ماؤں کے نام۔۔اُسامہ ریاض

اُس ماں کے نام جس نے اپنے جوان بیٹے کا ہاتھ چومنے کے لیے اُس کا ہاتھ پکڑا تو اس کی ہاتھ کی انگلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں
اُن ماؤں کے نام جنہیں بیٹیاں پیدا کرنے کے جرم میں زندہ درگور کر دیا گیا،
اُن ماؤں کے نام جو قیدتنہائی میں  برسوں  سے  اپنے ہونہار بیٹوں  کی راہ تک رہی ہیں ،
اُن ماؤں کے نام جن کے لخت ِ جگر زندگی کا حق مانگنے کے جرم میں لاپتا کر دئیے گئے،
ان ماؤں کے نام جن کے بیٹوں کی مسخ شدہ لاشیں نامعلوم فرشتوں نے آسمان سے پھینکیں،
ان ماؤں کے نام جن کے بچے غیرت کے نام پر قتل کر دئیے گئے اور اس کی بستی بسنے سے پہلے ہی اُجڑ گئی،
ان ماؤں کے نام جن کے بدنوں پر تاریخ کندہ کی گئی اور ان کے سروں سے ڈوپٹے نوچ لیے گئے،
ان ماؤں کے نام جن کے بیٹے مسجد، سکول اور بازاروں سے کبھی زندہ واپس نہ آ سکے،
اُس 14 سالہ بچی کے نام جسے اُس کے محلے کے چار لوگوں نے جنسی درندگی کا نشانہ بنایا اور وہ ماں بن گئی،
اُن بےبس ماؤں کے نام جنہیں ان کی  مرضی کے بغیر ماں بننے کے دردناک کرب سے گزرنا پڑا،
ان ماؤں ے نام جنہیں خواب دیکھنے کے جرم  میں  پابندِ  سلاسل کر دیا گیا،
اُن ماؤں کے نام جنہوں نے جوان بیٹے کی رہائی کی خاطر ظالم تھانے دار کے پاؤں پکڑے،
ان ماؤں کے نام جنہیں خاندان کی  غیرت کے نام پر ڈولیوں میں بیٹھا دیا گیا،
ان عمر رسیدہ ماؤں کے نام جن کے بالوں میں شادی کا انتظار کرتے کرتے سفیدی اُتر آئی،
ان ماؤں کے نام جنہیں  قرآن سے بیاہ دیا گیا،
ان ماؤں کے نام جنہوں نے اولاد کے لیے روٹی کے ایک نوالے  کی خاطر  اپنی عصمت فروحت کی،
ان ماؤں  کے نام جو بھوک میں بلکتے بچے کی خاطر ایوانِ گناہ میں داخل ہوئیں،
دنیا کی تمام عظیم ماؤں کے جنہوں نے نئی زندگیوں کو جنم دیا اور خود موت کی آغوش میں جاسوئیں !

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply