفتوحہ کرنے کے لیے منکوحہ بناکر رال گراتے میرا گھونگٹ اُٹھانے اور ’نتھ سیریز‘ ناولوں کی ٹریڈ مارک رسم کی ادائیگی کی زحمت کیوں گوارا کی جاتی۔ اس خود پسند خود اعتمادی نے اُنہیں کوئی نفع تو نہ پہنچایا، مگر تجربہ کار سوتنیں کلا بتّو کی طرح اُٹھتے بیٹھتے اُلجھنے لگیں۔ وہ جب شوہرِ نامدار سے مدد کی طالب ہوئیں تو ٹکاسا جو جواب ملا، اِس کا مطلب اُنہوں نے یہی اخذ کیا کہ میرے، تمہارے اور ہمارے تعلقِ زن و شو میں کوئی کجی ہے تو اظہار کرو، عاجز ہر ممکن راحت بہم پہنچانے کی سعی کرے گا۔ ازدواجی حد بندی کے باہر کے تمام معاملات میں کسی طرح کی دخل اور عمل بشمول حمل ،بندۂ عاجز کے دائرہ ء  افکار اور اختیار سے ماورا ہے۔ جو کچھ سمجھانے کی کوشش کی گئی تھی، اُس کے لیے اِس مکھن چپیڑ مشکل لشکری زبان کی ضرورت ہرگز نہ تھی، جو کہ نائیکاؤں اور بازارِ حسن کے دلالوں اور بھاڑوؤں نے بھی عرصۂ دراز ہوا ترک کردی تھی۔ آسان سا مطلب تھا ’ہم تم ہوں گے، بادل ہوگا، رقص میں سارا جنگل ہوگا‘، دورانِ رقص اگر پیروں پر نظر پڑجائے تو تمہارے آنسوؤں میں ہمیں کوئی دلچسپی نہیں۔ مشکل الفاظ کھرچ کھرچ کر جو مطلب واضح ہوا تو یہ کہ تم اپنی جنگ لڑو اور ہمیں طلبِ نشاط سے عاجز نہ کرو کہ زندگی کے دن چھوٹے سہی، مگر راتیں طویل بنائی جاسکتی ہیں۔ اس تعمیری کام میں اگر مدد کرسکو تو ٹھیک، ورنہ۔۔

ہم  ہیں راہی پیار کے ہم سے کچھ نہ بولیے
جو بھی راہ میں ملا ہم اُسی کے ہولیے

چھوٹی خالہ کو خود سے سینئر تینوں سکھی سہیلیوں کے مزاحمتی عزم دیکھ کر ماجرا سمجھنے میں زیادہ عرصہ نہیں لگا۔ مستقبل قریب میں تنہا رہ جانے کا غم اور آنے والی مہیب تنہائی کے احساس نے اُنہیں سُجھا دیا کہ بقا کے لیے سہاگ نہیں، بلکہ کھٹ راگ کی ضرورت ہے ،جس کے لیے جوگنوں کا جھمگٹا جوائن کرنا ہی پڑے گا۔ وہ بغیر کسی مزید حیل و حجت ،پکّے آم کی طرح ٹپک کر اِس گروہ برائے تحفظِ حقوق سوتناں میں شامل ہوگئیں، جس پر فی الوقت شوہر کے نسیان کا پردہ گرا ہوا تھا۔

خالو حضور اسٹیٹ بینک کی پالیسیوں پر اکثر سر دُھنتے تھے کہ جس نے نوٹوں پر اکسیر جملہ لکھوایا، ’حامل ہذا کو مطالبہ پر ادا کرے گا‘۔ ہر خالہ کو یہ حکم تھا کہ نکاح نامہ کی ایک مائکرو کاپی تعویذ ی موم جامے میں باندھ کر منگل سوتر کی طرح ہر وقت اپنے گلے میں طوقِ سہاگن بنا کر لٹکائے رکھیں ۔ خود خالو بھی چار مائکرو نقلیں تیار کرا کر ہمہ وقت شلوار کی جیب میں رکھتے تھے۔ انہوں نے بشری اور بدنی کمزوری کی وجہ سے خاص اہتمام کیا تھا کہ ہر نقل پلاسٹک کوٹڈ مگر نوکدار کونے والی نہ ہو۔ تمام خالاؤں کو شادی کی پہلی رات ہی معجل اور موجّل مہر بہ صورت زور و زبر دستی یعنی رضا بالجبر ہڑپ کرنے کے بعد اگلی ہدایت براۓ خوشگور ازدواجیات مذکورہ کرنسی نوٹ کی اکسیر عبارت کے مطابق دیتے کہ اب خالاؤں کی نتھ اور نکیل اُن کے ہاتھ میں تھی اور یہ معاملہ عین حلال بھی تھا۔ نکاح اور نکاح نامہ کی موجودگی میں تمام خالاؤں کے لیے اسٹیٹ بینک کی کرنسی ادائیگی والی پالیسی پر عمل کرنا لازمی قرار تھا۔ وہ اکثر اپنے دوستوں کے حلقے اور خالاؤں کی سہیلیوں کے جھرمٹ میں خود کو حاملِ ہذا سے متعارف کرواتے اور انگشت شہادت کا اشارہ موقعۂ واردات پر موجود کسی خالہ کی طرف ہوتا۔

جلدہی خالو نے گھر میں کیبل ٹی وی کا کنکشن لگوا لیا تھا، اُن کے خیال میں دو سو روپے میں لاکھوں کے مزے، سودا مہنگا نہیں تھا۔ یہی سب دیکھنے کے لیے ہی تو جاگیر سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔ کاش! اِس قسم کی ٹیکنالوجی کچھ عرصہ پہلے آجاتی تو کوٹھے جا کر گانا سننے اور ناچ اور نیچا گریبان دیکھنے کے شوق میں مال ومتاع نہ لٹانا پڑتا۔ اب ایکتا کپوری انڈین ڈرامے دن میں خالاؤں کی عملی تربیت اور انگلش بے ہودہ قسم کے لیٹ نائٹ ایڈونچرز خالو کے رت جگے کا سامان تھے۔ ریپیٹ ٹیلی کاسٹ میں تمام خالائیں ایک ساتھ بیٹھ کر منہ بسورتی، شکلیں بناتی، ہنگامہ و ہیجان برپا کرتی بنی سنوری چمکیلی، سجیلی ہیروئنوں کو دیکھ دیکھ کر انسپائریشن لیتیں۔ بعد میں ان ہندی ’ سوپ اوپیراز‘ ڈراموں نے خالو کی دھنائی میں بہت اہم کردار کیا تھا۔ اس ٹریننگ نے گھر کی چار دیواری میں مقیّد خالاؤں کو جو داؤ پیچ سکھائے، ان کی امّائیں اگر دس بار بھی تولّد ہو جاتیں تو بھی ایسی کٹیلی تربیت نہ کر پاتیں۔ اِ ن سیریلز کو اس دور کی ڈسٹنس لرننگ ہی سمجھ لیں کہ گھر بیٹھے سرحد پار سے خود حفاظتی داؤ پیچ لاسلکی ( وائرلیس) لہروں میں بہتے گھروں کے بند دروازوں سے گذر کر بیڈروم تک گھس آئے تھے۔

یہ اسی ایکتا کپوری تربیت کا نتیجہ تھا کہ تمام خالاؤں نے اپنی اپنی باری و بستر کے جھگڑوں سےماورا ہو کر وسیع تر (قومی) مفاد میں ایکتا کر لیا تھا۔
رات بھر کے جگے ہوئے تماشبین خالو کو دن بھر خالاؤں کے نپے تلے اور با مقصد وار سہنے پڑتے۔وہ ہر دومنٹ میں بازار کو دوڑائے جاتے کہ تین نمبر کو سات سو سات نمبر کا صابن اور دو نمبر کوایک نمبر کی مرچی کی ضرورت ہوتی۔ وہ ابھی ایک چکر لگا کر فارغ بھی نہ ہوتے کہ دوسری بیوی کوئی تیسرا کام بتلاکر چکراتے خالو کو چوتھی کے حوالے کردیتی۔ عورتوں کو کم عقل اور بشری کمزوریوں سے بھرپور درجہ دوم کا سماجی جانور سمجھنے والے خالو کو درجہ اوّل کے سماجی جانوروں کی ماداؤں نے سہاگ کے سماجی رشتے سے باندھ کر انور رٹول بنا کر پلپلا کرنا شروع کردیا تھا۔ خالو اپنے ہی پیدا کردہ حالات کے آنول ڈورکا شکار ہوگئے تھے، جو پھندا بن کر اَب اُن ہی کے گلے میں لپٹ رہا تھا۔ ڈاکٹری زبان میں کہیں تو’اِن ٹینگل منٹ‘۔ فلم ’چارلیز اینجلز ‘کے بر عکس خالو کو تین کی بجائے چار خوبرو، مگر خرانٹ خوخیاتی خواتین یعنی مکمل و مستعد بیویوں کے خودکش حقوق حاصل تھے۔

تمام خالاؤں نے اپنی ایکتا اور جوڑسے مل جل کر خالو حضور کی درگت بنا دی تھی۔ حوّا کی بیٹیوں نے شوہر کا ہوّا ختم کرنے کے لیے اِکٹھ کرلیا تھا۔ ویسے بھی اگر غور کیا جائے تو ماننا ہی پڑے گاکہ سانپ سے کوئی کتنا ہی خوف کیوں نہ کھائے، مگر پھر بھی وقت پڑنے پر لاٹھی سے مار مار کربُھرکس نکالنے کو تیار ہونے میں دیر نہیں لگتی۔ لیکن اگر کہیں سانپ کے چار منہ ہوجائیں تو بندہ بشر تو نظر پڑتے ہی غش کھا جائے ۔ یہاں پر تو اُن کا پالا چار انسانوں سے تھا، بلکہ انسان کی سب سے خطرناک شکل عورت سے ، جو کہ بیک وقت منکوحہ بھی تھیں اور سوتن بھی۔ اوّل الذکر صورت میں مفتوح اور بعد الذکر صورت میں ناگن کی خصلت رکھنے والی اِن چہار درویشنیوں نے خالو کو ایوانِ صدر کا مکینِ ممنون بنا کر آئینی اور شرعی حق سے بھی محروم کر دیا تھا۔ اب خالہ اوّل ’ون وومن آرمی‘ نہیں رہیں، بلکہ ’سواٹ‘ ٹیم ممبر بھی تھیں۔ وہ بیک وقت رہنما بھی تھیں اور وقت پڑنے پر رہزن بھی۔

ڈھلکتی عمر کے ساتھ نہ تو خالو کا لونڈیار پن غائب ہوا، نہ ہی شوہرانہ حقوق کی سود خور لالہ کی طرح باقاعدگی سےوصولی کی عادت۔ اِن چاروں کو یقین ہوچلا تھا کہ خالو نے شادی کا بندھن صرف اس لیے گواراہ کرلیا تھا کہ اِس بہانے چار بے زبانوں کو قید و بند کرکے وقت بے وقت مفت میں ازدواجی کیرم بورڈ کے مزے لُوٹ سکیں ۔ مگر اِدھر تو معاملہ ہی اُلٹا ہو گیا اور خالو اسٹرائیکر سے کیرم بورڈ کی کوئن بن کر رہ گئے تھے ۔ چاروں خالاؤں نے ایک ٹیم کی صورت اپنے جوڑ اور جُٹاؤ سے اپنے اکلوتے حاملِ ہذا کی خوب رگڑ گھس شروع کردی۔ رگڑائی اور رگیدنے کے اِس کدّو کش عمل میں نوبت یہاں تک آن پہنچی کہ پہلے سے موجود کوئی بھی پتلون کمر پہ ٹکنے کو تیار نہ تھی اور پیٹی باندھنے کی صورت میں آخری سوراخ پر بھی پتلون بہ مشکل ٹکتی۔ کمر کے لحاظ سے خالو چالیس اورپچاس کی دہائیوں کے ہالی وڈ فلموں کی ہیروئن نظر آتے اور باقی جسامت سے اکیسویں صدی کے گٹکے اور مین پوری کے مارے فرہاد۔ ہر اگلے نکاح کو اپنی مردانہ طاقت کا اعجازسمجھنے والے خالو کو چوتھی بیوی کے چوتھے والے روز ہی احساس ہوگیا تھا کہ اُن کے ساتھ ہاتھ ہوگیا ہے ۔ خالو کے بال اور فطری خواہش تیزی سے کم ہونا شروع ہوگئے۔ جب اِس کمی نے وزن کا رُخ اختیار کیا اور پتلون ڈھیلی پڑنے لگی تو خالو کو ریڈ لائٹ جھلمل کرتی نظر آنے لگی اور وہ سوچنے پہ مجبور ہوگئے کہ کہیں کوئی گڑبڑ تھی۔ ان بیبیوں نے خالو کو شطرنج کابادشاہ کی طر ح کو نہ پکڑوا کر ضیق کرنا شروع کر دیا تھا۔
بے چارہ مرد اور وہ بھی زن گزیدہ، نہ گھر کا رہا، نہ باہر والیوں کا ۔

وقت مُون واک کرتا پھسلتا گیا، جس کے ساتھ ساتھ چہار درویشنیں بھی ایک دوسرے کے نقشِ پا کے تعاقب میں عمر کی منزلیں طے کرتی ادھورے پن کا بوجھ اُٹھائے آگے بڑھتی گئیں۔

(شفیق ذادہ کی ’ چہار درویشنیں ‘ ابھی جاری ہے ، بیچارے خالو گھر والیوں کے ہاتھوں کس خجل خواری سے گذر رہے ہیں ، وہ کثرت ازواج کے شوقین حضرات کے لیے چار سو چالیس وولٹ کے کرنٹ سے کم نہیں ، جاننے کے لیے پڑھیے قسط 04)

Advertisements
julia rana solicitors

مکالمہ ڈونر کلب،آئیے مل کر سماج بدلیں

Facebook Comments

ShafiqZada
شفیق زاد ہ ایس احمد پیشے کے لحاظ سےکوالٹی پروفیشنل ہیں ۔ لڑکپن ہی سے ایوَی ایشن سے وابستہ ہیں لہٰذہ ہوابازی کی طرف ان کا میلان اچھنبے کی بات نہیں. . درس و تدریس سے بھی وابستگی ہے، جن سے سیکھتے ہیں انہیں سکھاتے بھی ہیں ۔ کوانٹیٹی سے زیادہ کوالٹی پر یقین رکھتے ہیں سوائے ڈالر کے معاملے میں، جس کے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ڈالر کی طمع صرف ایک ہی چیز ختم کر سکتی ہے ، اور وہ ہے " مزید ڈالر"۔جناب کو کتب بینی کا شوق ہے اور چیک بک کے ہر صفحے پر اپنا نام سب سے اوپر دیکھنے کے متمنّی رہتے ہیں. عرب امارات میں مقیم شفیق زادہ اپنی تحاریر سے بوجھل لمحوں کو لطیف کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ " ہم تماشا" ان کی پہلوٹھی کی کتاب ہے جس کے بارے میں یہ کہتے ہیں جس نے ہم تماشا نہیں پڑھی اسے مسکرانے کی خواہش نہیں.

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply