دانتے (۳) جہنمی دائرے Inferno Circles 3-7/احمر نعمان سیّد

دوسری قسط کا لنک؛

 

 

 

 

 

جہنم کے اوپری دو طبقات اور دانتے کی دو محبتیں،(شاعری و حکمت سے محبت اور پھر محبت بذات خود) ہم نے پہلے دیکھے؛اگلی اور تیسری محبت سیاست ہے۔
دائرہ ۳ -بسیارخوری Gluttony
عیسائیت کے سات گناہ کبیرہ میں ایک بسیارخوری (زیادہ کھانا،زیادہ پینا) ہے، محبت بُری نہیں مگرحد سے بڑھنا غلط، اسی طرح کھانا پینا بُرا نہیں مگرجانوروں کی طرح کھانا یا بےحد پینا؟ گناہ گار یہاں خنزیرکی طرح بول و براز، گندگی اور کیچڑ میں لتھڑے پڑے ہیں، یہی ان کی خوراک ہے، بارش برستی رہتی ہے۔
پہرہ دار تین سروں والا دیومالائی کتا کربورس Cerberus ہے، جو تینوں منہ، کھانے اور گناہ گاروں کو کاٹنے میں استعمال کرتا ہے۔ ایننیڈ میں سبل نے اسے بیہوشی والا کیک کھلا کر سلایا تھا، ہرکولیس نے اسے اٹھا پھینکا، یہاں ورجل مٹھیوں میں گندگی بھر کر اچھالتا ہے جسے کھانے میں مصروف ہو جاتا ہے۔
دانتے کو سیاستدان چاکو ciacco نظر آتا ہے(اسے خنزیرکہا جاتا تھا)، دیگر سیاستدانوں کے متعلق دریافت کرنے پر چاکو بتاتا ہے کہ وہ تاریک ترین ارواح کے ہمراہ جہنم کے نچلے طبقات میں ہیں کیونکہ یہ حسد کرنے والے اورپھوٹ ڈالنےوالے تھے۔ مستقبل کے حالات بتا کر اوندھے منہ غنودگی میں گر جاتا ہے، بسیارخوری کا یہی انجام دکھایا گیا ہے کہ   سو ر کی طرح کھا کرغنودگی میں پڑےرہو۔

دائرہ ۴- فضول خرچ و بخیل Greed (Wasters & Hoarders)
اگلا دائرہ دولت سے متعلق گناہ گاروں کا ہے؛ دونوں انتہائیں، یعنی دولت جوڑنے والے بخیل اوران کے الٹ دولٹ لٹانے اور اسراف کرنے والے؛ نگران دولت کا خدا پلوٹس ہے جو دانتے کو دیکھ کرغصے میں اناپ شناپ بکنے لگتا ہے۔ دونوں مخالف سمتوں سے اپنا اپنا بھاری بوجھ دھکیلتے ہیں، درمیان میں ٹکرا جاتے ہیں اور پھر ایک دوسرے کو لعن طعن کرتے واپس چلے جاتے ہیں؛ ورجل اسے بتاتا ہے کہ دولت کی خاطر انسان اسی طرح لڑتا ہے، حالانکہ اس سے چین نہیں ملتا، جسے نہ ملے، وہ تقدیر کو گالیاں دیتا ہے حالانکہ یہ امورانسان سمجھ نہیں سکتا، نہ ہی تقدیر کو بُرا بھلا کہنے سے فرق پڑتا ہے۔ یہاں دانتے کو سرمنڈوائے کارڈینلزیا کلیسا کے لوگ نظر آتے ہیں جو حریص تھے۔

دائرہ ۵- غصیلے Wrath / Anger
اس کے بعد غصیلوں کا ٹھکانہ ہے، جو غیض و غضب میں خود اختیاری کھو بیٹھے ہیں ۔ ان کا نگران جنگ کا دیوتا فلیگس Phlegyas ہے، جس نے اپنی بیٹی کی عصمت دری کے انتقام میں اپالو دیوتا کا گھر جلا دیا تھا۔ وہاں غصیلے، ننگ دھڑنگ، کیچڑ میں لت پت غیض سے بھرے ایک دوسرے کو مارتے اوردانتوں سے تکا بوٹی کر رہے ہیں۔ کالے پانی کا چشمہ ہے جو دلدل بنتا جاتا ہے۔ پانی میں بھی ارواح ہیں جو ہچکیاں لے کر روئیں تو آہوں سے بلبلے بنتے ہیں۔
فلیگس دانتے اور ورجل کو اپنی کشتی میں جہنمی دلدل (Styx)کے پار پہنچا دیتا ہے۔ راستے میں کیچڑ میں لت پت فلپو ارجنٹی کی روح ملتی ہے، یہ متکبر اور غصیلا سیاستدان تھا،جو دانتے کی مخالف پارٹی میں تھا، وہ پہچان لیتا ہے کہ دانتے انسان ہے، دانتے خوش ہوتا ہےاور چاہتا ہے کہ اسے مزید سخت سزا ملے۔ ارجینٹینی غصہ میں آ کرپہلے کشتی الٹنے لگتا ہے، ورجل کے روکنے پر غصہ میں دانتوں سے خود کو کاٹنے میں مصروف ہو جاتا ہے۔
شیطانی شہر City of Dis
آگے پلوٹو اور لوسیفر کا شیطانی شہر ہے،City of Dis ؛ یہاں ہزارہا مطعون فرشتے Fallen Angels غصے سے انہیں روکتے ہیں کہ انسان یہاں کیسے آ پہنچا۔ ورجل گھبرا کران سے علیحدہ بات کرتا ہے؛ اسی اثنا میں قہر کی تینوں دیویاں غضبناک انداز میں نمودار ہوتی ہیں جن کی پیدائش ہی خون سے ہوئی تھی ،تینوں اپنے آپ کو دو ہتڑ مارتی چیخ رہی ہیں، یہ میڈوسا کی مدد سے، جس کے سر پر سانپ لہراتے ہیں اور جو اسکی آنکھوں میں جھانک لے، پتھر کا ہو جائے، دانتے کو پتھر کا بنانا چاہتی ہیں؛ ورجل, دانتے کی آنکھوں پر ہاتھ رکھ کر بچاتا ہے۔

اب یہاں تک غور کیجیے تو یہ وہ گناہ ہیں جو خود اختیاری سے متعلق ہیں، جنسی محبت، بسیار خوری، حرص وبخل، غصہ انسان کو بےقابو کرتے ہیں۔ خود اختیاری کھوکر انسان خواہشات کا غلام بن جاتا ہے۔ افلاطون کا معروف اعتدال Temperance اورارسطو کا Golden mean کے تصورات، یہ دانتے (اور قاری) کی خود شناسی کے لیے ہیں۔

دائرہ نمبر ۶- بدعتی ،متعصب، دھڑے باز Heretic
چنگھاڑ سے آسمانی قاصد نمودار ہوتا ہے اور اندر لے جاتا ہے، یہاں وہ ہیں جنہوں نے نئے فرقے بنائے یا خدا پر افترا باندھی، معروف فلسفیانہ مکتب فکر، ایپیکورین Epicurean، جو حیات بعد الموت پر یقین نہیں رکھتے اور حصولِ لذت کو زندگی کا مقصد سمجھتے تھے۔ پانی کے پار ایک میدان قبروں سے بھرا ہے جن سے آگ کے شعلے نکل رہے ہیں۔ یہ تعصب کا شکار لوگ تھے۔ یہاں دانتے متعصب سیاستدان فریناٹا سے ملتا ہے جو اسے بتاتا ہے کہ جہنم میں زمینی ‘حال’ کو بذریعہ مستقبل جانا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ شہنشاہ فریڈرک دوئم اورایک معروف پوپ بھی نظرآتےہیں۔
ان سے آگے جہنم کے نچلے طبقات میں سنگین گناہ گار ہیں، جن کی سزائیں سخت بھی ہیں،انکے اپنے بہت سے درجات ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

دائرہ نمبر ۷- ظالم، درندہ صفت یا پُرتشدد Violence
اس دائرے کے اپنے طبقات ہیں، یہاں پہریدار Minotaur ہے جسے مائینوس کا بیل بھی کہتے ہیں۔ مائینوس کی بیوی کو ایک سانڈ سے عشق ہو گیا تھا، اس کے نتیجہ میں یہ عجیب الخلقت مخلوق پیدا ہوئی، جس کا آدھا جسم انسانی اور دھڑ بیل کا تھا۔ اسے سات باکرہ لڑکیوں کی قربانی دی جاتی ہے۔ انہیں دیکھ کر غصے سے ڈکراتا انکی جانب دوڑتا ہے۔ یہ درندہ صفت اور تشدد کرنے والے گناہ گاروں کا طبقہ ہے جنہیں بطور سزا چیرتا پھاڑتا رہتا ہے۔
یہاں دریائے خون ابل رہا ہے، جس کا خون ساتویں طبق کے گرد بہتا ہے، صرف ایک جانب پانی ہے، یہاں وہ ظالم ہیں جن میں سے کوئی حلق تک اس خون میں ڈوبا ہوا ہے، کوئی آنکھوں تک۔ یہاں انکا رہبر کیروں Chiron ہے، جو وحشی شکاریوں ،قنطوروں کا سربراہ تھا Centaurs ۔ وہ بتاتا ہے کہ یہاں سکندراور اس جیسے ظالم اور جابربادشاہ ہیں۔
ان میں پہلا طبقہ وہ جو انسانوں پر تشدد کرتے، اور ان میں بھی اوّل جو اپنے ہمسائیوں پر تشدد کرتے ہوں۔ دریائے خون کے دوسرے حصہ میں وہ جو خود پر تشدد کرتے تھے یعنی خودکشی کرنے والے، یہ ایک خوفناک پُرہیبت جنگل ہے جہاں کانٹوں بھرے درخت ہیں۔ دانتے ایک شاخ توڑتا ہے تو اس میں سے کالا خون نکلتا ہے اور وہ روتی ہوئی بتاتی ہے کہ وہ انسان تھے، خودکشی کی پاداش میں یہ سزا ملی ہے۔ ان کے نگران Harpies ہیں جو نصف عورت اور نصف پرندے ہیں، یہ ان درختوں کے پتے کھاتے ہیں جس سے ان ارواح کو سزا ملتی ہے۔
جنگل کے بعد تیسرا حصّہ ہے جنہوں نے خدا یا فطرت پر تشدد کیا، ان میں تین قسم کے لوگ ہیں، اہل صدوم sodomist ، ہم جنس پرست (جنہوں نے فطرت پر تشدد کیا)، ملحدین (خدا پر تشدد کرنے والے) اور سودخور(جنہوں نے دولت کو غیرفطری انداز میں استعمال کیا)۔ ملحدین صحرا میں چت پڑے ہوتے ہیں اورآگ کی بارش ہو رہی ہے۔ ہم جنس پرست دائروں میں گھومتے ہیں، سودخور گھٹنے کے بل گھسٹتے روتے جاتے ہیں۔
ایک روح دانتے کا ہاتھ پکڑ لیتی ہے، دانتے پہچان لیتا ہے کہ یہ اس کا استاد برنیٹو لاتینی ہے، دانتے ادب کے ساتھ اس کے ہمراہ چل پڑتا ہے۔ برنیٹو کے دریافت کرنے پردانتے بتاتا ہے کہ اس نے خود کو لاپتہ پایا، ورجل اسے گھر کا رستہ دکھا رہا ہے، برنیٹو تسلی دیتا ہے،ستاروں کو فالو کرو، سب درست رہے گا؛ دانتے کی قسمت میں اچھائی اورعزت لکھی ہے، بس خزانہ treasure فالو کرتا رہے، یہ ان کتب کے عنوان ہیں (treasure ) جو برونیٹو نے لکھیں، دانتے کی مسلم فکری روایت سے آگہی انہی کتب کی بدولت تھی۔ دانتے کو اس نے امرہونے کا طریقہ بتایا تھا؛ علوم و فنون، شاعری ، لکھنا اور دانش۔ بائیبل میں اس حوالہ سے آتا ہے؛ Where your treasure is, there your heart is؛
ایک حساب سے گویا دانتے نے اپنی محبتوں اور خواہشات کی راہ پر چلنا ہے مگر حدود میں رہتے تاکہ خواہشات کے باوجود جہنم سے بچاؤ ممکن رہے۔۔   باقی آئندہ

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply