fbpx
  • صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے لیے اللہ کے مہمان آج عرفات میں

حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے لیے اللہ کے مہمان آج عرفات میں

عازمین حج اتوار کا دن مِنی میں گزارنے کے بعد آج پیر کے روز حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے لیے عرفات پہنچ رہے ہیں۔

رواں برس بھی متعلقہ ادارے حج سیزن کے دوران سکیورٹی، صحت اور انتظامی امور سے متعلق خدمات انجام دینے میں شب و روز مصروفِ عمل ہیں تا کہ حجاج کرام مکمل امن ، سکون اور سلامتی کے ساتھ سہولت سے اپنے مناسک ادا کر سکیں۔

سعودی وزارت صحت نے عرفات کے مختلف حصوں میں چار ہسپتال تیار کیے ہیں جن کی گنجائش 600 بستروں پر مشتمل ہے۔ ان کے علاوہ 46 طبّی مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ گُردوں کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے ڈائیلیسز کی 49 مشینیں تقسیم کی گئی ہیں۔

عرفات میں 150 طبّی ٹیمیں، 33 ایمرجنسی مراکز اور 26 سے زیادہ کیئر پوائنٹس صحت سے متعلق خدمات کے لیے تیار ہیں۔ اس سلسلے میں 355 اہل کاروں کو مختص کیا گیا ہے۔ ان میں 19 ڈاکٹر، 9 اسپیشلسٹ، 100 رضاکار اور 11 نگرانوں کے علاوہ تکنیکی اور انتظامی عملہ شامل ہے۔

عرفات آنے والے تمام راستوں اور اندرونی سڑکوں پر ٹریفک پولیس اور سکیورٹی اہل کاروں کے یونٹس پھیل چکے ہیں تا کہ حجاج کرام کی نقل و حرکت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر سعودی اسکاؤٹس کے نوجوان بھی بڑی تعداد میں رضاکارانہ طور پر مقامات مقدسہ میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

سعودی شہری دفاع کی فورس عرفات میں لاکھوں حجاج کرام کے بیچ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح چاق و چوبند اور تیار ہے۔ اس دوران شہری دفاع ٹیمیں عرفات میں صورت حال کو نظر میں رکھنے کے واسطے گشت میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ فائر بریگیڈ کے عملے کے پاس باریک بینی سے تیار کیے گئے عرفات کے نقشے ہیں تا کہ کسی بھی مقام پر آگ لگنے کی صورت میں فوری امدادی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس موقع پر بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے 1500 سے زیادہ انجینئرز اور انتظامی تکنیک کاروں کی ٹیمیں ہمہ وقت مستعد ہیں۔

مکہ مکرمہ اور مقاماتِ مقدّسہ میں حجاج کرام کے لیے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل واٹر کمپنی نے مجموعی طور پر 20 لاکھ کیوبک فٹ کے ذخیرے کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا ہے۔

گزشتہ پانچ روز کے دوران سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی نگرانی میں مقامات مقدسہ میں پینے کے پانی کے 4.3 کروڑ سے زیادہ چھوٹے کینز، جوُس، دودھ اور دہی کے 3.5 کروڑ سے زیادہ کینز، 1.3 کروڑ روٹیاں اور خوراک کے 40 لاکھ پارسلز داخل ہوئے۔

اسلامی امور اور دعوت و ارشاد کی سعودی وزارت نے “مہمانانِ خادم حرمین” پروگرام کے تحت 5400 سے زیادہ مرد اور خواتین حجاج کی میزبانی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے۔ خادم حرمین کے خرچ پر آنے والے ان حجاج کا تعلق دنیا کے 94 سے زیادہ ممالک سے ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

رواں برس حج سیزن میں سعودی وزارت ثقافت و اطلاعات دنیا بھر سے آئے ہوئے 270 سے زیادہ میڈیا پرسنز کی میزبانی کر رہی ہے۔ فریضہ حج کی کوریج کے سلسلے میں ان شخصیات کا تعلق 120 سے زیادہ ذرائع ابلاغ سے ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply