جسم میں وٹامنز کی کمی پوری کرنے کے لئے مختلف قسم کے غذائی سپلیمنٹس دستیاب ہیں۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف سپلیمنٹس جسمانی ضرورت پوری نہیں کر سکتے بلکہ مکمل اور متوازن غذا ہی جسم کی ساری غذائی ضروریات پوری کرنے میں مدد دیتی ہے۔
مختلف وٹامنز اور جسم پر ان کے اثرات جانے بغیر ان کا استعمال کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ آج ہم آپ کو مناسب وٹامنز کا استعمال بتائیں گے۔ مناسب وٹامنز کا استعمال آپ کی صحت پر برا اثر نہیں ڈالے گا۔
جسم میں وٹامنز کی کمی کی علامات ظاہری طور پر بھی نظر آتی ہیں۔ ان میں سے کچھ علامات اور ان کا علاج نیچے بتایا جا رہا ہے۔
٭ سر کے بالوں کا جھڑنا اور ان میں واضح کمی نظر آنا وٹامن بی 7 کی کمی کی علامت ہوتی ہے۔ غذا میں بی 7 کا شمول بادام، سویا بین اور ابلے ہوئے آلو سے کیا جاسکتا ہے۔
٭ جوڑوں اور پٹھوں میں اینٹھن کی وجہ جسم میں کیلشیئم، میگنیشیئم اور پوٹاشیئم کی کمی ہے۔ یہ معدنیات پسینے کے ذریعہ جسم سے خارج ہوجاتے ہیں۔ ان کی مقدار کو جسم میں بحال رکھنے کے لئے کدو، سیب اور کیلے کھائے جا سکتے ہیں۔ بادام اور ہیزیل نٹ بھی معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں۔
٭ چہرے پر الرجی اور ریش جسم میں وٹامن بی کی کمی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ ہمارا جسم وٹامن اے، ای، ڈی وغیرہ مناسب مقدار میں ذخیرہ کرسکتا ہے۔ لیکں وٹامن بی کی کمی پوری کرنے کے لئے ہمیں اضافی کوشش کرنی پڑتی ہے۔ آلو، مشروم، پنیر، پھول گوبھی اور پالک سے اس وٹامن کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔
٭ بازو اور ٹانگوں میں سن محسوس ہونا فالک ایسڈ اور وٹامن بی 12 اور بی 6 کی کمی کی علامت ہے۔ یہ غذائی اجزاء خون میں موجود خلیات کو آکسیجن پہنچانے اور نئے صحت مند خلیات پیدا کرنے کے لئے ضروری ہوتے ہیں۔ مختلف اقسام کی پھلیاں اور مرغی یا مچھلی کا گوشت ان وٹامنز کی کمی پوری کرتے ہیں۔
٭ ہاتھوں پر مہاسوں کی طرح کے ابھار وٹامن اے، ڈی اور فیٹی ایسڈ کی کمی کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ غذا میں ٹرانس فیٹس کی مقدار کو کم کرنے کی کوشش کریں۔ سلامون مچھلی، گاجر اور سرخ سبزی کو اپنی غذا کا حصہ بنائیں۔
٭ آنکھوں میں پیلاہٹ بھی وٹامن بی 12 کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ گائے کی کلیجی، دودھ اور گوشت کھانے سے یہ ضرورت پوری ہوسکتی ہے۔
٭ وٹامن ڈی کی کمی دانتوں میں مختلف قسم کی بیماریاں پیدا کرتی ہے۔ کیلشیئم، فاسفورس اور وٹامن ڈی سے بھرپور غذائیں جیسے دودھ سے بنی چیزیں، چاول، انگور وغیرہ کھانے سے ان بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔
٭ بانچھیں اورہونٹوں کے کناروں پر زخم اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جسم میں فولاد اور زنک کی کمی ہے۔ پالک اور دیگر سبزیوں میں فولاد کی مقدار وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ پھلیاں، انڈہ اور گوشت بھی ان معدنیات کی کمی پوری کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ پھلوں میں موجود وٹامن سی انفیکشن کو ختم کرنے اور اسے پھیلنے سے روکتا ہے۔
وٹامنز کی کمی غذا کا خاص خیال رکھ کر پوری کی جا سکتی ہے۔ البتہ اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ اوپر بتائی گئی علامات صحت سے متعلق کسی اور وجہ سے بھی ہوسکتی ہیں۔ اس لئے ڈاکٹر سے رابطہ میں رہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں