Covid-19 کس کا مخفف ہے ؟۔۔عبدالغفار

مجھ  سمیت ہر  “لے مین” یعنی عام شخص ہمیشہ اس کشمکش میں مبتلا رہتا ہے کہ مختلف وائرس اور بیماریوں کے مختلف نام کس بنیاد پر ، کیسے اور کس لئے رکھے جاتے ہیں۔ آیئے اس پر کچھ حد تک روشنی ڈالنے اور سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ صرف بیماریوں کے نام جانتے ہیں جبکہ وائرس یا کسی اور جراثیم مثلاً بیکٹیریا وغیرہ کے نام سے واقف نہیں ہوتے۔

ان کے نام رکھنے کے پیچھے بہت سارے عوامل اور مقاصد کار فرما ہوتے ہیں۔  وائرس کا نام اس کے جینیٹک  سٹرکچر  یعنی جینیاتی ڈھانچے کی بنیاد پر رکھا جاتا ہے تاکہ اس کی تشخیص کے لئے کیے جانے والے ٹیسٹ اور پھر اس وائرس کی پیدا کردہ بیماری کے علاج کے لئے ویکسین اور ادویات کی تیاری میں آسانی ہو۔ یہ کام وائرولوجسٹ کے ذمہ  سونپ دیا جاتا ہے، جو بین الاقوامی ادارے “آئی سی ٹی وی” کے زیر نگرانی اپنا کام سرانجام دیتے ہیں۔

بیماریوں کے نام اس کے پرہیز، پھیلاؤ، منتقلی، شدت اور علاج معالجے پر تعمیری بحث کرنے کے مقصد کے تحت رکھے جاتے ہیں۔ انسانی بیماریوں کے علاج کی تیاری اور ردِعمل عالمی ادارہ صحت کے بنیادی کردار میں شامل ہے۔ لہٰذا بیماریوں کے نام عالمی ادارہ صحت کے زیرِ  سایہ “بیماریوں کے بین القوامی درجہ بندی” کے ادارے میں رکھے جاتے ہیں۔

موجودہ کورونا وائرس اور اس کی وجہ سے پیدا شدہ بیماری کے نام بھی باقی بیماریوں کی طرح مندرجہ بالا بین الا  قوامی اداروں نے رکھ دیے ہیں۔ 11 فروری 2020 میں اس نئے وائرس کو سارس کو وی- 2 ( SARS-CoV-2) مطلب Severe Acute Respiratory Syndrome CoronaVirus-2 کا نام دیا گیا۔ یہ نام اس کو اس لئے دیا گیا کیونکہ جینیاتی لحاظ سے یہ اس کورونا وائرس سے مماثلت رکھتا ہے جو اس سے پہلے 2003 میں SARS کے پھیلاؤ کا مؤجب گردانا گیا تھا۔

جبکہ اس وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ بیماری کو عالمی ادارہ صحت نے کووڈ- 19 ( COVID-19) کا نام دیا۔ جس میں “CO”کا مطلب کورونا “VI”کا مطلب وائرس اور “D”  کا مطلب Disease یعنی بیماری اور “19” کا مطلب 2019 ہے ، کیونکہ یہ بیماری دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے پھیلی  تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

Advertisements
julia rana solicitors london

آج کل اس وائرس کو بھی COVID-19 Virus کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، تا کہ عام آدمی  بلاوجہ SARS جیسے دہشت ناک نام سے مزید گھبراہٹ کا شکار نہ ہو جائے۔

Facebook Comments

Abdul Ghaffar
پیشہ کے اعتبار سے خاکسار ایک کیمکل انجنیئر ہے اور تعلق خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ سے ہے ۔ بچپن ہی سے لکھنے پڑھنے کا شوقین تھا اور ایک اچھا رائیٹر بننا چاہا۔ آج کل مختلف ویب سائٹ کے لئے آرٹیکل لکھتا ہوں ۔تاکہ معاشرے کی بہتری میں اپنی طرف سے کچھ حصہ ڈال سکوں۔ شکریہ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply