کراچی سرکلر ریلوے کے ٹریک پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے آج سے باقاعدہ آپریشن کا آغاز کیا جائے گا، اس سلسلے میں بھاری مشینری کےساتھ پولیس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کراچی سرکلر ریلوے ٹریک پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کے پہلے مرحلے میں غریب آباد فرنیچر مارکیٹ کو ہٹا کر ریلوے ٹریک کلیئر کیا جائے گا۔اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ روز غریب آباد میں ٹریک پر قائم فرنیچر مارکیٹ کا دورہ کیا اور دکانداروں کو خود تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی۔کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے مطابق ریلوےکی 580 ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے، جسے واگزار کرانا ہے۔کراچی سرکلر ریلوے کا ٹریک 20 سے زائد اسٹیشنز پر مشتمل اور 43 کلومیٹر طویل ہے، جس کے اطراف 5 ہزار سے زائد مکانات تعمیر ہیں۔سرکلر ریلوے ٹریک کے اطراف میں مکانات اور بلندوبالا عمارتیں بھی موجود ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں رہائشیوں کے پاس متعلقہ اداروں کے اجازت نامے اور لیز کی دستاویزات بھی موجود ہیں۔دوسری جانب سپرہائی ایم نائن پر قائم تجاوزات کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا اور غیر قانونی تعمیرات، بل بورڈز اور سائن بورڈز سمیت دیگر تجاوزات ختم کردی گئیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں