راکی اینڈ رانی کی پریم کہانی/فرزانہ افضل

بالی وڈ کے مشہور ڈائریکٹر کرن جوہر جو میوزک، ڈانس اور رومانس سے بھرپور رنگا رنگ، دلچسپ لو سٹوری فلموں کی پروڈکشن میں مہارت رکھتے ہیں، ایک بار پھر ان تمام اجزاء کے ساتھ ایک بھرپور اور با مقصد فلم لے کر آئے ہیں۔ فلم میں ایک ساتھ کئی پیغامات نہایت موثر طریقے سے دئیے گئے ہیں۔ پدرسری معاشرے کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے۔

 

 

 

 

عورتوں کے مساوی حقوق اور ان کی عزت و احترام کا سبق دیا گیا ہے۔ گھر کی خواتین کے ساتھ شوہروں کے غلامانہ سلوک کی مذمت شامل ہے۔ اعلیٰ  تعلیم یافتہ ہونے اور دانشوری کے زعم کو ختم کرنے کی بات کی گئی ہے ، اپنے سے کم پڑھے لکھے لوگوں کا اور خود سے مختلف لوگوں کا مذاق اڑانے سے دوسروں کو کس قدر تکلیف پہنچتی ہے، بہت حساس طریقے سے دکھایا گیا ہے ۔ کسی کے جسمانی خدوخال کو یا ظاہری شکل و صورت پر تنقید کرنے سے اس شخص کی انا کس قدر مجروح ہوتی ہے اور اندر ہی اندر کس طریقے سے اس کو کھا جاتی ہے، کرن جوہر نے نہایت خوبصورتی اور نرمی سے یہ سب بتایا ہے۔ بزرگوں کی جھوٹی انا اور کنٹرول کی خواہش کی وجہ سے خاندان کے افراد کس طرح گھٹ گھٹ کر جیتے ہیں اور اپنی سرداری قائم رکھنے کے لیے ان کے ارمانوں کو کس طرح روندا جاتا ہے، نہایت شائستگی سے دکھایا گیا ہے۔ لڑکیوں کے آگے بڑھنے کے سپنے اور ان کی معصوم خواہشات کا شادی کے نام پر کس طرح گلا گھونٹا جاتا ہے ، کرن جوہر نے راکی اور رانی میں ان کے دکھ آشکار کیے  ہیں۔ لڑکیاں شادی کے نام پر زندگی سے کیسے سمجھوتہ کر لیتی ہیں۔

” سمجھوتے سپنوں سے بڑھ کر ہوتے ہیں کم از کم روز روز ٹوٹتے تو نہیں”۔ یہ ڈائیلاگ سن کر دل کرچی کرچی ہو گیا۔ اور “لو سٹوری میں سٹیرنگ چاہے اپنے ہاتھ میں ہو مگر بیک سیٹ ڈرائیونگ ہمیشہ خاندان والے ہی کرتے ہیں۔”

مگر عشق سچا اور ارادہ پکا ہو تو عاشق اور معشوق منزل پا ہی لیتے ہیں۔ فلم میں سبق دیا گیا ہے کہ اپنے بچوں کی خوشیوں کی راہ میں رکاوٹ مت بنیے۔ وقت بدل گیا ہے ہمیں بھی بدلنے کی ضرورت ہے ۔ اور ہاں! محبت کا کوئی کرائٹیریا نہیں ہوتا ، محبت میں محبت کی شدت ناپیے ، محبت میں سی وی مت  جانچیے ۔ آپ محبت کر رہے ہیں کسی کو ملازمت پر نہیں رکھ رہے۔

فلم میں خوبصورت سیٹ خصوصا ً  پوجا کا سیٹ اور رقص، کلرز، سینماٹوگرافی، تمام اداکاروں کی شاندار اداکاری کے ساتھ راکی اینڈ رانی کی پریم کہانی ایک بہترین اور با مقصد فلم ہے جس کو ایک بار پھر سے دیکھنے کی خواہش ہے ۔ سب سے اچھی بات ، فلم میں ان تمام خوبصورت پیغامات کے ساتھ ایک بھی فائٹ یا ایکشن سین نہیں، کوئی اسلحہ نہیں، کوئی خون خرابہ نہیں۔ سماجی برائیوں کی نشاندہی کرنے والے اس فلم کی پروڈکشن پر کرن جوہر اور بالی وڈ مبارک باد کے مستحق ہیں جو ایک بار پھر سے گلوبل سینما کے میدان میں آئے اور چھا گئے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

کرن جوہر! عورتوں کے جذبات اور  مسائل  کو محسوس کرنے اور دنیا کو دکھانے کے لیے تمام خواتین کی جانب سے میں آپ کو مبارک باد پیش کرتی ہوں اور امید ہے کہ آپ سماجی موضوعات پر اسی طرح مزید موثر فلمیں بنائیں گے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply