بھارت میں 7 مرحلوں پر مشتمل دنیا کے سب سے بڑے عام انتخابات 19 اپریل سے شروع ہوں گے جس کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ اور خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے الیکشن کمیشن نے 16 مارچ کو نئی دہلی میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران 6 ہفتوں کے میراتھن ووٹوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا۔
پول پینل کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت (جس کی آبادی امریکا، یورپی یونین اور روس، پاکستان، انڈونیشیا، جنوبی افریقا اور میکسیکو کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے) میں تقریباً 97 کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔
پارلیمانی انتخابات کا پہلا مرحلہ 19 اپریل، دوسرا 26 اپریل، تیسرا مرحلہ 7 مئی، چوتھا مرحلہ 13 مئی، پانچواں مرحلہ 20 مئی، چھٹا مرحلہ 25 مئی اور ساتواں مرحلہ یکم جون کو ہوگا۔
بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق 15 لاکھ پولنگ ورکرز کے ساتھ ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ووٹنگ کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم جمہوریت کو ملک کے کونے کونے تک لے جائیں گے، یہ ہمارا وعدہ ہے کہ انتخابات اس انداز میں کروائیں کہ ہم دنیا بھر میں جمہوریت کی مثال قائم کریں گے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں