“ریڈ ٹورزم” کیا ہے؟۔۔زبیر بشیر

چین ایک حیرت کدہ ہے۔ یہاں میرے قیام کو تین برس ہونے والے ہیں۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ میری اس ملک کے حوالے سے معلومات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ ہر بار میں کچھ ایسا جانتا ہوں کہ چینی قوم کی فہم و فراست اور دانش کا مزید قائل ہو جاتا ہوں۔ حالیہ دنوں چین میں یوم مئی کی چھٹیاں تھیں۔ یہ چھٹیاں یکم مئی تک پانچ مئی تک منائیں گئیں اور ان چھٹیوں کے دوران چینی لوگوں نے بھر پور انداز میں سیاحتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اس دوران کون کون سے مقامات سب سے زیادہ قابل دید رہے اور کن کن  ذرائع آمد رفت میں کتنے کتنے لوگ سوار ہوئے یہ تفصیلات بھی عرض کروں گا لیکن سب سے پہلے بات کرتے ہیں کہ “ریڈ ٹورزم” کیا ہے؟

چین میں رواں برس کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 100 ویں سالگرہ منائی جارہی ہیں۔ اس پارٹی نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام، عوامی جمہوریہ چین کے استحکام اور موجودہ ترقی تک ناقابل فراموش خدمات سرانجام دی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چینی لوگ اس جماعت سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ اس محبت اور والہانہ پن کی وجہ سے عوامی جمہوریہ چین کے شہریوں نے اپنے انقلابی قائدین کی یادگاروں کا دورہ کیا۔ چینی عوام کی جانب سے کمیونسٹ پارٹی اور اس کے قائدین سے وابستہ مقامات کے دورں کو میڈیا نے ریڈ ٹورازم کا نام دیا ہے۔ چین کے وزیر سیاحت و ثقافت کے مطابق حالیہ چند برسوں میں نوجوان نسل میں اپنی انقلابی تاریخ کے بارے میں جاننے اور اپنی تفہیم کو بہتر بنانے کے حوالے سے بہت زیادہ دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔ جس نے انقلاب سے وابستہ یادگاروں پر لوگوں کی آمد کو بہت زیادہ بڑھا دیا ہے۔

چین کی وزارت سیاحت و ثقافت کے اعداد وشمار کت مطابق سال 2004 سے سال 2019 کے دوران ان سرگرمیوں میں سال بہ سال اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس عرصے میں ان مقامات کا دورہ کرنے والوں کی تعداد 140 ملین سے بڑھ کر 1400 ملین تک پہنچ چکی ہے۔ صرف سال 2019 میں کمیونسٹ انقلاب سے وابستہ مقامات پر  73 ملین افراد آئے۔ چینی وزیر سیاحت نے کہا کہ ان دوروں کا مقصد محض سیاحت نہیں تھا بلکہ چینی لوگ اپنے محسنوں اور ان کی جدوجہد سے متعلق زیادہ سے زیادہ جاننا چاہتے ہیں۔

چین کے صوبہ حبے کی پھنگ شان کاؤنٹی کا مقام شی بائی پھو  جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی تاریخ میں بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے وہاں سیاحتی سرگرمیوں کی وجہ سے کم وبیش 80 ہزار سے زائد مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں اور ان کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ یہ ایک مقام ہے۔  چین بھر میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا سے وابستہ 36 ہزار سے زائد غیر منقولہ یادگاریں موجود ہیں۔ اسی طرح ریاستی انتظام میں پارٹی سے وابستہ 10 لاکھ سے زائد ورثے موجود ہیں۔ جنہیں دیکھنے کے لئے ہر سال لوگ آتے ہیں۔ ان تمام یادگاروں اور ثقافتی ورثے کی سیاحت کو چین میں “ریڈ ٹورازم” کہا جاتا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 100 ویں سالگرہ کی وجہ سے پارٹی اور پارٹی سے وابستہ مقامات پر نہ صرف لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے بلکہ نوجوان اپنی محبت کے اظہار کے لئے ٹیکنالوجی کا بھی بھر پور استعمال کر رہے ہیں۔ چین کے مشرقی صوبے زے جیانگ کی نان ہو جھیل جہاں سن 1921 میں ایک کشتی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی پہلی عوامی کانگریس کا اجلاس منعقد ہوا تھا نوجوانوں کی جانب سے پوسٹ کارڈ بھیجے جارہے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ حالیہ چھٹیوں میں ریڈ ٹورزم کے فروغ میں نوجوانوں کا اہم کردار رہا۔ ان سیاحتی سرگرمیوں میں شریک چالیس فیصد لوگوں کی عمریں 21 سے 30 کے درمیان تھیں۔ اگر ہم مجموعی اعداد و شمار کا تجزیہ کریں ان سرگرمیوں شریک ہونے والوں میں 80 فیصد سے زائد لوگ ایسے ہیں جن کی عمریں 40 سال سے کم ہیں۔

 

Facebook Comments

Zubair Bashir
چوہدری محمد زبیر بشیر(سینئر پروڈیوسر ریڈیو پاکستان) مصنف ریڈیو پاکستان لاہور میں سینئر پروڈیوسر ہیں۔ ان دنوں ڈیپوٹیشن پر بیجنگ میں چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس سے وابستہ ہیں۔ اسے قبل ڈوئچے ویلے بون جرمنی کی اردو سروس سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ چین میں اپنے قیام کے دوران رپورٹنگ کے شعبے میں سن 2019 اور سن 2020 میں دو ایوارڈ جیت چکے ہیں۔