جنوبی سعودی عرب کی جنت نظیر “وادی فیفا”۔۔منصور ندیم

جنوبی سعودی عرب کا ضلع جازان مختلف قدرتی حسن سے مالا مال اپنے بہترین موسم ،پر فضاء مقام سر سبزہ اور انواع و اقسام کے پھلوں کے باغات، مختلف اشیا کی کھیتی باڑی اور زرعی پیداوار کے لیے مشہور ہے۔ ان میں سے ایک مقام وادی فیفا بھی ہے، جسے انتظامی سطح پر کمشنری کی حیثیت بھی حاصل ہے۔ ہر سال یہاں کا “معلق مصلی” عیدین کی نماز کے موقع پر عالمی شہرت اختیار کرلیتا ہے۔ یہ خوبصورت مقام وادی فیفا کے مغرب میں ’بکرعان‘ کے پہاڑی علاقے میں ہے۔ پورا علاقہ سرسبز پہاڑوں میں گھرا ہوا ہے جہاں حد نگاہ تک سبزا ہی سبزہ ہے۔ یہ “معلق مصلی” پہاڑ کی عین چوٹی پر ہے جہاں سے پوری وادی کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ اسے خصوصی طور پر نماز پڑھنے کی جگہ معلق مصلی بنایا گیا ہے اور یہاں پر چاروں اطراف ایک حفاظتی دیوار بھی بنائی گئی ہے ۔

وادی فیفا کے سرسبز و شاداب پہاڑوں کی وجہ سے موسم بے حد خوشگوار ہے، پہاڑوں اور سبزے کے مناظر اتنے دیدہ زیب ہیں، رمضان کے مہینوں میں یہاں کے مقامی شہری اور مقیم غیرملکی اس سحر آفریں قدرتی ماحول میں گھروں کی چھتوں اور صحنوں میں افطار کرتے ہیں۔ وادی فیفا کے مکانات پہاڑوں کے قدرتی مناظر سے آراستہ ہیں۔ یہاں کے مقامی لوگ زرعی فارموں اور گھروں کے صحنوں جہاں افطار کرتے ہیں، وہ مقام بخود پکنک پوائنٹ بن جاتے ہیں۔ رمضان اور عیدین ہر مقامی لوگ انواع و اقسام کی مقامی روایتی کھانے جیسے ’المیفا‘ نامی روٹی، کوئلوں پر تیار کردہ گوشت، عیصد اور سوپ استعمال کرتے ہیں جبکہ یہاں تازہ سبزیاں اور پھل خود ان کے زرعی فارموں کی پیداوار ہوتی ہیں۔

وادی فیفا کے تقریباً ہر گھر کے برابر میں ایک زرعی فارم یا باغ ضرور ہے جہاں مختلف پھلوں کے درخت یا کسی نہ کسی چیز کی کاشت ضرور کی جاتی ہے۔ یہاں کے باشندے کیلے اور کافی کی کاشت بڑے شوق سے کرتے ہیں۔ ہر گھر کے گارڈن میں کیلے یا کافی کا درخت ضرور لگایا جاتا ہے۔ بہت کم لوگ کیلے اور کافی فروخت کرتے ہیں- زیادہ تر پیداوار اسے گھر کے استعمال میں ہی آجاتی ہے۔ وادی فیفا کا مشہور ترین پھل کیلا ہے۔ قدیم زمانے سے یہاں اس کی کاشت ہو رہی ہے۔

وادی فیفا میں جو کیلے کی کاشت ہوتی ہے، ان کیلوں کا حجم چھوٹا اور رنگ سبز ہوتا ہے۔ یہاں کیلے کی پیداوار میں کوئی کیمیکل یا کھاد استعمال نہیں ہوتی، ان پہاڑی علاقوں میں پیدا ہونے والے کیلے اعلیٰ  درجے کے آررگینک ہوتے ہیں۔یہاں کے کیلے پک جاتے ہیں مگر پھر بھی ان کا رنگ سبز ہی رہتا ہے، یہاں اگر کسی گھر میں ایک کیلے کا درخت بھی ہوتا ہے تو اس کی خوشبو گھر کے کونے کونے میں پھیلی رہتی ہے۔ وادی فیفا کے کیلے مقامی کھانوں میں بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ وادی فیفا کے مقامی شہری سال بھر کیلے کی تازہ پیداوار سے فائدہ اٹھاتے رہتے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

یہاں مقامی طور پر آبپاشی میں بارش کے پانی پر ہی انحصار کیا جاتا ہے۔ آج کل فیفا میں بارش کے موسم نے پورے علاقے کے حسن کو دوبالا کررکھا ہے۔ ویسے بھی جازان کی اور مزید کمشنیوں میں بھی موسم بہترین اور کاشتکاری میں کافی کی کاشتکاری عالمی شہرت حاصل کررہی یے، یہاں شریفہ بھی پیدا ہوتا ہے اور مزید چنبیلی اور موتیا کے پھولوں کی کاشتکاری بھی زمانہ قدیم سے ہورہی ہے اور چنبیلی اور موتیا کے پھولوں سے ان کی روایات میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ سعودی عرب کی سیاحت  کے لئے جازان ایک بہترین مقام ہے ، جہاں آپ سعودی عرب کے قدرتی ماحول کو دیکھ سکتے ہیں۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply