• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • سپریم کورٹ:نیب ریفرنسزمکمل کرنے کیلئے احتساب عدالت کو 6ہفتے کی مہلت

سپریم کورٹ:نیب ریفرنسزمکمل کرنے کیلئے احتساب عدالت کو 6ہفتے کی مہلت

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسزمکمل کرنے کیلئے احتساب عدالت کو مزید6ہفتےکی مہلت۔

منگل کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی نیب ریفرنسزکی مدت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ نیب کو مزید کتنا وقت درکارہے جس پرنیب وکیل نے کہا کہ شریف فیملی کیخلاف دیگر 2 ریفرنسزمیں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی۔

چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ کتنے ریفرنس زیر التواء ہیں ایک کا تو فیصلہ ہوچکا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کل 4ریفرنس تھے، ایک ریفرنس اسحاق ڈار کیخلاف ہے ۔

جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار تو مفرور ہے، کیانیب مفرور کو سزا دے سکتی ہے،جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ مفرور ہونے پر سزا ہو سکتی ہے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ کو کتنا وقت درکار ہے،نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ گزشتہ ماہ 2 دیگر ریفرنسزپر پیش رفت نہیں ہوئی، فلیگ شپ ریفرنس میں 16 میں سے 14 گواہان کے بیان ریکارڈ ہو چکے، العزیزیہ ریفرنس میں واجدضیاء پر جرح جاری ہے، واجد ضیاء کے بعد تفتیشی افسر کا بیان ریکارڈ ہو گا۔

نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ مفرورکوسیکشن 31 کےتحت سزا ہوتی ہے، وکیل دفاع نے بہت وقت لیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثارنے استفسار کیا کہ وکیل دفاع کو دلائل دینے سے کیسے روک سکتے ہیں جس پ رشریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں تینوں ریفرنس کا فیصلہ اکٹھا ہو، جج محمد بشیرکو اب بقیہ ریفرنسز نہیں سننے چاہئیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ باربارکہا جاتا ہے عدلیہ نا انصافی کررہی ہے، خواجہ صاحب آپ خود بھی ذہنی سکون چاہتے ہیں،جلدی کیس ختم ہو توآپ کو بھی سکون ملے گا، کئی دن سے میں بھی سکون سے نہیں سو سکا، جس پرخواجہ حارث نے کہا کہ آپ نے خود پر بہت بوجھ ڈال دیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کی مدت کا بیشتر وقت ایون فیلڈ ریفرنس میں صرف ہوگیا، ایون فیلڈریفرنس کا فیصلہ سنادیا ہے،تاہم العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس زیر التواء ہیں،جنہیں نمٹانے کیلئے مدت میں مزید توسیع دی جائے۔

سپریم کورٹ نے جج محمد بشیر کی درخواست منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت کو شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسزمیں فیصلے کیلئے مزید 6 ہفتوں کا وقت دے دیا۔

Advertisements
julia rana solicitors

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں نواز شریف کو نااہل قرار دے کر نیب کو شریف خاندان کیخلاف مقدمات درج کرنے اور 6ماہ میں ریفرنسز کا فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا،اس سے قبل بھی سپریم کورٹ ڈیڈ لائن میں 3بار توسیع کرچکی ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply