برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کے خلاف دو سالہ جنگ میں اب تک روس کے 50 ہزار فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی بی سی رشیا، آزاد میڈیا گروپ میڈیا زون اور رضا کاروں کی جانب سے فروری 2020 سے جاری جنگ میں روسی فوجیوں کی ہلاکت کی تعداد گنی جا رہی ہے اور قبرستانوں میں نئی قبروں پر لگی تختیوں نے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد کی گنتی میں کافی معاونت فراہم کی۔
رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوسرے برس روسی فوجیوں کی ہلاکت میں 25 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور صرف جنگ کے دوسرے سال ہلاک روسی فوجیوں کی تعداد 27 ہزار 300 ریکارڈ کی گئی تاہم روس کی جانب سے ان اعداد و شمار کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ میں ہلاک روسی فوجیوں کی تعداد روسی حکام کی جانب سے تسلیم کی گئی ہلاکتوں کی تعداد سے 8 گنا زیادہ ہے۔
تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بتائی گئی ہلاکتوں کی تعداد میں دونیستک اور لوہانسک میں ہلاک روسی فوجیوں کی تعداد شامل نہیں ہے، اگر اس تعداد کو بھی شامل کیا جائے تو یہ تعداد 50 ہزار سے بھی کہیں زیادہ بنتی ہے۔
دوسری جانب یوکرین کی جانب سے جنگ میں ہلاکتوں پر بہت کم ہی تفصیلات بتائی گئی ہیں، یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے فروری میں بتایا تھا کہ روس کے خلاف جنگ میں اب تک 31 ہزار فوجی ہلاک ہو چکے ہیں تاہم امریکی انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق یوکرین کا جنگی نقصان اس سے کہیں زیادہ ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں