خراسان میں گزرے چالیس دن/سراجی تھلوی(2)

یہ ورکشاپ “طرح ولایت ،چالیس روزہ چلّہ معرفتی “ہر سال گرمیوں کی چھٹیوں میں ایران کے شہر مشہد مقدس سے 64 کلومیٹر دور “مفتاح”نامی دیہات میں منعقد ہوتا ہے۔اس سال بھی 2023ء کے اوائل میں اعلامیہ جاری ہوگیا کہ خواہش مند طلباء و طالبات اپنے مشخصات آنلائن ایڈریس پر بھیج سکتے ہیں۔

 

 

 

اعلامیہ کے دیکھتے ہی ہم نے سوچا :اندھے کو کیا چاہیے؛ دو آنکھیں۔ دیر کس بات کی ،ہم نے بھی جھٹ سے سارے مشخصات متعلقہ سائٹ پر اپلوڈ کر دیے، تاکہ فرصت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
دو تین مہینے بعد انٹرویو کے لیے بلایا گیا۔ استاد محترم پارسا نژاد صاحب نے منطق اور فلسفہ کے مبادی ،موضوع و مقدمات کے بارے میں مختصر پُرسش کی۔اور ہمیں کہا گیا آپ کو  اس ورکشاپ کے لیے منتخب کیا جا چکا ہے۔یکم جولائی 2023ء کو ہمارا یہ کاروان قم المقدس سے درگاہ ہشتمین سلطان اولیاء علی ابن موسیٰ رضا (مشہد مقدس) کی طرف روانہ ہوگیا۔ اس کارواں میں المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی قم سے 50طلباء تھے ۔2جولائی کی صبح  مشہد میں طلوع ہوئی ۔اور ناشتہ،مختصر استراحت و آرام کے بعد حرم امام رضا کے اندر موجود ایک ہال میں ” ابتدائی نشست”منعقد ہوئی۔ جس میں ایران کے معروف علما و فلسفیوں نے شرکت کی ۔بالخصوص آیت اللہ مصباح رح کی یونیورسٹی کے رئیس آیت اللہ فیاضی صاحب نے شرکت  کی،جو اس وقت ایران کے نمائندہ فلسفیوں میں سرفہرست ہیں ۔بلکہ فلسفہ اسلامی میں آپکے تفردات و ابتکارات قابل فخر ہیں ۔آپ نے “طرح ولایت ،چالیس روزہ چلّہ معرفتی اندیشہ اسلامی “کی اہمیت،ضرورت اور نتائج کے بارے میں تفصیلی گفتگو فرمائی ۔اسکے بعد ڈاکٹر مجتبیٰ مصباح صاحب نے اس ورکشاپ کی اہمیت اور ویسٹرن فلاسفرز اور مستشرقین کی طرف سے اٹھائے جانے والے شبہات اور انکے جواب کے بارے میں دقیق و مفصل گفتگو فرمائی تاکہ اس ورکشاپ میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات آنے والے چالیس دنوں میں جن مباحث سے سروکار ہونا تھا ان کے بارے میں ذہنی طور پر آمادہ رہیں۔اس نشست کے بعد سلطان عرب و العجم حضرت شاہ خراسان امام علی ابن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہوئے ۔3جولائی 2023 سے ہماری کلاسوں  کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔

اس ورکشاپ کے نصاب اور نظام واقعتاً سراہنے کے قابل ہیں۔میرے خیال میں اس طرح کی ورکشاپ اسلامی ممالک میں شاید ہی منعقد ہوں۔ جہاں مغربی افکار کا دقیق مطالعہ ان کے شبہات کے  عقلی دلائل کے ذریعے جوابات دیے جائیں۔ عقیدہ توحید پر الحاد و لادینیت کی طرف سے جو شبہات اٹھائے جاتے ہیں اور اس دلدل میں ہماری  یونیورسٹیز کے سٹوڈنٹس جس تیزی کے ساتھ پھنستے جارہے ہیں۔اور ان شبہات کے جوابات تلاش کرنے میں کوشاں ہیں لیکن تسلی بخش جواب دینے والا کوئی میسر نہیں ہوتا ۔ایسے میں اس طرح کی  ورکشاپ  بہت ضروری ہیں ۔ آیت اللہ مصباح یزدی رح فرماتے ہیں ؛کہ یہ “طرح ولایت چالیس روزہ چلّہ معرفتی “میرے ستر سال کی کوششوں اور محنتوں کا ماحصل ہے ۔ایک عظیم اسلامی فلاسفر کا ستر 70 سال کی پیہم تلاش و کوشش اور جہد مسلسل کے بعد حاصل شدہ افکار و مقصد کو چالیس دنوں میں علم و دانش کے جویاؤں تک منتقل کرنا ایک عظیم اور اعصاب شکن کام ہے۔اور اس فکری دسترخوان سے خوشہ چینی کا موقع میسر ہونا زندگی کے  انتہائی قیمتی لمحات میں سے ایک ہے ۔اس نفسا نفسی اور مادیت زدہ دور میں علم و دانش ،فلسفہ و عرفان،عقلی و فکری مباحث سے آشنائی کا موقع ملنا۔میرے لیے بہت سارے لذائذ دُنیا سے زیادہ لذت بخش ہے ۔جس کو لفظوں میں بیان کرنا بعید از امکان ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

جاری ہے

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply