راجا دشینت کو شکار کھیلنے کا بے حد شوق تھا۔ ایک بار گرمیوں میں شکار کھیلتے کھیلتے وہ اپنے ساتھیوں سے بچھڑ کر بہت دور جا نکلا۔ راستے میں ایک بے حد خوب صورت ہرن دکھائی دیا۔ راجا ہرن پر تیر چلانا ہی چاہتا تھا کہ ایک رشی کی آواز نے اسے چونکادیا۔ پاس آکر رشی نے بتایا کہ وہ ان کے آشرم کا پالتو ہرن ہے، اس لیے کسی کو اسے مارنے کی اجازت نہیں۔ رشی، دشینت کو اپنے ساتھ آشرم لے گئے۔ وہاں درختوں کے نیچے تین جوان لڑکیاں پھولوں کو پانی دے رہی تھیں۔ ان میں سے ایک شکنتلا بھی تھی۔
شکنتلا کنو رشی کی کٹیا میں رہتی تھی۔ وہ وشوا متر کی بیٹی تھی اور اندر لوک کی مشہور اپسرا مینکا کے بطن سے تھی۔ اس کی پیدائش کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ایک دفعہ رشی وشوامتر نے اتنی ریاضت کی کہ راجا اندر کو اپنے تخت کے چھن جانے کا خطرہ لاحق ہوگیا۔ وشوامتر کی ریاضت کو ناکام بنانے کے لیے اندر لوک کی سب سے خوب صورت اپسرا مینکا کو بھیجا گیا۔ یہ تدبیر کارگر ثابت ہوئی، اور وشوامتر اور مینکا کے ملن کے نتیجے کے طور پر شکنتلا پیدا ہوئی ہے جسے پیدائش کے بعد مینکا نے جنگل میں چھوڑ دیا۔ وہاں سے اس کو کنو رشی اپنے آشرم میں اٹھا لائے اور پال پوس کر بڑا کیا۔
شکنتلا کے آسمانی حسن کو دیکھتے ہی دشینت کے دل پر عجیب سا اثر ہوا، اور اس کا صبر و قرار جاتا رہا۔ جان پہچان ہونے کے بعد دشینت نے شکنتلا سے گندھرو بیاہ کی درخواست کی، جو دونوں کے راضی ہونے پر بغیر برہمنی رسموں کے فوراً کیا جاسکتا ہے۔ شکنتلا نے اس شرط پر یہ درخواست منظور کرلی کہ شکنتلا ہی کی اولاد تخت و تاج کی وارث ہوگی۔ دشینت نے وعدہ کیا کہ ایسا ہی ہوگا۔ آشرم سے رخصت ہونے سے پہلے راجا نے یقین دلایا کہ وہ بہت جلد شکنتلا کو محل میں بلوا لے گا۔
دُرواسا رشی شکنتلا کو شراپ دیتے ہوئے
دُرواسا رشی شکنتلا کو شراپ دیتے ہوئے
راجا کے چلے جانے کے بعد بہت دن گزرگئے لیکن راجدھانی سے کوئی شکنتلا کو لینے نہ آیا۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا شکنتلا کی پریشانی بڑھتی گئی۔ اس کو نہ کھانے کی سدھ رہی نہ پینے کا ہوش۔ وہ دن رات دشینت کی یاد میں کھوئی رہتی۔ ایک دن دُرواسا رشی کنو سے ملنے آئے۔ کنو گھر پر نہیں تھے۔ شکنتلا کو دُرواسا کی پذیرائی کا مطلق خیال نہ رہا۔ وہ انہیں آسن پر بیٹھنے کو بھی نہ کہہ سکی۔ اس بے ادبی پر دُرواسا نے شراپ یعنی بد دعا دی کہ اے لڑکی، جس شخص کے خیال میں تو اس قدر کھوئی ہوئی ہے ،وہ تجھے بھول جائے اور تیرے یاد دلانے پر بھی وہ تجھے نہ پہچانے۔ بعد میں شکنتلا کی سہیلیوں نے دُرواسا رشی کو شکنتلا کی بپتا سنائی اور منت سماجت کی کہ وہ اس بد دعا کو واپس لے لیں یا اس کے اثر کو کم کردیں۔ اس پر دُرواسا نے اپنی بد دعا کے اثر کو کم کرنے کے لیے کہا کہ دشینت اپنی دی ہوئی نشانی دکھانے پر شکنتلا کو پہچان لے گا۔ شکنتلا کی سہیلیوں نے اس بد دعا کا ذکر کسی سے نہیں کیا۔ ان کا خیال تھا کہ شکنتلا کے پاس راجا کی انگوٹھی ہے، اسے دکھانے پر راجا اسے ضرور پہچان لے گا اور بد دعا کا اثر ٹل جائے گا۔
تھوڑے دنوں میں شکنتلا کو معلوم ہوا کہ وہ ماں بننے والی ہے۔ اُدھر دُرواسا رشی کی بد دعا کے اثر سے دشینت، شکنتلا کو بالکل بھول چکا تھا۔ کنو رشی جب یاترا سے واپس آئے تو انہیں شکنتلا کے گندھرو بیاہ کا حال معلوم ہوا۔ جب کئی ماہ تک راجا کی طرف سے کوئی شکنتلا کو لینے نہیں آیا تو انہوں نے شکنتلا کو خود راجا کے پاس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ شکنتلا کو گھر گرہستی کی ضروری باتیں سمجھائیں اور آشرم کے دو ملازموں کے ساتھ رخصت کردیا۔
راستے میں ایک مقدس جگہ شکنتلا نے اشنان کیا۔ بد قسمتی سے نہاتے میں ایک انگوٹھی پانی میں گر گئی، اور بہت ڈھونڈنے پر بھی نہ ملی۔ کئی دنوں کی مسافت کے بعد تھکی ہاری شکنتلا جب دربار میں پہنچی تو راجا اسے پہچان نہ سکا۔ شکنتلا انتہائی دُکھ اور بے سرو سامانی کی حالت میں دربار سے نکل آئی۔ جب شکنتلا کی اس ناقدری کی اطلاع مینکا کو اندر لوک میں ہوئی تو وہ فوراً زمین پر اتری اور شکنتلا کو اپنے ساتھ ایک محفوظ آشرم میں لے گئی۔ کچھ مدت کے بعد بیٹا پیدا ہوا جس کا نام بھرت رکھا گیا۔
راجہ دشینت اور شکنتلا کا بیٹا بھرت جو آگے چل کر ہندوستان کا حکمران بنا
راجہ دشینت اور شکنتلا کا بیٹا بھرت جو آگے چل کر ہندوستان کا حکمران بنا
اتفاق سے شکنتلا کی انگوٹھی چند مہینوں بعد ایک ماہی گیر کو مچھلی کے پیٹ سے ملی۔ وہ اسے بیچنے کے لیے بازار میں لایا تو راجا کی انگوٹھی چرانے کے الزام میں پولیس نے اسے پکڑ لیا، معاملہ دربار تک پہنچا۔ راجا نے جیسے ہی انگوٹھی دیکھی، اس کو کنو رشی کے آشرم میں گزرا ہوا وقت اور شکنتلا سے گندھرو بیاہ یاد آگیا اور وہ شکنتلا کی یاد میں بے قرار ہو اٹھا۔ ہر طرف شکنتلا کی تلاش میں آدمی دوڑائے گئے، لیکن شکنتلا کا کہیں پتہ نہ چلا۔
کچھ مدت بعد جب دشینت اور اس کے سپاہی ایک مہم سے لوٹ رہے تھے تو انہوں نے ہیم کوٹ پہاڑی پر ایک رشی کے آشرم کے قریب پڑاؤ ڈالا۔ راجا جب رشی سے ملنے کے لیے جا رہا تھا تو راستے میں اسے ایک لڑکا دکھائی دیا، جو کھیل ہی کھیل میں شیر کے بچے کا منہ کھولے اس کے دانت گننے کی کوشش کررہا تھا۔ لمباقد، چھریرا ڈیل، چہرے پر چمک۔ راجا کو اپنا دل کھچتا ہوا محسوس ہوا۔ تھوڑی دیر میں وہ اس لڑکے سے گھل مل کر باتیں کرنے لگا۔ معلوم ہوا کہ اس کی ماں کا نام شکنتلا ہے اور اس کے باپ نے اسے اور اس کی ماں کو چھوڑ رکھا ہے۔ مارے خوشی کے دشینت کے آنسو بہنے لگے۔ بھاگا بھاگا آشرم میں گیا اور شکنتلا سے اپنی بھول کی معافی مانگی۔
شکنتلا کو مہارانی کا درجہ دیا گیا۔ شکنتلا نے اپنے بیٹے کانام بھرت رکھا تھا۔ یہی بھرت دشینت کے بعد اس کا جانشین ہوا، اور اسی بھرت کی رعایت سے ہندوستان کا نام بھارت ورش مشہور ہوا۔ بھرت کی اولاد نے صدیوں ہندوستان پر حکومت کی اور مہابھارت میں انہیں حکمرانوں کے کارنامے بیان کیے گئے ہیں۔
(ماخوذ از پرانوں کی کہانیاں، مرتبہ گوپی چند نارنگ)
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں