• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • برطانیہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے حفاظتی تجاویز/فرزانہ افضل

برطانیہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے حفاظتی تجاویز/فرزانہ افضل

ٹیکسی اور پرائیویٹ ہائر ڈرائیورز کے لیے کام کے دوران پیش آنے والے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مسافروں کی طرف سے گالی گلوچ جھگڑا بدسلوکی کے واقعات اکثر ہوتے ہیں۔ جبکہ ڈرائیوروں پر تشدد، مار پیٹ ،چوری ڈکیتی جس میں گاڑی چھیننا بھی شامل ہیں، کے واقعات بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔ لہٰذا ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے ایک کار انشورنس کمپنی نے چند تجاویز پیش کی ہیں جو ڈرائیورز کو ٹیکسی اور پرائیویٹ ہائر انڈسٹری میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ گو کہ یہ ایسی بنیادی باتیں ہیں جو کہ عام طور پر سب اس سے واقف ہیں لیکن جب ہم ان کو تحریر کی شکل میں پڑھتے ہیں تو ان پر زیادہ غور کرتے ہیں

1: رقم اور املاک کو محفوظ بنانا
ڈرائیوروں کو چاہیے کہ اپنی حفاظت کے مدنظر اور چوروں کی حوصلہ شکنی کے لیے کم سے کم نقدی لے کر جائیں اور کار کے درمیانی باکس میں پیسے چھوڑنے سے گریز کریں کیونکہ وہاں چوروں کی آسانی سے پہنچ ہو سکتی ہے۔ گزشتہ چند سالوں سے جب سے ایپ پر بکنگ ہوتی ہے اور کیش کا لین دین کافی حد تک کم ہو گیا ہے یہ مسئلہ بہتر ہو گیا ہے تاہم ذاتی اشیاء خاص طور پر موبائل فون کو بھی حفاظت سے ایسی جگہ رکھنا چاہیے تاکہ وہ مسافروں کی پہنچ سے باہر ہو۔ اس کے علاوہ آپ اپنے فون کا آئی ایم ای آئی IMEI نمبر اپنی ڈائری میں نوٹ کر کے رکھیں۔ یہ نمبر آپ #06# ڈائل کر کے حاصل کر سکتے ہیں۔ اس نمبر کی مدد سے آپ کا فون چوری ہونے کی صورت میں ٹریک کیا جا سکتا ہے۔ خدانخواستہ خطرناک صورتحال کا سامنا ہو تو اپنی چیزوں سے زیادہ اپنی جان کی حفاظت کو ترجیح دیں۔ اور جتنی جلدی ممکن ہو 999 کو ڈائل کریں۔

2: ٹرانزٹ کے دوران حفاظت کرنا
کئی بار مسافر آپ سے اچانک کسی جگہ رکنے کی درخواست کر سکتے ہیں یا آپ کو گلیوں میں جانے کی ہدایات دیتے ہیں کوشش کریں کہ سنسان گلیوں میں ڈرائیو کرنے سے گریز کریں اور رات کے وقت روشن مقامات سے گزریں ۔ بعض اوقات آپ کا دھیان خراب کرنے کے لیے آپ سے عجیب قسم کی درخواستیں بھی کی جا سکتی ہیں۔ مثلاً سیٹ کو ایڈجسٹ کریں یا گاڑی سے اتر کر بوٹ کھولیں اور کوئی سامان نکال دیں۔ اس بات کا مقصد یہ ہے کہ آپ گاڑی سے اتر جائیں اگر ایسا کرنا ناگزیر ہو تو گاڑی کا انجن بند کریں جب بھی اپنے ساتھ لے کر اتریں۔

3: حفاظتی تکنیک کا استعمال
اپنی پرسنل سیفٹی کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور کریں۔ کچھ آلات آپ کو ہنگامی صورتحال میں مانیٹرنگ سٹیشن سے جوڑ سکتے ہیں اپنی گاڑی میں سی سی ٹی وی نصب کروائیں جو آپ کی لائسنسنگ اتھارٹی سے منظور شدہ ہو۔ ٹریکنگ ڈیوائس لگوائیں تاکہ گاڑی چوری ہونے کی صورت میں پتہ لگایا جا سکے یہ تمام چیزیں ویب سائٹس “ڈیزائن” ، “ٹی ایف ایل” اور “تھیچم” سے مل سکتی ہیں۔ آپ نے ریجن کی پولیس کی ویب سائٹ پر ان کا صفحہ “جرائم سے خود کی حفاظت کیسے کی جائے” ضرور پڑھیں۔

4: جرائم کی رپورٹ
تمام مشتبہ جرائم کی اطلاع دینا بہت ضروری ہے ہنگامی حالات میں 999 پر فوری کال کریں۔ اور واقعہ کے دوران ایسا کرنا ممکن نہ ہو تو 101 پر کال کریں یا پھر پولیس کو آن لائن رپورٹ کریں۔ پرائیویٹ ہائر آپریٹرز کے پاس بکنگ کی تفصیلات موجود ہوتی ہیں لہٰذا یہ پولیس کی تحقیقات میں مدد کر سکتے ہیں۔

5: مسافروں کے ساتھ ڈیلنگ
سواریوں کے ساتھ آپ کے برتاؤ کا طریقہ بھی بڑی اہمیت رکھتا ہے ان کے ساتھ ہمیشہ شائستہ اور غیر جانبدارانہ رویہ رکھیں۔ یعنی ان کے بارے میں کسی قسم کی کوئی رائے قائم نہ کریں۔ اگر آپ کو ایسا محسوس ہو کہ سواری کا رویہ پریشان کن ہو سکتا ہے یا غیر مناسب ہے تو آپ کو سروس سے انکار کرنے کا پورا حق موجود ہے اور اگر کوئی کرایہ ادا کیے بغیر یا گاڑی سے کچھ چوری کر کے فرار ہو جائے تو یاد رکھیے  آپ کی خود کی حفاظت پہلے آتی ہے ۔کسی قسم کا رسک نہ لیں جس سے آپ کی جان کو خطرہ ہو۔

6: جسمانی لڑائی یا تصادم سے بچنا
بلا شبہ آپ کی گاڑی آپ کے روزگار کا وسیلہ ہے مگر یہ ضروری ہے کہ اگر تشدد کا خطرہ ہو تو جوابی حملہ نہ کریں۔ اگر دھمکی دی جائے تو کوئی رقم حوالے کر دیں اور تفتیش کا معاملہ پولیس پر چھوڑ دیں۔
7: گاڑی میں سیفٹی آلات لگانا
اپنی حفاظت کے لیے اپنی کار کو اپ گریڈ کرنا اپ کے ذہنی سکون میں مدد کر سکتا ہے مثلاً اپنی کار کے ہینڈل صرف اندر سے کھولنے کا سسٹم اور ڈیڈ لاک فٹ کروائیں اور کار کے اندر ڈرائیور سیٹ اور پچھلی پیسنجر سیٹ کے درمیان حفاظتی شیشہ لگوائیں۔ بلیک کیب میں تو یہ سٹینڈرڈ طور پر فٹ ہوتا ہے مگر باقی گاڑیوں میں خود لگوانا پڑتا ہے۔ جدید ترین مواصلاتی آلات کسی بھی قسم کا مسئلہ درپیش آنے کی صورت میں رئیل ٹائم الرٹ فراہم کر سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر بچنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

سب سے آخر میں آپ کے کام کرنے کے اوقات اور مقامات کا انتخاب کرنا بھی ایک اہم ذاتی فیصلہ ہے۔ کچھ ڈرائیورز رات کے اوقات میں کام کرتے ہیں جب کہ کچھ صرف دن میں کام کرنا پسند کرتے ہیں ۔ ہر قسم کے حالات میں ٹیکسی اور پرائیویٹ ہائر ڈرائیورز کو اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ ہیلتھ اینڈ سیفٹی سے متعلق معلومات آپ یورپین ایجنسی فار سیفٹی اینڈ ہیلتھ ایٹ ورک کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ یاد رکھیے پرائیویٹ ہائر انڈسٹری کا مقصد صرف مسافر کی ہی نہیں ڈرائیور کی حفاظت بھی یقینی بنانا ہے ۔ صحیح حفاظتی اقدامات کے ساتھ آپ کام کے دوران خود کو محفوظ تصور کر سکتے ہیں اور اپنی جاب پراعتمادی کے ساتھ انجام دے سکتے ہیں۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply