خوشی (2،آخری حصّہ)-مرزا مدثر نواز

زندگی کی خوشگوار باتوں کو بغیر ہچکچاہٹ کے قبول کرنے اور ناخوشگوار باتوں کو تنقید کے بغیر قبول کرنے کا نام خوشی ہے۔ روز بروز بڑھتی آسائشوں نے جہاں زندگی میں بہت سی آسانیاں پیدا کی ہیں وہاں انسان کے تناؤ اور ذہنی دباؤ میں بھی اضافہ کیا ہے۔ آج ہم میں سے ہر کوئی خوشی حاصل کرنا چاہتا ہے اور وہ مادی راحتوں میں اس خوشی کو تلاش کرتا ہے جبکہ یہ بھول جاتا ہے کہ صرف مادی آسائشیں خوشی فراہم نہیں کر سکتیں۔ حقیقی خوشی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے ذہنی ماحول کی صفائی کریں‘ اس میں سے پریشان کن باتوں کو باہر نکالیں تا کہ اس میں خوشی کے لیے جگہ بن سکے۔ حقیقی خوشی زندگی کی خوشیوں اور غموں کے ساتھ نبھاہ کرنے میں ہے۔ خوشی ہمیں اس اعتماد سے حاصل ہوتی ہے کہ ہم میں دکھ اور درد کو برداشت کرنے کی صلاحیت ہے۔ ہمارے غمگین رہنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ ہم ہر معاملے میں اپنے نقطہ نظر کو اہمیت دیتے ہیں اور دوسروں کی ذات اور نقطہ نظر کو اہمیت دینے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ اکثر لوگ اپنی انا کے اتنے اسیر ہوتے ہیں کہ وہ دوسرے افراد کے وجود کو ہی تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہوتے۔ اناؤں کا یہ تصادم ہمارے لیے مسلسل ایسے حالات پیدا کرتا رہتا ہے جو ہمیں ناخوش رکھتے ہیں۔
ماہرین نفسیات نے بعض ایسے طریقے بھی وضع کیے ہیں جن پر چل کر آپ اپنی زندگی کو خوشی سے بھر سکتے ہیں‘ اپنی زندگی میں آنے والے خوشی کے لمحات کو طول دے سکتے ہیں اور اپنی زندگی سے ناخوشگوار باتیں کم کر سکتے ہیں۔
۱۔ اپنے قریبی لوگوں کو فوقیت دیں۔ جن لوگوں کے اپنے قریبی افراد کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہوتے ہیں وہ زندگی کی ناخوشگوار باتوں کو زیادہ بہتر انداز میں برداشت کرتے ہیں۔
۲۔ اپنے آپ کو خوش ظاہر کریں۔ تجربات بتاتے ہیں کہ جو لوگ خود کو خوش ظاہر کرتے ہیں وہ زیادہ خوش رہتے ہیں۔ یہ معلوم ہوا ہے کہ مسکرانے کے دوران ہمارے چہرے کے عضلات جو حرکت کرتے ہیں اس کا ہمارے خوشی کو محسوس کرنے کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔
۳۔ اپنی مادی ضروریات کے ساتھ ساتھ اپنی روحانی ضروریات پر بھی توجہ دیں۔ کوشش کریں کہ اچھی اقدار کے مطابق زندگی گزاریں۔
۴۔ خوش لوگ جوش و جذبے سے کام کرتے ہیں لیکن ان کے ساتھ ساتھ وہ زیادہ آرام بھی کرتے ہیں اور نیند کے لیے بھی کافی وقت نکالتے ہیں۔
۵۔ مثبت جذبات ہماری زندگی میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ منفی جذبات ہمیں ناخوش رکھتے ہیں جبکہ مثبت جذبات ہمارے زخموں کو بھرنے میں مدد دیتے ہیں۔
۶۔ اپنے وقت کو احسن انداز میں صرف کریں۔ خوش لوگ اپنے سامنے اچھے مقاصد رکھتے ہیں۔
۷۔ حال میں زندہ رہیں‘ جو لوگ بہت زیادہ ماضی میں رہتے ہیں وہ زیادہ تر نا خوش رہتے ہیں۔
۸۔ اپنے چہرے پر مسکراہٹ رکھیں۔
۹۔ رشتہ داروں‘ دوستوں کی مدد کریں۔
۱۰۔ اچھی کتابوں کے ساتھ زندگی گزاریں۔
۱۱۔ایسے کام کریں جن میں آپ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے۔
۱۲۔ اپنے آپ کو بیکار مت رکھیں اور نہ زیادہ وقت ٹیلی وژن دیکھنے‘ کمپیوٹر استعمال کرنے‘ موبائل و سوشل میڈیا پر صرف کریں۔

Facebook Comments

مرِزا مدثر نواز
ٹیلی کام انجینئر- ایم ایس سی ٹیلی کمیونیکیشن انجنیئرنگ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply