تدریسِ مذہب: ہم اور مغرب/ پروفیسر ڈاکٹر محمد شہباز منج

اس اقدام کا محرک اگر لبرلزم ، مذیب بیزاری یا مذہبی افکار و نظریات سے اختلاف ہے، تو ہمارے لبرلز، مذہب بیزار یا مذہب سے اختلاف رکھنے والے بڑے ہی قابل رحم ہیں، جن کو اتنا بھی نہیں پتہ کہ کسی مضمون کی تدریس لبرل علمی دنیا میں بھی کبھی اس بنا پر نہیں روکی گئی اور نہ ہی اس پر قدغن لگائی گئی کہ اس کے مندرجات سے آپ کو اختلاف ہے۔ ہمارے یہ لوگ مغرب کی تقلید کرتے ہیں، لیکن انھوں نے کبھی غور کی زحمت گوارا نہیں کی کہ مذہب جس میں تقریبا ہر جگہ اسلام بھی شامل ہوتا ہے ،مغرب کی ان بہترین یونی ورسٹیوں میں بھی پورے طمطراق سے پڑھایا جاتا ہے، جن کے علمی معیار کے مطابق ہم کسی قطار شمار میں ہی نہیں آتے۔ ذرا غور فرمایے گا۔

Advertisements
julia rana solicitors london

ہماری اسلام آباد کی جس یونی ورسٹی کی ہم بات کر رہے ہیں،کیو ایس ورلڈ یونی ورسٹی رینکنگ میں اس کی اپنی ویب سائیٹ کے مطابق اس کا نمبر 363 ہے۔ (یہ بھی واضح رہے کہ یہ یونی ورسٹی ہمارے یہاں کی ٹاپ تھری یونی ورسٹیوں میں آتی ہے)دوسری طرف کیو ایس ورلڈ یونی ورسٹی رینکنگ میں دنیا کی پہلی پانچ یونی ورسٹیاں علی الترتیب ایم آئی ٹی، کیمبرج ، آکسفورڈ، ہارورڈ اور سٹینفورڈ ہیں۔یہ تقابل ملاحظہ فرمانے کے بعد آپ گوگل سرچ میں جاییے اور اسلام ، اسلامک سٹڈیز، ریلیجیس سٹدیز اور مسلم سٹڈیز وغیرہ سے متعلق پروگرامز کی تلاش کے لیے ہماری 363 نمبر کی یونی ورسٹی اور دنیا کی پہلی پانچ یونی ورسٹیوں کا رخ کیجیے۔آپ حیران رہ جائیں گے کہ ہماری مذکورہ یونی ورسٹی میں ان سے متعلق پروگرام نام کو بھی نہیں ملیں گے، جب کہ دنیا کی ان پہلی پانچ یونی ورسٹیوں میں ان سے متعلق انتہائی رِچ، بھاری بھرکم ، گہرے اور وسیع پروگرام ملیں گے۔ ایم آئی ٹی میں ، اسلام، دی مڈل ایسٹ اینڈ دی ویسٹ، اسلامک آڑکٹیکچر، ریلجیس سٹڈیز، کیمبرج میں سنٹر آف اسلامک سٹڈیز، آکسفورڈ میں سنٹر آف اسلامک سٹڈیز ، ہارورڈ میں اسلامک سٹڈیز پروگرام، ہارورڈ لا سکول میں اسلامک لیگل سٹڈیز پروگرام، سٹینفورڈ میں پروگرام ان اسلامک سٹڈیز وغیرہ میں جاری مختلف پروگرامز کسی بھی طرح وہاں کے نیچرل یا سوشل سائنس کے کسی دوسرے پروگرام سے کم اہم یا کم وسیع نہیں ملیں گے۔ تو جناب عالی حقیقت یہ ہے کہ انھوں نے ترقی ہر علم کو کما حقہ پڑھ کر کی ہے اور اسی نہج پر چل رہے ہیں اور ہم بھیڑ چال ہیں کہ ہر ایک کو سائنس دان اور ڈاکٹر ہی بنانا ہے، نتیجتاً نہ نیچرل سائنسز میں کوئی کارنامہ انجام دے پارہے ہیں اور نہ سوشل سائنسز میں۔ فاعتبرو ا یا اولی الابصار۔

Facebook Comments

ڈاکٹر شہباز منج
استاذ (شعبۂ علومِ اسلامیہ) یونی ورسٹی آف سرگودھا،سرگودھا، پاکستان۔ دل چسپی کے موضوعات: اسلام ، استشراق، ادبیات ، فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور اس سے متعلق مسائل،سماجی حرکیات اور ان کا اسلامی تناظر

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply