تتھاگت نظم ۔۔(2) ذاتی فیصلہ

تتھاگت نظم ۔۔۔2
ذاتی فیصلہ
ستیہ پال آنند
اور پھر ایسے ہوا، اک نرتکی نے
خوبرو آنند کو باہوں میں بھر کر
یہ کہا، ’’تم سَنگھ سے باہر چلے آؤ، یہ میری
دولت و ثروت، یہ جاہ و حشم، یہ اونچا محل
اور سب سے بڑھ کر میں …تمہارے منتظر ہیں!‘‘

بھولا بھالا خوبرو آنند یہ باتیں نہ سمجھا
پوچھنا ہو گا تتھا گت سے، کہا ، اور لوٹ آیا

’’۔۔آپ سے کچھ پوچھنا ہے‘‘

’’۔۔آؤ، پوچھو!‘‘

’’۔۔وہ نگر کی نرتکی ہے
وہ مجھے کہتی ہے، میرے پاس آؤ …‘‘

’’۔۔بول آنند!‘‘

’’۔۔’کام‘ سے اور واسنا سے
آپ نے بھگوان کیسے…؟‘‘

’’۔۔.اپنے استفسار پر مت ہچکچاؤ
مجھ سے ان لفظوں میں پوچھو
اک یشودھا چھوڑ دینے سے تتھا گت
آپ کو کیا جنس کی خواہش سے چھٹکارہ ملا تھا؟‘‘

’’۔۔ہاں، تتھا گت، آپ کے لفظوں میں اب میں
آپ سے ہی پوچھتا ہوں‘‘

بُدھّ آنکھیں موند کر ۰ انتر جگت میں جا براجے ۰داخلی آفاق
چند لمحے غرق رہ کر
پھر ابھر آئے، کہا ،
’’۔۔میں خود ، یشودھا اور بچہ
جانے کتنی ان گنت صدیوں تلک جکڑے ہوئے تھے
آپسی بندھن ہمارا ایک ایسا جال تھا
جس سے نکلنا
میرا بندھن توڑنا
ان سے بچھڑنا
میرا پہلا کام تھا ، نروان کے رستے پہ پہلا پاؤں
آگے کی طرف…
کیا سُن رہے ہو؟‘‘

’’۔۔ہاں، تتھا گت،سُن رہا ہوں۔‘‘

’’۔۔جنس کی خواہش کسی مخصوص عورت کے لیے ہو
کوئی اک عورت ہو جس سے
منسلک ہو کر تمہاری عمر گذرے ….‘‘

’’۔۔آپ کا مطلب ہے، شادی یا بیاہ
منڈپ میں اگنی کی گواہی سے، تتھا گت….؟‘‘

’’۔۔یہ نہیں، آنند، میرا ۰ ارتھ قطعاً یہ نہیں ہے ۰مطلب
بیاہ شادی صرف دنیا کے دکھاوے کے لیے ہیں
میں نے بس اتنا کہا تھا،
’کوئی اک عورت ہو، جس سے منسلک ہو کر تمہاری عمر گذرے‘
۰واسنا تو ہے، مگر یہ واسنا ایسی نہیں ہے، جس سے ۰جنس کی خواہش
کوئی چھُٹکارہ نہیں ہے‘‘

’’۔۔کوئی چھٹکارہ نہیں ہے؟‘‘

’’۔۔میرا بندھن توڑ کر گھر سے نکلنا
صرف ان جنموں کا بندھن توڑنا تھا
جن سے میں جکڑا ہوا تھا
واسنا۰کو چھوڑنے کی بات کب تھی؟‘‘

’’۔۔ہاں، تتھا گت،!‘‘

’’۔۔تم اگر سمجھو، یشودھا اور بچہ چھوڑ کر میں
جنس کی خواہش سے مکتی پا گیا ہوں
تو غلط ہے!‘‘

’’۔۔میرے بارے میں، تتھا گت
آپ کا کیا فیصلہ ہے؟‘‘

Advertisements
julia rana solicitors london

’’۔۔یہ تمہارا اپنا ذاتی فیصلہ ہو گا، تمہارے
اس جنم کا یا کسی اگلے جنم کا
اک نیا بندھن جسے تم اپنے ہاتھوں سے گلے میں
باندھ لو گے
سوچ کر آگے چلو، آنند بھکشو!‘‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۰۰واسنا : بمعنی "ہوس"

Facebook Comments

ستیہ پال آنند
شاعر، مصنف اور دھرتی کا سچا بیٹا

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply