اے چاند خوبصورت/ ڈاکٹر حفیظ الحسن

صدیوں سے شاعروں کے حسن و تخیل کا استعارہ، بیوی ہو یا محبوبہ لے دے کر چاند میاں ہی اُنکی تعریف کے لئے بطور مثال استعمال کیے جاتے ہیں۔ دیوداس فلم میں پارو کو دیو بابو کہتا ہے۔ اتنا غرور تو چاند کو بھی نہیں۔ جس پر پارو نہایت فلمی انداز میں جواب دیتی ہے کہ کیسے ہو چاند پر داغ جو ہیں۔
کچھ عرصہ تک پاکستان ٹیلیوژن پر ایک کپڑے دھونے کے پاؤڈر کا اشتہار قوم کو یہ باور کراتا رہا کہ داغ تو اچھے ہوتے ہیں۔ اور اس اشتہار سے وہ اپنا پاؤڈر بیچ کر چاندی کماتے رہے۔ لیجئے چاندی میں بھی چاند آ گیا۔
مگر سوال یہ ہے کہ چاند پر داغ کیوں ہیں؟ اسکے لیے ہمیں چاند کی کچھ تاریخ سمجھنا ہو گی۔
ہم یہ جانتے ہیں کہ نظامِ شمسی آج سے قریب 4.6 ارب سال پہلے بنا۔ پہلے پہلے سورج بنا پھر اسکی دیکھا دیکھی باقی بچے کچھے نبیولا سے زمین اور دیگر سیارے۔ زمین کے بننے کا عمل تقریباً 4.5 ارب سال پہلے شروع ہوا۔ اسے ہم پروٹو ارتھ یعنی بنیادی زمین کہہ لیتے ہیں۔ اب جب زمین بنی تو نظامِ شمسی میں کوئی نظم و ضبط نہیں تھا۔ یوں سمجھیں کہ برتھ ڈے پارٹیاں چل رہی تھیں۔ کوئی سیارہ بن رہا ہے، کوئی کہاں سے کہاں ناچ رہا یے, کہیں گیس اور خلائی گرد بہک رہی ہے وغیرہ وغیرہ۔ ایسے میں سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ زمین کے پاس مریخ جتنا بڑا ایک اور سیارہ “تھییا” ٹکرایا۔ اس سیارے کے ٹکرانے سے سیارے کا کچھ حصہ زمین میں شامل ہوا اور زمین اور تھییا کا کچھ حصہ خلا میں بکھر گیا جو زمین کے گرد گریویٹی کے باعث چکر کاٹنے لگا۔ بالکل ویسے ہی جیسے آج زحل کے گرد رنگز ہیں جو مختلف چھوٹی بڑی چٹانوں پر مشتمل ہیں۔ وقت کیساتھ ساتھ یہ ٹکڑے آپس میں جڑتے گئے اور چاند کی شکل اختیار کر گئے۔
یہ نظریہ اس وقت کا سب سے زیادہ مانا جانے والا نظریہ ہے جسکے حق میں کمپیوٹر ماڈلز اور کئی اور ثبوت پیش کیے جاتے ہیں مثال کے طور پر چاند کے مدار اور زمین کی محوری گردش ایک سمت میں ہونا۔ چاند اور زمین کی چٹانوں کے تجزیے ، کائنات کے دوسرے ستاروں کے نزدیک انکے سیاروں میں ایسے واقعات کے مشاہدات وغیرہ وغیرہ۔
شروع شروع میں چاند زمین کے بے حد قریب تھا یعنی محض 22 ہزار 500 کلومیٹر دور۔ (آج چاند ہم سے تقریباً 3 لاکھ 84 ہزار کلومیٹر دور ہے) جو آہستہ آہستہ زمین سے دور ہوتا گیا ۔ چاند آج بھی زمین متواتر 3.8 سینٹی میٹر دور ہو رہا ہے۔ وجہ زمین اور چاند کا کھچاؤ اور سمندروں میں ٹائڈز۔
اس سے چاند تو دور ہو رہا ہے مگر زمین بھی اپنے محور کے گرد گھومتے ہوئے آہستہ ہو رہی ہے جس سے دن کا دورانیہ بتدریج بڑھ رہا ہے۔ آج سے 3.8 ارب سال پہلے جب زمین پر زندگی وجود میں آئی تو دن کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی کم تھا۔
سو ماضی میں چاند زمین سے روٹھے محبوب کیطرح دور ہوتا گیا اور ستم ظریفی کہ زمین سے جدائی کی پاداش کہئے یا اسکا مقدر کہ اس پر کئی چھوٹے بڑے شہاب ِ ثاقب گرتے رہے۔ چاند پر لاوے سے گھاٹیاں بنتی گئے شہابیوں سے بڑے بڑے گڑھے ہوتے گئے۔ جہاں جہاں لاوا پگھل کر ٹھنڈا ہوا وہاں کی مٹی اور چٹانیں باقی چاند کی نسبت کالی رہی۔
چاند پر آج دکھنے والے داغ ماضی میں اس پر ہولناک تباہیوں کے آثار ہیں جو ہمیں اسکے داغدار ماضی کے بارے میں بتاتے ہیں۔سو پارو کا یہ کہنا کہ چاند کو غرور اس لیے نہیں کہ اس پر داغ ہیں، تھوڑی زیادتی ہے کیونکہ چاند بیچارے نے تو خوبصورت ہونے کے لیے بڑے داغ سہے ہیں۔
اور بقول فیض:
ہر داغ ہے اس دل پہ بجز داغِ ندامت
خیر اب حالت یہ ہے کہ چاند ہمارے آسمان کا سب سے خوبصورت جُز ہے۔ اسکے استعمال سے نہ شاعروں نے اور نہ ہی مجبور عاشقوں نے باز آنا ہے اور نہ ہی سامنے بیٹھے محبوباؤں یا بیگمات نے اس استعارے سے دھوکہ کھانے سے رکنا ہے۔ کیونکہ چاند ہے ہی اتنا خوبصورت۔

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply