واشنگٹن: خلا میں عوام کے سفر کے لیے نام فائنل کر لیے گئے اور کوئی نشست خالی نہیں بچی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خلا میں عام شہریوں کی پہلی پرواز کے لیے ایک کالج کے سائنس پروفیسر اور ایروسپیس ڈیٹا تجزیہ کار کا نام منتخب کر لیا گیا ہے۔
شہری خلابازوں کو امریکی ریاست فلوریڈا میں موجود کینیڈی اسپیس سینٹر سے براہ راست دکھائی جانے والی نیوز بریفنگ کے دوران متعارف کروایا گیا تھا۔
اسپیس ایکس کی انسانی خلائی پرواز کے سربراہ بینجی ریڈ اور کاروباری شخصیت جیرڈ آئیسیکمن نے ان شہری خلابازوں کو متعارف کرایا تھا۔
رواں سال کے آخر کے لیے امریکی کمپنی اسپیس ایکس نے مدار میں پرواز بھیجنے کے مشن کا منصوبہ بنایا ہے جس کے عملے میں چار افراد شامل ہوں گے۔ یہ پہلی ایسی خلائی پرواز ہوگی جس میں عام شہری خلا میں جائیں گے۔
یہ خلائی پرواز 15 ستمبر کے بعد روانہ ہو گی اور اس پرواز کا عملہ خلا میں تین سے چار دن گزارے گا۔
منتخب کیے گئے دو افراد میں سے ایک کا نام کرس سیمبروسکی ہے جن کی عمر 41 سال ہے اور وہ امریکی فضائیہ میں کام کر چکے ہیں جبکہ امریکی شہر سیئٹل میں ایروسپیس انڈسٹری میں کام کرتے ہیں۔ انہیں ایک قرعہ اندازی کے ذریعے چنا گیا ہے جس میں 72 ہزار افراد نے نام دیا تھا۔
ان کے علاوہ 51 سالہ سیان پراکٹر کو چنا گیا ہے جو ریاست ایریزونا کے شہر فینکس کے ساؤتھ ماؤنٹین کمیونٹی کالج میں جیو سائنس کے پروفیسر ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں