چند ماہ قبل ایک دوست کی کال آئی کہ انکے ایک دوست کے لیے رشتہ درکار ہے تم کوئی آپشن بتا سکو تو۔ میں نے پوچھا کیسی لڑکی ہو؟ بھائی کہتے انکی بس ایک ہی ڈیمانڈ ہے کہ لڑکی خوبصورت ہو اور کچھ بھی نہیں چاہیے۔
آپ نے بھی اپنے آس پاس لوگوں کو یہ ڈیمانڈ کرتے سنا ہوگا۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ لڑکی کی خوبصورتی کی جو تعریف انڈین فلمیں اور پاکستانی نیوز چینل و ڈرامے دیکھ کر ہم نے اپنے ذہن میں سیٹ کر لی ہوئی ہے ویسی لڑکی ہزار میں سے ایک دو ہی ہوں گی۔
سنہ 2017 میں مجھے ایم اے اردو پارٹ ٹو کی لڑکیوں کو چند ماہ تحقیق و اصول تنقید کا مضمون پڑھانے کا موقع ملا۔ وہ بڑی باذوق میچور و شاعری سے لگاؤ رکھنے والی کلاس تھی۔ اکثر لڑکیاں سرکاری و پرائیویٹ ٹیچرز تھیں۔ میں نے ان سے کہا کہ آپ نے شاعری میں شاعر کے محبوب کی جو خوبیاں پڑھی ہیں،اُس کے ساتھ اپنے تجزیے و لڑکی کی خوبصورتی کے ہمارے ہاں مروجہ پیمانوں پر ایک اسائنمنٹ بنائیں۔ آپ نے ایک صفحے پر الفاظ میں ایک خوبصورت لڑکی کی تصویر بنانی ہے۔
سب کی اسائنمنٹس اگلے دن ہی جمع ہو گئیں اور انکے مشترکہ پوائنٹس نکال کر ہم نے 20 نکات پر مشتمل ایک خوبصورت لڑکی کا نقشہ بنایا۔
لڑکیوں کی اسائنمنٹس سے جو 20 مشترکہ پوائنٹس نکالے گئے وہ یہ تھے۔
1. لڑکی کا رنگ نیچرل گورا ہو نہ کہ کریموں سے کیا ہوا
2. قد کم سے کم 5.4 ہو
3. موٹی ہو نہ بہت پتلیِ کہ تیلے میں جان ہو، جتنے انچ قد ہو اتنے کلو وزن ہو
4. ماتھا کشادہ ہو بال لمبے ہوں
5. آنکھیں موٹی پلکیں لمبی ہوں
6. ہونٹ باریک ہوں اور پیارے ہوں ایک بڑا ایک چھوٹا نہ ہو
7. منہ گول ہو اور بہت بڑا نہ ہو
8. دانت منہ کے اندر رہتے ہوں اونچے نہ ہوں ایک سائز کے ہوں اوپر نیچے آگے پیچھے ڈنگے چبے بھی نہ ہوں
9. ناک پتلی ستواں ہموار اور لمبی ہو نتھنے کھلے ہوئے نہ ہوں آگے سے بھی ناک باریک ہو، جیسے پیچھے سے ہو
10. گردن پتلی لمبی و گول ہو
11. بیوٹی بون واضح ہو
12. ہاتھ پاؤں پتلے لمبے و خوبصورت ہوں
13. ہاتھوں پاؤں کی انگلیاں و ان کے ناخن لمبے و باریک ہوں گول و چھوٹے نہ ہوں
14. پاؤں کی انگلیاں انگوٹھے سے بڑی ہوں
15. نسوانی حسن بھی واضح ہو
16. سارے فیچرز بیلنسڈ Balanced ہوں۔
17. چلنے میں اعتماد و میچورٹی ہو اچھل اچھل کر نہ چلے
18. جسم پر بال کم سے کم ہوں
19. آواز بھی کلیئر و باریک ہو ناک سے نہ بولتی ہو نہ منہ میں من من کرتی رہتی ہو
20. عینک نہ لگی ہو
میں نے ان سے پوچھا ایسی لڑکی آپ نے کہیں دیکھی ہے؟ سب یک زبان ہو کر بولیں سر ایسی لڑکیاں تو شاعروں کی شاعری، کتابوں یا فلموں ڈراموں کی بڑی سکرین میں ملتی ہیں۔ میں نے کہا نہیں ہمارے آس پاس بھی ہوتی ہیں مگر ہزاروں میں ایک دو اور ہم سبھی رشتہ کرتے ہوئے غالباً ایسی ہی خوبصورت لڑکی کی تلاش میں ہوتے ہیں باقی مطالبات و معیارات ابھی پیچھے ہیں جو ملیں گے تو رشتہ ہوگا۔
لڑکیاں کہتی ہیں سر جی فیر ساڈا کیہہ بنے گا ؟
اسی اپنی گل کریے تے کسے دے دند اچے، کسی دی تون نکی جئی، کوئی کالی تے کوئی چھوٹے قد والی،کوئی پھینی جئی کوئی لمی تے ہے پر موٹی مج سانوں کنے لینا اے ایہو جیاں نوں؟
میں نے کہا مشتاق احمد یوسفی صاحب لکھتے ہیں کہ قدیم فارس موجودہ ایران کے ایک بادشاہ نے اپنی ملکہ کی خوبصورتی کے لیے 40 باتیں لکھوائیں فارس کی ساری سلطنت تلاش کی گئی اور 39 خوبیاں مل سکیں ایک پھر بھی رہ گئی۔ یوسفی صاحب لکھتے ہیں کہ اس 39 خوبیوں والی دوشیزہ میں وہ چالیسویں نہ ملنے والی خوبی یقیناً چال چلن ہوگی جس پر تاریخ خاموش ہے۔
کم و بیش اوپر بیان کیے گئے 20 نکات میں سے 15 تک کو پورا کرنے والی لڑکیاں میرے مشاہدے کے مطابق لڑکوں کو دوستی کرنے کے لیے کالج و یونیورسٹی سے مل جاتی ہیں مگر انکی مائیں جب رشتہ تلاش کرنے نکلتی ہیں تو ایسی لڑکیاں پتا نہیں کہاں غائب ہو جاتی ہیں۔ میری امی کو بھی ایسی لڑکی نہیں ملی تھی۔ نتیجتاً ہمارے ہاں شادیاں لیٹ ہی ہوتی جا رہی ہیں لڑکوں و لڑکیوں کی عمریں خوبصورت لڑکی ڈھونڈتے یا لڑکی کے لیے معیاری گورنمنٹ جاب والا رشتہ۔
ہماری اکثر خواتین بھی اس بات کو بہت بڑھاوا دیتی نظر آتی ہیں۔ کہ بہو یا بھابھی ایسی لاؤں گی کہ سارا خاندان دیکھے۔ جہاں ایک ہی بیٹا ہو تو کہا جاتا ہے۔ ایک ہی تو بہو ہونی منہ متھے لگتی ہو۔ انتہائی سطحی سوچ ہے یہ ویسے۔ اور مطلوبہ منہ متھا تلاش کرتے بیٹے کی شادی بڑی لیٹ ہوجاتی ہے۔
شادی سے پہلے لڑکیوں کی عمر 30 سال سے زیادہ ہوجانا معمولی بات ہو چکی ہے۔
یہ ناچیز کسی کو اب کوئی نصیحت نہیں کرنا چاہتا کہ کون کسی کی آج سنتا ہے۔ کچھ احباب میرا لکھا پڑھ لیتے ہیں تو ان سے کچھ دل کی باتیں و تجربات شئیر کر لیتا ہوں۔
اگر آپ پوسٹ پڑھتے ہوئے یہاں تک آ گئے ہیں آپ خود یا آپکا کوئی دوست خوبصورت لڑکی کی تلاش میں ہے تو میری آپ سے بس ایک گزارش ہے کہ بہت زیادہ خوبصورت بیوی والے چند بھائیوں سے ایک بار مل لیں اور پوچھیں کہ میاں کیسی گزر رہی ہے؟
اور پھر ان سے بھی مل لیں جن کی بیویاں ہمارے معیارات کے مطابق بالکل کوجھی کالی یا سانولی ہیں اونچے دانتوں والی ہیں موٹی ہیں چھوٹے قد والی ہیں کم پڑھی لکھی ہیں جاب والی نہیں۔ یہ آپکو بہتات میں ملیں گے اپنی ہی بہنیں بھابھیاں پھوپھیاں خالائیں ممانیاں چاچیاں تائیاں مل جائیں گی۔
یقین مانیں شادی کے بعد والی زندگی میں خوبصورت اور ایورج شکل کی بیوی میں کوئی خاص فرق نہیں ہوتا۔
پھر خود فیصلہ کر لیجیے گا کہ آپ نے شاہ فارس بن کر 39 خوبیوں والی ملکہ تلاش کرنی ہے جس کا چال چلن مشکوک تھا۔ یا کسی ایورج لڑکی سے سادگی سے شادی کرکے اپنے والدین کی پریشانی بھی حل کرنی ہے اور کسی لڑکی کے بالوں میں اترتی چاندی و ماند پڑتی آنکھوں کی بینائی کو اپنی محبت سے روشنی عطا کرنی ہے۔ میرا نہ صرف ماننا ہے بلکہ مشاہدہ ہے کہ ہر رنگ نسل ذات مذہب کی لڑکی میں کم سے کم ایک جسمانی عضو کی خوبصورتی اور ایک ہی روحانی خوبی یا اچھائی خدا نے ایسی رکھی ہے جو کسی دوسری لڑکی میں نہ ہو۔ ہم وہ تب ہی دیکھ پاتے ہیں جب ہم اس لڑکی کے ساتھ اسے بیوی بنا کر اپنا بیڈ روم شئیر کرتے ہیں۔ آپ اگر واقعی شادی کے موڈ میں ہیں تو جس مرضی لڑکی سے آنکھیں بند کرکے شادی کر لیں چند ہی دن میں اسکی بظاہر نظر نہ آنے والی جسمانی خوبصورتی اور اسکی اچھائیوں کو دریافت کرکے اسکے ساتھ زندگی بتانے کا عہد کر لیں گے۔ آپکو اس سے پیار بھی ہو جائے گا۔
میری نظر میں وہ لڑکی دنیا کی خوبصورت ترین لڑکی ہے۔ جس کے پاس زندگی کا کوئی بڑا مقصد ہے۔ وہ دنیا میں اپنے آنے کا کوئی خوبصورت ثبوت چھوڑ جانا چاہتی ہو۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ اس کی ایک مثال ہے۔
کہا جاتا ہے شاہ فارس نے اپنے دانا مشیروں سے مشورہ کرنے کے بعد اس خوبصورت لڑکی سے شادی نہیں کی تھی۔ جس لڑکی سے شادی ہوئی اس میں بس دو خوبیاں تھیں وہ دانا تھی اور معصوم تھی۔جسکے بیٹوں نے دنیا کے نصف حصے پر فارسی پرچم لہرا دیے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں