ہالی ووڈ سے مارکس کی بے دخلی/ ذوالفقار علی زلفی

دوسری جنگِ عظیم سے قبل و اس کے دوران ہالی ووڈ میں کمیونسٹوں اور کمیونزم سے ہمدردی رکھنے والے افراد کی بہت بڑی تعداد کام کر رہی تھی ـ ہالی ووڈ کی فلموں کی اکثریت مارکسی نظریے سے متاثر تھی ـ. امریکہ اور سویت یونین چوں کہ اتحادی تھے اس لئے امریکی حکومت نے بادلِ نخواستہ اس صورت حال کو قبول کر لیا تھا۔

جنگ کے خاتمے کے بعد امریکہ اور سویت یونین کے درمیان چپقلش شروع ہوگئی ،ـ چین میں ماؤ انقلاب کے بعد دونوں ریاستوں کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا، ـ امریکی حکومت نے کانگریس کی ایک کمیٹی بنائی جسے ہالی ووڈ کو کمیونزم مخالف پروپیگنڈے کا مورچہ بنانے کے امکانات کا جائزہ لینے کا فریضہ سونپا گیا۔

کمیٹی  نے ایف بی آئی کی مدد سے ایک رپورٹ تیار کی ـ ،رپورٹ کے مطابق ہالی ووڈ کو کمیونزم کے خلاف استعمال کرنا فی الحال ناممکن ہے ، ہالی ووڈ پر کمیونسٹوں کی اجارہ داری ہے جب تک اسے پاک نہیں کیا جائے گا تب تک وہ ریاستی مفادات کے لئے خطرہ بنا رہے گا ـ ۔کمیٹی نے ایف بی آئی کی جانب سے مرتب کردہ ایک فہرست بھی پیش کی ،جس میں کمیونسٹ یا کمیونزم سے ہمدردی رکھنے والے ہدایت کاروں، اسکرپٹ رائٹروں، اداکاروں اور ایڈیٹروں کے نام درج تھے۔

سرکار کے حکم پر کانگریس کی کمیٹی نے کمیونزم سے وابستہ فن کاروں کو بلیک لسٹ کرکے انہیں “سیدھے راستے” پر لانے کی مہم شروع کردی ـ ،فلم سازوں پر واضح کردیا گیا کہ مارکسی فلم کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس قسم کی فلم سے وابستہ تمام افراد کو سخت سزا دی جائے گی۔ ـ چند فن کاروں نے اس حکم نامے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرکے موقف اختیار کیا کہ امریکی آئین اظہار رائے کی آزادی کو تحفظ دیتا ہے ،لہذا ہم یہ غیر قانونی حکم تسلیم نہیں کریں گے۔ ـ احتجاج کرنے والے فن کار بنا کسی لحاظ و مروت کے جیل میں ڈال دیے گئے ـ، برتولت بریخت جیسے افراد نے اس حکم نامے کے خلاف احتجاجاً یورپ کی راہ لی۔ ـ

بلیک لسٹ فن کاروں کی ایک بڑی تعداد کو ہالی ووڈ سے جبراً بے دخل کردیا گیا ۔ـ دیگر نے ناک رگڑ کر اپنے سابقہ نظریات سے تائب ہونے کا اعلان کیا ـ، مارکسزم ہٹاؤ مہم کو کامیاب ہونے میں کم از کم دو سال لگ گئے ـ۔

ہالی ووڈ کو “پاک صاف” کرنے کے بعد امریکی حکومت کی ایما پر اسے کمیونزم مخالف پروپیگنڈے کا ایک مضبوط مورچہ بنایا گیا ،ـ سویت یونین کے خاتمے تک ہالی ووڈ مسلسل روس، چین ، شمالی کوریا اور کیوبا مخالف فلمیں بناتی رہی ۔ـ

Advertisements
julia rana solicitors

سانحہ نائن الیون کے بعد امریکی کانگریس اور ایف بی آئی نے ایک دفعہ پھر مل کر ہالی ووڈ فلم کمپنیوں پر دباؤ ڈالا کہ ہالی ووڈ کو سیاسی اسلام کے خلاف استعمال کیا جائے۔ ـ
یار لوگ پھر بھی کہتے ہیں “سینما غیر سیاسی ہے”۔

Facebook Comments

ذوالفقارزلفی
ذوالفقار علی زلفی کل وقتی سیاسی و صحافتی کارکن ہیں۔ تحریر ان کا پیشہ نہیں، شوق ہے۔ فلم نگاری اور بالخصوص ہندی فلم نگاری ان کی دلچسپی کا خاص موضوع ہے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply