حکومت نے پاکستان میں موجود تمام چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے پاکستان میں موجود سی پیک اور دیگر پراجیکٹس پر کام کرنے والے تمام چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کرے گی جب کہ سیکیورٹی پلان میں مقامی پولیس کا کردار بھی موثر بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق چین کے تمام پراجیکٹس کی سیکیورٹی کے لیے سرویلینس بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والوں کی سیکیورٹی اسکریننگ کروائی جائے گی۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے چینی شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کو اجنبیوں کے ساتھ سفر کرنے سے روکنے کے لیے فیصلہ کیا ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی ہدایت پر پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی ، اسپیشل برانچ، و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبہ بھر میں غیر ملکیوں اور قومی املاک و شخصیات کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کے احکامات از سر نو جاری کیے گئے ہیں، چینی شہریوں سمیت ، تمام غیر ملکیوں کی حفاظت کے پلان کو روزانہ کی بنیاد پر اپ گریڈ کیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کی نقل و حمل کے حوالے سے رپورٹس مرتب کی جائیں، غیر ملکی شہریوں کو اجنبی لوگوں کے ساتھ سفر کرنے سے روکا جائے، اس بارے میں ان کو آگاہی دی جائے اور مختلف شعبوں سے وابستہ ملکی شخصیات کو بھی سیکیورٹی ایس او پیز پر پابندی کا پابند بنایا جائے جب کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے مہمانوں اور سائلین کو اصل قومی شناختی کارڈ دیکھے بغیر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں