سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چودھری برادران کو لڑوانا سیاسی سازش کا حصہ ہے، چابی کے کھلونے کلیم اللہ اور سلیم اللہ کھیل رہے ہیں۔
سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پرویز الہٰی کے گھر بکتر بند گاڑیوں سے دھاوا فسطائیت اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ فعل ہے، چوہدری شجاعت کو مذمت کرنی چاہیئے اور چوہدری سالک کو مستعفی ہو جانا چاہیئے، دونوں بھائیوں کو لڑوانا سیاسی سازش کا حصہ ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے قرض کا مسئلہ 10 مئی کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں بھی شامل نہیں۔اسحاق ڈار اقتصادی معاشی طور پر ہی ناکام نہیں ہوئے بلکہ غریب سے منہ کا نوالہ بھی چھین لیا، مذاکرات کامیاب ہوں تو بہت اچھی بات ہے لیکن ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کامزید کہنا تھا کہ ملک اور قوم کی ضرورت آئین اور قانون ہے، حکومت اقتدار سے چمٹا رہنا چاہتی ہے، چابی کے کھلونے کلیم اللہ اور سلیم اللہ کھیل رہے ہیں۔میری 4 مرلے کی لال حویلی پر حکومت چوتھی مرتبہ حملہ کرنے جا رہی ہے اور ہائیکورٹ سے بھی 4 مرلے ملکیتی کا کیس جیت چکا ہوں۔رات کے اندھیرے میں اگر لال حویلی پر کارروائی کی گئی تو میں کسی نقصان کا ذمہ دار نہیں، اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کروں گا، قومی اسمبلی میں جمعہ بازار لگا ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں