پہلا امپریشن ڈالنے کے پچا س طریقے

کیا آپ جانتے ہیں؟؟
* آپ کا پہلا اِمپریشن آپ کے لئے ترقی کے دروازے بھی کھول سکتا ہے۔
* اور اس موقع کو ضائع کر کے آپ خوش قسمتی کا کوئی بہترین چانس بھی مِس کر سکتے ہیں۔
* کیا آپ کے خیال میں صرف شخصیت کی ظاہری خوبصورتی ہی یک اچھے اِمپریشن کی ضمانت
ہے؟؟
* کیا کوئی بھی انسان اپنے پہلے اِمپریشن کو کامیاب اور مثبت بنا سکتا ہے؟
* کیا تمام صلاحیتیں رکھنے کے باوجود بھی آپ یہ محسوس کرتے ہیں کہ لوگ آپ کو وہ اہمیت نہیں
دیتے جس کے آپ حقدار ہیں؟
ایک سروے کے مطابق:
*باڈی لینگوئج آپ کے پہلے امپریشن میں93%کردار ادا کرتی ہے۔
*ظاہری حلیے کا کردار% 55ہوتا ہے۔
*گفتگو کے دوران مخاطب کے نام کا استعمال مثبت تاثر پیدا کرنے میں 36%کردار ادا کرتا ہے۔
*مثبت تاثر پیدا کرنے میں پرکشش لہجے کا کردار 38%تک ہوتا ہے۔
*الفاظ کا انتخاب 7% اثر ڈالتا ہے۔
دلچسپ حقائق:

پرِنسٹن ریسرچرز(Princeton Researchers)کی ایک ٹیم کی ریسرچ کے مطابق لوگ ایک سیکنڈ کے دسویں حصے میں آپ کے قابلِ اعتبار ہونے یا نہ ہونے کا اندازہ لگا لیتے ہیں ۔

ڈنمارک میں ظاہری حلیے پر ہونیوالی ایک تحقیق کے مطابق برانڈڈ لباس پہننے والے افراد دوسروں کی نسبت زیادہ ہائی سوسائیٹی سے تعلق رکھنے والے تصور کیے جاتے ہیں۔

پنسلوانیا یونیورسٹی(University of Pennsylvania)کے ایک سروے کے مطابق گنجے سر والے افراد بالوں والے افراد کی نسبت زیادہ اثرورسوخ کے حامل تصور کیے جاتے ہیں۔

ایک برطانوی سروے کے مطابق اپنے سائز کے مطابق کپڑے سلوانے والے افراد سٹینڈرڈسائز کا لباس پہننے والوں کی نسبت زیادہ کامیاب مانے جاتے ہیں۔ٖ

2011میں کینیڈا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق زیادہ تر لوگوں نے خوش لباس نظر آنیوالے لوگوں کے متعلق یہ خیال ظاہرٖٖ کیا کہ یہ لوگ زیادہ دولت کما سکتے ہیں اور دوسروں کی نسبت تیزی سے ترقی کرتے ہیں۔
پہلا امپریشن کیا ہے؟ What is first impression?
سائیکالوجی کے مطابق:

In psychology, a first impression is the event when one person first encounters another person and forms a mental image of that person.

یعنی ایک فرد دوسرے فرد سے ملنے کے بعد اس کے بارے میں جو رائے یا ذہنی تصور قائم کرتا ہے اسے پہلا امپریشن کہا جاتا ہے۔ کہ ایک شخص پہلی ملاقات میں دوسرے شخص کو رد وقبولیت کے کس درجے پر فائز کرتا ہے۔ اس امپریشن کاصحیح  یا غلط اور منفی یا مثبت ہونا افراد،وقت اور جگہ سمیت دیگر کئی عوامل پر منحصر ہے۔

اکثر آپ کو ایسے لوگوں سے ملنے کا اتفاق ہوتا ہے جو تقریب یا میٹنگ میں آتے ہی سب کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔ان لوگوں کو کاروباری انویسٹمنٹ اور جابز جیسی پرکشش آفرز ہوتی ہیں۔

ایسے لوگوں میں کچھ خاص قسم کی خوبیاں اور صلاحیتیں ہوتی ہیں جنھیں نفسیاتی اصولوں کی بنیاد پر ثابت کیا جا سکتا ہے اور انھیں کوئی بھی اپنا سکتا ہے یا سیکھ سکتا ہے۔

فرسٹ امپریشن کے اہم نفسیاتی اصول:

i: یہ ایک اہم نفسیاتی اصول ہے اور حقیقت بھی کہ لوگ آپ کو اپنی ضروریات کے پیمانے میں تول کر آپ کے اہم یا غیر اہم ہونے کا معیار طے کرتے ہیں۔مثلاً ایک غریب یا ضرورت مند آدمی پر ہر امیر آدمی کا پہلا امپریشن زیادہ تر اچھا ہی ہوتا ہے ۔کیونکہ وہ اس کی ضروریات پوری کرسکتا ہے۔

لوگ آپ کے اندر اُن چیزوں کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو ان کے پاس نہیں ہوتیں۔یہی تلاش آپ کی اہمیت طے کرتی ہے۔

ii: لوگ آپ کی موجودگی میں جو کچھ محسوس کرتے ہیں اسے آپ کی شخصیت سے جوڑتے ہیں۔مثلاً اگر کوئی آپ کی موجودگی میں بے اطمینانی محسوس کرتا ہے تو اس کی وجہ کوئی بیرونی عنصر نہیں آپ خود ہو سکتے ہیں۔ یعنی اگر کوئی آپ کو مغرور سمجھتا ہے اور آپ ایسے نہیں ہیں تو شاید اس کی وجہ آپ کی کم گوئی یا تنہائی پسندی ہو۔

iii: وقت، موقع اور جگہ یہ اہم عناصر ہیں جو آپ کے پہلے امپریشن کا تعین کرتے ہیں۔مثلاً اگر کوئی شخص غصے یا پریشانی میں مبتلا ہے تو وہ آپ کے پہلے امپریشن پر قطعاً توجہ نہیں دے گا۔

iv: زیادہ تر لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ بظاہر خوبصورت نظر آنیوالے لوگ یقیناًبہت سی صلاحیتوں کے مالک بھی ہوتے ہیں جو اکثر غلط ثابت ہوتا ہے۔اور پھر خوبصورتی کا معیار بھی ہر کلچر میں مختلف ہوتا ہے۔اگر کوئی شخص اس معیار پر پورا نہ اترتا ہو تو لوگ اکثر اس کی شخصیت کا پہلا تاثر درست نہیں لیتے۔مگر یہ خیال ایک سطحی سوچ کی عکاسی ہے۔
فرسٹ امپریشن کے اہم اجزاء:

ہماری شخصیت کے یہ چند ٹکڑے مل کر پوری شخصیت بناتے ہیں۔یہ ٹکڑے جتنی مضبوطی اور درستگی سے جڑے ہو ں شخصیت کا اتنا ہی مکمل اور جاندار تاثر پیدا کرتے ہیں۔
خود اعتمادی:

خود اعتمادی ایک انسان کا اپنی ذات سے وہ رابطہ ہے جو اسے کسی مخصوص صورتحال میں خود کو پرکھنا،صورتحال کا مقابلہ کرنا اور صورتحال کے مطابق ڈھلنا سکھاتا ہے۔
اندازِگفتگو:

انسانی شخصیت کا یہ انتہائی شفاف آئینہ ہے جو نہ صرف کسی انسان کے اندر چھپے ہوئے جوہر اور اس کی صلاحیتوں کا پتہ دیتا ہے بلکہ اس کی سوچ تک بھی رسائی فراہم کرتا ہے۔
الفاظ کا انتخاب:

موقع ،جگہ اور اپنی اور اپنے مخاطب کی شخصیت کے لحاظ سے مناسب الفاظ کا استعمال انسانی شخصیت کے پہلے تاثر کو نہایت متاثر کن بنا دیتا ہے۔
لباس:

کسی انسان کا لباس اس کی سوچ ،رویے اور مزاج کا بہترین عکاس ہوتا ہے۔دیکھنے والے کے ذہن میں جو چیز سب سے پہلے اثرانداز ہوتی ہے وہ لباس ہی ہے۔
باڈی لینگوئج:

انسانی شخصیت کے مطالعے میں باڈی لینگوئج اتنی ہی اہم ہوتی ہے جتنا کہ کسی کتاب کا پہلا چیپٹر۔کسی شخص کی باڈی لینگوئج اس کی پوری شخصیت اور سوچ کی ڈائریکشن سے آگاہ کر دیتی ہے

1: خود اعتمادی

اپنے ماحول اور معاشرے میں اپنی اہمیت وکردار کا درست تعین نہ صرف اپنے فرائض سے آگاہ کرتا ہے بلکہ ان فرائض کو نبھانے کا حوصلہ بھی عطا کرتا ہے اور یہی حوصلہ خود اعتمادی کہلاتا ہے۔آپ خواہ جتنے بھی قابل ہوں،آپ کی شخصیت خواہ کتنی ہی پرکشش کیوں نہ ہو اور آپ کا لباس خواہ کتنا ہی عمدہ کیوں نہ ہو اگر آپ میں خود اعتمادی کا فقدان ہے تو آپ کا پہلا امیج کسی بھی صورت میں متاثر کن نہیں ہو سکتا۔
2: اپنی قدروقیمت کا احساس

اگرآپ خود اپنی قدروقیمت سے آگاہ نہ ہوں تو دوسروں کو بھی اس کا احساس نہیں دلا سکیں گے۔ہر انسان میں کچھ خوبیاں اور صلاحیتیں ضرور ایسی ہوتی ہیں جو آس پاس کے لوگوں میں موجود نہیں ہوتیں۔اور یہی خوبیاں اور صلاحیتیں اس کی اصل قدرو قیمت طے کرتی ہیں اور اسے دوسروں سے الگ مقام دیتی ہیں۔اپنی قدروقیمت کا یہ احساس پہلے امپریشن میں آپ کی شحصیت کواپنے مطلوبہ معیار سے کبھی نیچے نہیں آنے دیتا۔
3: دوسروں سے بہتر ہونے کا ثبوت دیں۔ (Be Superior)

پہلے امپریشن کا یہ ایک انتہائی اہم عنصر ہے اور اپنی خود اعتمادی کا بہترین استعمال بھی۔یہ ثابت کرنے کی کوشش کریں کہ آپ وہ سب کچھ جانتے ہیں جوآپ کے مخاطب کو جاننا چاہیے۔اس طرح آپ اپنی اہمیت کا زیادہ احساس دلا سکیں گے۔مگر ضرورت سے زیادہ چالاک بننے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔کیونکہ چالاکی اور سمجھداری میں بہت فرق ہے۔سمجھداری شخصیت کا انتہائی مثبت پہلو ہے جبکہ چالاکی منفی تاثر پیدا کرتی ہے۔
4: ضرورت سے زیادہ خوش لباس نظر آنے سے گریز کریں

ماحول اور موقع کی مناسبت سے لباس کا انتخاب ایک باشعور انسان ہونے کی پہلی نشانی ہے۔یہ آپ کو اردگرد موجود لوگوں کی سطح پر لے آتا ہے اور آپ کو باآسانی ماحول میں ایڈجسٹ کر دیتا ہے اور دوسرے لوگ یا آپ خود اپنے آپ کو دوسروں سے الگ تھلگ محسوس نہیں کرتے اور کسی شخص یا اشخاص سے پہلی ملاقات میں اجنبیت کا احساس کم ہو جاتا ہے۔
5: اپنی اہمیت پر یقین رکھیں

اگر آپ کو خود اپنی اہمیت کا احساس نہیں تو آپ دوسروں کو بھی ہرگز یہ احساس نہیں دلا سکتے۔اس کردار کو سمجھیں جس کا سوسائٹی آپ سے تقاضا کرتی ہے،ان حدود کو جانیں معاشرہ آپ کو جن کا پابند بناتا ہے۔اپنے کردار اور حدود کا یہ تعین اپنی اہمیت کا احساس دلاتا ہے۔جبکہ اپنے کردارسے انحراف انسانی شخصیت کو معاشرے میں بے وزن کر دیتا ہے۔اپنے کردار و حدود سے منحرف ایک شخص کسی بھی جگہ پہلی اپنا مثبت تاثر نہیں بنا پاتا اور بن بھی جائے تو اس کا اثر دیرپا نہیں ہوتا۔
6: یہ ثابت کریں کہ آپ لوگوں کو سمجھتے ہیں۔

لوگوں کو صرف اپنی بات سمجھانے کی کوشش نہ کریں بلکہ ان کی یہ سمجھنے میں مدد کریں کہ آپ ان کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔زیادہ بولنے کی بجائے سننے کو ترجیح دیں تو آپ ایک بھروسے کی فضا پیدا کر سکتے ہیں جو نہ صرف آپ کے پہلے امپریشن کو خوشگوار بنا دیتی ہے بلکہ ایک دیر تک قائم رہنے والا با اعتماد رشتے کی بنیاد بن سکتی ہے۔
7: باڈی لینگوئج

لفظوں کی ادائیگی سے پہلے آپ کی حرکات و سکنات آپ کی شخصیت کے متعلق بہت کچھ سمجھا دیتی ہیں۔آپ کا اٹھنا بیٹھنا ،چلنا پھرنا،ہاتھوں اور بازوؤں کی حرکات اور چہرے کے تاثرات ان سب باتوں کا کوئی مطلب اور مقصد ہوتا ہے جو آپ کی سوچ کی گہرائی سے جڑا ہوتا ہے۔لہٰذا اپنی باڈی لینگوئج کے بارے میں محتاط رویہ اختیار کریں مگر اتنا نہیں کہ خود میں سمٹے نظر آئیں۔اپنی شخصیت کے صاف اور واضح ہونے کا تاثر دیں۔
8: مسکراہٹ

پہلے امپریشن کا یہ ایک انتہائی اہم عنصر ہے اور آپ کی شخصیت کے قابلِ بھروسا ہونے کی علامت بھی۔مسکراہٹ اگر ایک حد سے تجاوز نہ کرے تو شخصیت کا نہایت عمدہ پہلو ثابت ہوتی ہے۔اور ایک خوشگوار تعلق کی بنیاد میں پہلی اینٹ کی حیثیت رکھتی ہے۔
9: آئی کونٹیکٹ

آ ئی کونٹیکٹ اپنے مخاطب کی بات کو سمجھنے اور ایک بہتر ذہنی رابطہ قائم کرنے میں مدد دیتا ہے اور آپ کو توجہ کے ارتکاز میں مدد دیتا ہے۔یہ آپ کو زیادہ بااعتماد بنا کر پیش کرتا ہے۔جب آپ بات کرتے ہوئے اپنے مخاطب کی طرف دیکھنے سے گریز کرتے ہیں تو آپ کے پوری طرح متوجہ نہ ہونے کا تاثر پیدا ہوتا ہے۔ مگر پہلے امپریشن کی اس تیکنیک کا استعمال بھی نہایت مناسب انداز میں کریں اور گھور گھور کر دیکھنے سے گریز کریں کیونکہ یہ طریقہ کار آپ کا امیج بگاڑ کر رکھ دیتا ہے۔
10: مصافحہ (Hand Shake)

مصافحہ کا مضبوط اور مناسب انداز آپ کی شخصیت کا چھپا اعتماد ظاہر کرنے کا سب سے پہلا اور بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔اس اعتماد کا اظہار آپ کے لفظوں اور قابلیت پر بھی اعتماد کی مہر ثابت ہو سکتا ہے۔اس طریقہ کار کا بہتراستعمال کر کے آپ کسی شخص یا اشخاص پر پہلی ہی ملاقات میں نہایت اچھا تاثر چھوڑ سکتے ہیں یاایک خوشگوار تعلق قائم کر سکتے ہیں جس کی شروعات اعتماد سے ہو۔
11: وقت کی پابندی (Be on time)

اہم میٹنگز یا تقریبات میں لیٹ پہنچنے کی رسم ہمارے معاشرے میں بہت عام ہے۔مگر اس سے بھی زیادہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم کبھی یہ سوچنے کی زحمت بھی گوارا نہیں کرتے کہ یہ روش ہماری شخصیت کا کیا امیج بناتی ہے۔کسی تقریب یا میٹنگ میں ٹائم پر پہنچنا نہ صرف آپ کے ایک بااعتماد شخصیت ہونے کی علامت ہے بلکہ لوگوں کو یہ تاثر دیتا ہے کہ آپ ان کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
12: اپنی حدود کا تعین (Be in your limits)

ہمارے معاشرے میں رائج گھریلو نظام میں چونکہ اخلاق و آداب سکھانے کا مناسب انتظام موجود نہیں ہے اس لئے اپنی حدود کے تعین کا شعور بھی بہت کم دیکھنے میں آتا ہے۔آپ کو کیا کہنا ہے اور کیسے کہنا ہے اورکس کے ساتھ کس رویے کا اظہار کرنا ہے اور کس حد تک کرنا ہے۔یہ عوامل آپ کو ایک معقول اور باشعور انسان کے درجے پر فائز کرتے ہیں۔لہٰذا اپنی حدود اور حیثیت کا تعین کسی بھی شخص سے پہلی ملاقات میں آپ کو ایک متوازن شخصیت کے طور پر پیش کرتا ہے۔
13: کوالٹی آف وائس

ایک صاف اور اوریجنل آواز آپ کی شخصیت کو بھی کوالٹی عطا کرتی ہے۔نہ صرف ایک حد سے زیادہ بلند بلکہ ایک حد سے زیادہ آہستہ آواز بھی آپ کی شخصیت کا نیگیٹو امیج بناتی ہے۔دورانِ گفتگو اپنی آواز کو اعتدال کی سطح پر رکھنا پہلے امپریشن کے دوران مثبت تاثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔لہٰذا دورانِ انٹرویو یا تقریب اس نقطے کو نظرانداز نہ ہونے دیں۔
14: بناوٹی لہجہ (Fake tone)

لہجے کا بناوٹی پن انسانی شخصیت کا نہایت برا تاثر پیدا کرتا ہے۔مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ آجکل ہمارے معاشرے میں اس کا فروغ بہت زیادہ ہے۔یاد رکھیے آپ کی قدروقیمت آپ کی اصلیت میں پوشیدہ ہے۔لہٰذا وہ نظر آنے کی کوشش نہ کریں جو آپ نہیں ہیں۔آپ کی حقیقی ویلییو وہی شخصی عناصر ہیں جو قدرت نے آپ کو عطاکیے ہیں۔ان عناصر کو بناوٹ کا لبادہ نہ اوڑھائیں تو آپ زیادہ بہتر تاثر دے سکیں گے۔
15: ویژوایلائزیشن (Visualization)

کسی میٹنگ ،تقریب یاانٹرویومیں جانے سے پہلے آپ جیسے نظر آنا چاہتے ہیں یاجیسا خود کو پیش کرنا چاہتے ہیں ذہن میں اس کا تصور قائم کریں۔اپنی فیلڈ میں کامیاب لوگ ایک بہترین تصور قائم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔مثلاً ایک پلیئر اپنے تصور میں خود کو جیتتے ہوئے دیکھتا ہے،دوسروں سے آگے نکلتے ہوئے دیکھتا ہے۔ان باتوں کو تصور میں لانے سے گریز کریں جو آپ حقیقی زندگی میں نہیں چاہتے۔
16: ارتکازِ توجہ (Centering)

ایک کامیاب زندگی گزارنے کے لئے ارتکازِتوجہ ایک بہت بڑا آرٹ ہے۔دورانِ گفتگو گھبراہٹ اور غیر ضروری خیالات کا شکار ہو کر توجہ کو بٹنے نہ دیں تو آپ ایک نہایت پراثر تاثر پیدا کر سکتے ہیں۔توجہ کا یہ ارتکاز نہ صرف شخصیت کو اعتماد عطا کرتا ہے بلکہ موقع کی مناسبت سے بہتر الفاظ کیانتخاب میں بھی مدد کرتا ہے۔
17: قوتِ ارادی کو ڈائریکشن فراہم کریں (Direct your will power)

کسی بھی اہم کام کو بہترین انداز میں سرانجام دینے کے لئے قوتِ ارادی ایک بنیادی ضرورت ہے۔کسی معاملے پراپنی پوری توجہ مبذول کر کے آپ اپ اپنی قوتِ ارادی کو اپنی ضرورت کے مطابق ایک درست سمت فراہم کر سکتے ہیں۔اپنی شخصیت کا متاثر کن فرسٹ امپریشن ڈالنے کے لئے صلاحیت کا استعمال نہایت جاندار اثر کا حامل ہے۔
18: مرکزی نقطہ (Pivot Point)

میٹنگ یا انٹرویو کے دوران یہ تصور کریں کہ آپ سب سے اہم ہیں ۔آپ ہی مرکزی نقطہ ہیں جس کے گرد پورا ماحول گردش کر رہا ہے۔آپ کی یہ سٹرونگ ذہنی کیفیت ارد گرد موجود لوگوں پر خواہ بہت کم ہی صیح مگر اثرانداز ضرور ہوگی۔کیونکہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ ایک ہی ماحول میں موجود انسانوں کی شخصیت ایک دوسرے پر اثر ضرور ڈالتی ہے۔مگر یاد رہے اس کوشش میں دوسروں کی اہمیت کو نظرانداز نہ ہونے دیں۔
19: ظاہری حلیہ (Appearance)

کہا جاتا ہے کہ ایک تصویر ہزار الفاظ سے بہتر عکاسی کر سکتی ہے۔اسی طرح آپ کا ظاہری حلیہ آپ کے الفاظ،زبان اور باڈی لینگوئج سے پہلے ہی آپ کی شخصیت کا معیار طے کر دیتا ہے۔آپ کی شخصیت کتنی شوخ یا کتنی سادہ حتیٰ کہ آپ ماحول میں ایڈجسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں کہ نہیں ان سب باتوں کا تعین ایک ہی نظر میں ہو جاتا ہے۔
20: موقع کی مناسبت سے لباس پہنیں

وقت ،موسم اور موقعے کی ڈیمانڈ کو سمجھ مناسب لباس کا انتخاب پہلی ہی ملاقات میں آپ کے باشعور اور قابلِ قبول شخصیت ہونے کی ایک نشانی ہے۔مثلاً اگر آپ کسی پارٹی میں جا رہے ہیں تو انٹرویو کی ڈریسنگ اچھا امپریشن نہیں ڈال سکتی۔اسی طرح خوشی کی کسی تقریب میں ایک مناسب وضع قطع اور بہتر رنگوں کا لباس ہی آپ کی شخصیت کو نہ صرف اعتماد دیتا ہے بلکہ آپ کو باآسانی ماحول میں گھل مل جانے میں بھی مدد دیتا ہے ۔
21: صفائی

آپ کی شخصیت اورلباس خواہ کتنا ہی پرفیکٹ کیوں نہ ہواگر صفائی کے بنیادی معیار سے عاری ہے تو آپ کسی بھی صورت میں ایک پر اثر شخصیت نہیں کہلا سکتے۔لباس کا صاف ستھرا ہونا اس کی ڈیزائننگ سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔اور اگر آپ چاہتے ہیں کہ ایک اچھا امپریشن ڈالنے کی تمام تیکنیکس کے استعمال کے باوجود آپ اس میں ناکام نہ ہوں تو اس اہم نقطے کو نظر انداز نہ کریں۔ٖ
22: سادگی (Be Simple)

اپنی شخصیت میں سادگی کا عنصر برقرار نہ صرف انٹرویو میں بلکہ تقریبات میں بھی ایک مثبت تاثر پیدا کرتا ہے یہ لوگوں کو یہ احساس دلا سکتا ہے کہ آپ ایک مشکل شخصیت نہیں ہیں اور آپ کو سمجھنا ،اپنی بات سمجھانا اور آپ سے ایک بہتر تعلق بنانا ان کی پہنچ میں ہے۔اپنے ہیئرسٹائل ،لباس اور جوتوں کے انتخاب میں سادگی مگر صفائی ستھرائی کا بہتر معیار آپ کی شخصیت کو پراثر بنا دیتا ہے۔
23: جیسے آپ ہیں ویسے ہی نظر آئیں (Be real)

اپنی شخصیت میں بناوٹ پیدا نہ ہونے دیں ۔ویسا بننے کی کوشش نہ کریں جیسے آپ ہیں ہی نہیں۔یاد رکھیے آپ کی اپنی شخصیت ہی آپ کی پہچان بن سکتی ہے۔بناوٹ کا لبادہ اوڑھ کر آپ محض اپنا امیج کمزور کرتے ہیں۔خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں کہ آپ ہی سب سے بہتر ہیں تو آپ زیادہ موثر امیج قائم کر سکتے ہیں۔
24: چلنے کا انداز

بہت تیز یا بہت آہستہ چلنے کی نسبت چلنے کاایک مناسب انداز آپ کے پر اعتماد اور سوچ وفکر کے متناسب ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔کسی شخص کے محض چلنے کے انداز سے اس کی شخصیت کو کافی حد تک سٹڈی کیا جا سکتا ہے۔شخصیت کے اس اہم پہلو کو اگنور نہ ہونے دیں۔
25: غیر لفظی رابطہ (Non verbal communication)

لوگ جو لفظ بولتے ہیں اور ہم ان کا جو مطلب لیتے ہیں یہ پروسیس ایک غیر لفظی رابطے سے جڑا ہے۔جی ہاں! چہرے کے تاثرات اس ضمن میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مثلاً اگر آپ کسی کو سنجیدگی سے کوئی لطیفہ سنا دیں تو آپ اپنی بات میں مزاح کا عنصر ہی پیدا نہیں کر سکتے اگر آپ کے چہرے سے اس کا اظہار نہ ہو۔لہٰذا گفتگو کے دوران اس تیکنیک کا مناسب اور درست استعمال آپ کو ایک متوازن شخصیت کے طور پر پیش کرتا ہے۔
26: بولنے کا انداز (Speach)

دورانِ گفتگو آواز کی بلندی کو اعتدال پر قائم رکھنا اور اور ٹہر ٹہر کر پرسکون لہجے میں بات کرناایک انتہائی مثبت فرسٹ امپریشن ڈال سکتا ہے۔یہ انداز لوگوں کو باور کراتا ہے کہ آپ نہ صرف خود ایک پراعتماد شخصیت کے مالک ہیں بلکہ دوسروں کے لئے بھی قابلِ اعتبار ہیں۔گفتگو کے دوران سمجھنے اور سمجھانے کا یہ انداز آپ کے بہتر ذہنی صلاحیتوں کا مالک ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔
27: اندرونی کیفیات (Internal Feelings)

ہماری باڈی لینگوئج ،الفاظ کا انتخاب اور چہرے کے تاثرات ہماری اندرونی کیفیات کا اظہار کرتے ہیں ۔ان کی مدد سے لوگ باآسانی جان لیتے ہیں کی آپ ذہنی طور پر کس قسم کی کیفیات کا شکار ہیں۔پر اعتماد ہیں یا نروس اورمتوجہ ہیں یا غیر حاضر۔لہٰذا انٹرویو کے دوران ایک متاثر کن اثر ڈالنے کے لئے سب سے پہلا اور اہم مرحلے اپنی اندرونی کیفیات پر کنٹرول ہے۔اس ضمن میں ہمارے آرٹیکل (گھبراہٹ میں پرسکون کیسے رہا جائے)کا مطالعہ ضرور کریں۔
28: مثبت سوچ (Be Positive)

مثبت سوچ ایک مضبوط کردار کی ضمانت ہے۔ زندگی کے ہر معاملے میں مثبت سوچ بہت پراثر اور جاندار کردار ادا کرتی ہے۔مثبت سوچ کی یہی طاقت آپ کے فرسٹ امپریشن کو بھی سٹرونگ بنا سکتی ہے۔لہٰذا زندگی کے ہر معاملے میں مثبت سوچ نہ صرف ناکامی سے بچاتی ہے بلکہ کسی بھی مرحلے میں آپ کی شخصیت کو کمزور نہیں پڑنے دیتی۔
29: ذہنی تیاری (Mental Preparation)

آنیوالے وقت کے لئے خود کو ذہنی طور پر تیار کرناآپ کو ہر معاملے اور ہر مرحلے پر ایک بہتر کردار ادا کرنے میں مدد کرتا ہے۔آپ کسی تقریب میں جا رہے ہیں یا انٹرویو کے لئے جا رہے ہیں تو پہلے سے خود کو ذہنی طور پر تیار کر کے آپ اپنی شخصیت کو مطلوبہ معیار کے مطابق پیش کر سکتے ہیں۔
30: اہم اور غیر اہم کا تعین

ہر معاملے میں کچھ چیزیں اہم ہوتی ہیں اور کچھ غیر اہم ایک سمجھدار شخص اس فرق کو بہت اچھی طرح سمجھتا ہے۔اور اسی لحاظ سے اپنی ترجیحات کا تعین کرتا ہے۔آپ میٹنگ میں جارہے ہیں یا کسی تقریب میں اہم اور غیراہم نقاط کا یہ تعین آپ کو ایک واضح سوچ عطا کرتا ہے۔مگر یہ قابلِ غور بات ہے کہ ذاتی ترجیحات کا یہ تعین کسی ماحول یا کسی دوسرے کی ترجیحات سے متصادم نہ ہو۔

31: پاور آف مینجمنٹ کا استعمال

پاور آف مینجمنٹ کا استعمال آپ کو ہر مرحلے پر ذہنی افراتفری سے بچاتا ہے۔اپنی سوچوں کو ترتیب کے پیرائے میں ڈھال کر آپ اپنی پاور آف مینجمنٹ کا بہترین استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ خواہ کسی شخص سے ملاقات کے لئے جا رہے ہیں یا کسی تقریب میں یا انٹرویو کے لئے جا رہے ہیں اپنے ذہن کے خانوں میں چیزوں کو ایک ترتیب سے رکھنا بنا کسی الجھن کے آپ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے۔
32: لوگوں کو بولنے کا موقع دیں

صرف اپنی بات سمجھانے کی کوشش کرنا اور دوسروں کو بولنے کا موقع ہی نہ دینا نہ صرف شخصیت کا نیگیٹو تاثر پیدا کرتا ہے بلکہ یہ ضرورت سے زیادہ خود اعتماد ہونے کی بھی نشانی ہے۔یہ ایک بہتر تعلق بنانے میں دوسروں کے لئے حوصلہ شکنی کا عنصر پیدا کرتی ہے۔
33: جملوں میں طویل وقفہ نہ آنے دیں (No dead air in sentences)

ٹھہر  ٹھہر کر گفتگو کرنا ایک پسندیدہ عمل ہے لیکن جملوں میں ایک مناسب حد سے زیادہ وقفہ یہ تاثر دیتا ہے کہ یا تو آپ یا تو آپ ذہنی طور پر غیر حاضر ہیں یا گفتگو کا مفہوم درست طور پر سمجھنے سے قاصر ہیں۔یاد رکھیے اگر کسی بات یا سوال کو روجہ سے سن کر سمجھ لیا جائے تو ایک نارمل ذہن اس کا جواب تلاشنے میں زیادہ دیر نہیں لگاتا۔لہٰذا جملوں میں طویل وقفے سے گریز کریں۔
34: سوفٹ سکِلز کا استعمال

دورانِ گفتگو سوفٹ سکلز کا استعمال نہایت پراثر تیکنیک ہے۔یہ تیکنیک آپ کو ایک ویل گرومڈ پرسنیلٹی کے طور پر پیش کرتی ہے۔مثلاً اگر آپ کو کسی کی بات سے اتفاق نہیں تو ایک دم یہ نہ کہیں کہ’ نہیں یہ بات ایسے نہیں ہے ‘۔ بات کو ڈائریکٹ رد کرنے کی بجائے آپ کہہ سکتے ہیں کہ ’جی آپ نے ٹھیک کہا لیکن اس کا دوسرا رخ یہ ہے‘۔اسی طرح اگر آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں تو فوراً اپ مطلب کی بات بیان کرنے کی بجائے آپ کہہ سکتے ہیں کہ’میرا پوائنٹ آف ویو یہ ہے کہ‘ یا ’میں کہنا چاہتا ہوں؍عرض کرنا چاہتا ہوں‘۔سوفٹ سکلز کا استعمال آپ کے پہلے امپریشن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
35: فِلرز کا استعمال (Use of sentence fillers)

ٖاگر اپنے مخاطب سے گفتگو کے دوران آپ کو کچھ اہم کام بھی نمٹانے ہیں تو ان کاموں کی انجام دہی کے دوران اپنے مخاطب کو اگنور نہ ہونے دیں بلکہ اس دوران آ پ وقفے وقفے سے مختلف جملوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔مثلاً’جی میں ابھی آپ سے بات کرتا ہوں‘یا موسم کے متعلق کوئی بات کر سکتے ہیں یا جو کا م آپ کر رہے ہیں اس کے متعلق کوئی جملہ کہہ سکتے ہیں۔اس طرح آپ گفتگو کے دوران اپنا کام بھی بہتر طریقے سے نمٹا سکیں گے اور اپنے مخاطب کو اپنے اور ماحول کے ساتھ اٹیچ بھی رکھ سکیں گے۔
36: زیادہ بولنے سے گریز کریں

زیادہ بولنے کی بجائے سننے کو ترجیح دیں۔اور بغیر سوچے کوئی بات نہ کریں نہ کوئی ایسی بات کہیں جس کی ضرورت نہ ہو۔بات کو توجہ سے سنیں اوراپنے جواب میں ضرورت کیمطابق جملوں کا استعمال کریں۔واضح رہے کہ غیر ضروری بات کرنے سے خاموشی بہتر ہوتی ہے کہ یہ کم ازکم آپ کے ایک معقول شخص ہوتے کا تاثر پیدا کر سکتی ہے۔
37: تہذیب و ثقافت کی نمائندگی

فرسٹ امپریشن کو بہترین بنانے کا یہ ایک انتہائی اہم نقطہ ہے۔وقت چاہے کتنا ہی بدل جائے اپنی تہذیب وثقافت سے محبت انسان کی فطرت کا خاصہ رہتی ہے۔اپنے لباس اور اندازو اطوار کو تہذیب و ثقافت سے عاری نہ ہونے دیں کیونکہ یہ آپ کے ایک سمجھدار اور متناسب شخصیت ہونے کی علامت ہے۔ضرورت سے زیادہ غیر ملکی الفاظ اور اندازو اطوار کا مظاہرہ نہ کریں کہ آپ کسی اور ہی دنیا کے باسی لگیں۔اس کی بجائے اپنی تہذیب وثقافت کی نمائندگی آپ کو اپنے ماحول اور افراد کے لیول پر لے آتی ہے اور آپ باآسانی گھل مل جاتے ہیں۔ فرسٹ امپریشن میں اپنے پن کا یہ احساس پیدا کرنے کے لئے اپنی گفتگو اور انداز واطوار سے تہذیب وثقافت کی نمائندگی بہت اہمیت رکھتی ہے۔
38: کھلکھلا کر ہنسنے سے گریز کریں

کھل کر ہنسنا یا قہقہے لگانا دوستوں کے درمیان تو قابلِ قبول ہو سکتا ہے مگر میٹنگ ،تقریب یا انٹرویو میں یہ آپ کے غیر مہذبانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے نہ کہ آپ کی خوش مزاجی کی۔کھل کر ہنسنے کی بجائے مسکراہٹ ایک بہت اچھا تاثر پیدا کرتی ہے ۔
39: اپنی بے جا تعریف نہ کریں

اکثر لوگ خود کو دوسروں کے سامنے بہت بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔اپنی تعریف کرنے کی یہ تیکنیک استعمال کرنے کا مقصد دوسروں کی نظر میں اپنی اہمیت بنانا ہوتا ہے۔دوسرا رخ دیکھیں تو ہمارا معاشرتی مائنڈ سیٹ کسی دوسرے کی تعریف سننے کی بجائے صرف اپنی تعریف سننا پسند کرتا ہے۔لہٰذا اپنی اہمیت بنانے کے لئے اس تیکنیک کا ہرگز استعمال نہ کریں۔اس نقطے کو ذہن میں رکھیں کہ زیادہ تر لوگوں کے لئے آپ کی اہمیت ان کی ضرورتوں کے تابع ہوتی ہے۔
40: لاتعلقی کا تاثر پیدا نہ ہونے دیں

ضرورت سے زیادہ خاموشی اختیار نہ کریں اور نہ الگ تھلگ ہو کر بیٹھیں۔لوگوں سے گھلنے ملنے کی کوشش کریں اور اپنائیت کا مظاہرہ کریں۔لوگوں کو یہ احساس دلائیں کہ آپ ایک کھلے دل اور کھلے ذہن کے مالک ہیں نہ کہ ایک ایسے انسان جسے سمجھنا مشکل ہو۔
41: ضرورت سے زیادہ اپنائیت کا مظاہرہ نہ کریں

یہاں یہ امر نہایت ضروری ہے کہ خوش مزاجی یا اپنائیت کا اظہارایک حد سے زیادہ نہ ہوکہ یہ بناوٹ کا تاثر پیدا کرتا ہے۔نہ صرف اپنی ظاہری شخصیت بلکہ اپنے مزاج اور رویے کو بھی معیاری حدود کا پابند رکھنا ایک انتہائی مہذبانہ تاثر دیتا ہے۔تو اگر دوسروں سے الگ تھلگ نظر آنا بھی مقصود ہے تو اعتدال کا رویہ ایک موثر طریقہ کار ہے کیونکہ ہمارے ارد گرد معتدل رویے کی شدید قلت پائی جاتی ہے۔
42: بیٹھنے کا انداز

آپ کے بیٹھنے کا انداز آپ کی شخصیت کے بارے میں بہت کچھ بتاتا ہے۔آپ کی عادات و مزاج اور آپ کے سوچنے کا انداز آپ کے بیٹھنے کے انداز سے بہت حد تک ظاہر ہو جاتا ہے۔لہٰذا ڈھیلے پن سے یا جھک کر نہ بیٹھیں کہ تھکاوٹ یا ضرورت سے زیادہ عاجزی کا اظہار ہو۔او ر نہ اکڑ کر بیٹھیں کہ آپ کے انداز سے غرور یا بناوٹ جھلکتی نظر آئے۔
43: بار بار گھڑی نہ دیکھیں

کسی بھی تقریب ،میٹنگ یا انٹرویو کے دوران یہ حرکت نہایت منفی تاثر پیدا کرتی ہے ۔یہ لوگوں کو یہ احساس دلاتی ہے کہ آپ خود کو کوئی بہت ہی مصروف شخصیت ثابت کرنا چاہتے ہیں۔اگر آپ واقعی وقت کی کمی کا شکار ہیں تب بھی لوگوں کو یہ احساس دلانے کی کوشش نہ کریں بلکہ کوئی اور طرح سے اپنی گفتگو یا میٹنگ کو مختصر کرنے کی کوشش کریں۔
44: اِدھر اُدھر دیکھنے سے گریز کریں

دورانِ گفتگو بلا ضرورت ادھر اُدھر دیکھنے سے گریز کریں اس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ آپ پوری طرح متوجہ نہیں یا یہ کہ دوسرے کو زیادہ اہمیت نہیں دے رہے۔اس حرکت سے ایک بہت برا تاثر یہ پیدا ہوتا ہے کہ آپ غیر ضروری معاملات میں دلچسپی لینے کے عادی ہیں۔لہٰذا اس عمل سے جتنا ممکن ہو سکے اجتناب برتیں۔
45: اپنے مخاطب کا نام استعمال کریں

تحقیق سے یہ دلچسپ حقیقت سامنے آئی ہے کہ لوگوں سے گفتگو کے دوران ان کا نام استعمال کر نا ان سے بہتر تعلق بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔یہ نہ صرف اجنبیت کا احساس ختم کردیتا ہے بلکہ آپ کے پہلے امپریشن کو بہتر بنانے میں بھی اہم ہے۔

46: کسی کا بغور جائزہ نہ لیں

کسی فرد سے ملاقات کے دوران سر سے پاؤں تک اس کی شخصیت کا بغور جائزہ لینے کی عادت ہمارے معاشرے میں اتنی رچ بس چکی ہے کہ لوگوں کو اپنی اس انتہائی معیوب حرکت کا احساس ہی نہیں ہوتا۔اپنی آنکھوں کے ترازو سے دوسروں کا وزن کرنے کی اس قابلِ افسوس تیکنیک کے استعمال سے کسی دوسرے کا امپریشن آپ پر تو اچھا پڑ سکتا ہے لیکن آپ اس کی گُڈبک میں ہرگز شامل نہیں ہو سکتے اور آپ کا اپنا اِمیج تباہ ہو کر رہ جاتا ہے۔اس لئے میٹنگ یا تقریب کے دوران جتنا ممکن ہو اس عمل سے گریز کریں۔
47: فولڈِنگ آرمز (Folding Arms)

آپ خواہ کھڑے ہوں یا بیٹھے ہوں بازوؤں کو فولڈکر کے ہرگز بات نہ کریں۔اس سے آپ کے اپنی ذات میں سمٹے ہونے کا تاثر ملتا ہے۔گفتگو کے دوران ہاتھوں کی مناسب حرکات کے ذریعے اپنی باڈی لینگوئج کااستعمال کریں۔لیکن اس بات کا بھی خیال رہے کہ ہاتھوں کی یہ حرکات غیر ضروری نہ ہوں ورنہ یہ تا ثر ملے گا کہ آپ ایک معتدل شخصیت کے مالک نہیں ہیں۔جبکہ اسی تیکنیک کا مناسب استعمال آپ کو ایک سمجھدار شخصیت کے طور پر پیش کرتا ہے۔
48: مستند حوالاجات کا استعمال (Use of authentic references)

دورانِ گفتگو اپنی بات کی وضاحت کے لئے یا اپنے نقطہ نظر کو ثابت کرنے کے لئے ضرورت کے مطابق مستند حوالاجات کا استعمال آپ کوایک باعلم اور وسیع سوچ کی حامل شخصیت کے طور پر پیش کرتا ہے۔اس تیکنیک کا استعمال آپ کے پہلے امپریشن کو ایک جاندار تاثر دیتا ہے۔
49: ریسرچ

آپ کسی ایک شخص یاافرادسے ملنے جا رہے ہیں،کسی میٹنگ یا تقریب میں جارہے ہیں  یا کسی ادارے میں انٹرویو کے لئے جا رہے ہیں تو ان کے بارے میں جتنی زیادہ ممکن ہو معلومات حاصل کریں۔لوگوں کو ان کی دلچسپیوں سے آگاہ کر کے آپ ان کے ساتھ پہلے ہی امپریشن میں ایک بہت اچھے تعلق کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔
50: ایک جملہ جو بہت برا تاثر دیتا ہے۔

’جی کیا نام بتایا آپ نے؟‘یہ جملہ آپ کی غیر حاضر دماغی کا واضح ثبوت ہے۔یا یہ کہ دوسروں کے جملے آپ کے لئے قابلِ توجہ نہیں ۔لہٰذا گفتگو کے دوران توجہ سے سنیں اور اپنے مخاطب کا نام ذہن میں رکھیں۔اور احترام کے ساتھ اسے نام لے کرمخاطب کریں تو آپ زیادہ بہتر تاثر پیدا کر سکتے ہیں۔
51: تیز پرفیوم کا استعمال

تیز خوشبوکا استعمال انتہائی ناگوار تاثر دیتا ہے بلکہ کم عقل اور کم تعلیم یافتہ ہونے کی بھی نشانی ہے۔ایک مناسب اور ہلکے پرفیوم کا استعمال ایک خوشگوار تاثر دیتا ہے۔اس لئے پرفیوم کے استعمال میں سمجھداری کا مظاہرہ کریں۔
52: بات کو توجہ سے سنیں (Active Listening)

بات کو پوری توجہ سے سنیں تاکہ کسی بات کو دوبارہ کنفرم کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔بات کو دوسری بار کنفرم کرنے سے آپ اپنی لاپروائی کا تاثر پیدا کرتے ہیں۔اس طرح کے جملوں سے گریز کریں’جی کیا کہا آپ نے؟‘یا ’سوری میں نے سنا نہیں‘۔
53: سنجیدگی

سنجیدگی کسی انسان کی شخصیت کا نہایت اہم پہلو ہے۔بات بات پر ہنسنے سے آپ کی غیر سنجیدہ سوچ کی عکاسی ہوتی ہے۔جبکہ لوگوں کے لئے ایک سنجیدہ شخصیت ہی قابلِ بھروسہ ہوتی ہے۔
54: حاضر دماغی

دورانِ گفتگوحاضر دماغی کا ثبوت دیں۔بات کو توجہ سے سنیں اور سوچ سمجھ کر بولیں۔حاضر دماغی ایک انتہائی مثبت تاثر پیدا کرتی ہے۔اور آپ کے ذہین اور سمجھدار ہونے کی علامت ہے۔

محترم قارئین!

Advertisements
julia rana solicitors

پہلا اِمپریشن آپ کو کسی موقعے کو استعمال یا ضائع کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔آرٹیکل میں بیان کی گئی ان چند تیکنیکس کا استعمال کر کے آپ اپنے پہلے اِمپریشن کو مزید موثر بنا سکتے ہیں۔آرٹیکل کو مزید بہتر بنانے کے لئے ادارہ آپ کے مشورے کا منتظر رہے گا۔
بشکریہ عقلمند!

Facebook Comments

مہمان تحریر
وہ تحاریر جو ہمیں نا بھیجی جائیں مگر اچھی ہوں، مہمان تحریر کے طور پہ لگائی جاتی ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply