کامیابی اور کامیاب زندگی کا راز

جنگ لڑنا پڑتی ہے اپنے زورِ بازو پہ
زندگی کے میداں میں معجزے نہیں ہوتے!
زندگی میں ترقّی اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے جستجو, انتھک محنت اور سخت جدّوجہد کی ضرورت ہے, خوابوں سے تعبیر اور پھر تعمیر تک کے اس ُپرخطر اور مشکل ترین سفرمیں جان کو پگھلانا پڑتا ہے, تب جاکر کامیابی کے ستارے مقدّر بنا کرتے ہیں اور انسان کے خوابوں کی کشتی اپنی منزل کے کنارے جا لگتی ہے۔
کوئی پیاسا شخص دریا کے کنارے بیٹھ کر پیاس بجھانا چاہے اور ہاتھ آگے نہ بڑھاۓ تو یہ شخص پیاسا ہی رہ جائے گا ۔ایسے ہی منزل کے متلاشی شخص کو بھی منزل کے حصول کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے, کسی بھی کام کے انجام دینے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے بہت سے مشکل لمحات, انتہائی کٹھن مراحل اور تکلیف دہ راستوں سے گزرنا پڑتا ہے, بہت سی تنگ گھاٹیوں کو عبور کرنا پڑتا ہے, بہت سی باتیں, طعنے اور نہ جانے کیا کچھ سہنا پڑتا ہے۔
سمجھدار لوگ جب کچھ کر گزرنے کے لیے عزم مصمّم کرلیتے ہیں تو پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتے, مسلسل جدّوجہد اور عزم پیہم کے ساتھ اپنے کام کی طرف مکمّل توجّہ دیتے ہیں,کامیابیوں کی سیڑھیوں پر چڑھتے جاتے ہیں اور بالآخر اپنی منزل کو پاہی لیتے ہیں ،جبکہ دوسری طرف وہ لوگ جوکسی معجزے کے انتظار میں رہتے ہیں اور بغیر کچھ کہے بہت کچھ پالینے کی تمنّا اور آرزو کرتے ہیں تو ایسے لوگوں کی تمنّا بس تمنّا ہی رہ جاتی ہے, وہ پیچھے رہ جاتے ہیں,منزل ان سے کوسوں دور چلی جاتی ہے,کامیابی ان سے روٹھ جاتی ہے اور کف افسوس مَلنے کے سوا کچھ باقی نہیں رہتا۔تواگر زندگی میں کامیابی حاصل کرنی ہے اور کچھ کرنے کا جذبہ ہے تو پھر ہر آنے والی مصیبت اور مشکل کو خندہ پیشانی سے قبول کرنا پڑے گا۔ زندگی سے جنگ بھی لڑنا پڑے گی اور چیلنجز کا دلیری سے مقابلہ بھی کرنا ہو گا, جب یہ جذبہ اور ہمّت پیدا ہوجاۓ تو خدا بھی نصرت کرتا ہے اور اس کی خدائی بھی ساتھ دیتی ہے۔
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے

Facebook Comments

نعیم شاکر
پہلے مجھے جانیئے,پھر جانچیئے اس کے بعد اختلاف اپنا حق سمجھیئے مگر اخلاق کا دامن ہاتھ سے مت چھوڑئیے...!!

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply