گرمی، سن سٹروک ، ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کی تدابیر۔۔۔ شاہد محمود

دن بدن گرمی کی شدت بڑھ رہی ہے۔ ایسے میں گرمی سے بچاؤ کے لئے چند سادہ اقدامات درج ذیل ہیں۔

1۔ کام کاج دھوپ تیز ہونے سے پہلے ختم کرنے کی ترتیب بنا لیجیے یا دھوپ ختم ہونے کے بعد کام کاج نبٹانے کی کوشش کیجیے۔ دھوپ گرمی کی شدت دن 10 بجے سے شام 5 بجے تک عروج پر ہوتی ہے۔

2۔ ہلکی نرم زود ہضم غذا کھائیں۔ وقفے وقفے سے پانی خاص طور پر سکنجبین، فالسے کا شربت، املی آلو بخارا کا شربت گھر پر بنا کر پیتے رہیں۔ گوشت، انڈہ، کوک، پیسی، تیز مرچ مصالحے، پالک، میتھی، فاسٹ فوڈ اور باہر کے کھانے کھانے سے مکمل اجتناب کیجیے۔

3۔ کھلے، ڈھیلے ڈھالے ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہنیں اور سوتی بنیان ضرور استعمال کیجیے تا کہ بدن براہ راست تپش سے محفوظ رہے۔ کالا، نیلا، لال، میرون، جامنی غرض گہرے رنگ والے کپڑے پہننے سے گریز کیجیے۔

4۔ گھر سے باہر نکلتے ہوئے سر پر سفید سوتی کپڑا یا چھوٹا تولیہ پانی سے گیلا کر کے رکھ لیجئے۔ چھتری کا استعمال کیجیے۔ سبز رنگ کے شیشوں والی عینک، ہیٹ، ٹوپی کو بھی مہیا ہو سکے دھوپ میں باہر نکلتے وقت ضرور استعمال کیجیے۔ ایک چھوٹی سپرے بوتل میں پانی بھر کر ساتھ رکھیں جب ضرورت محسوس ہو منہ پر ہاتھوں پر پانی سپرے کر لیجیے۔

5۔ گھر سے باہر نکلتے ہوئے پینے کے پانی کی بوتل اور کچھ کھانے کو گھر سے ہی ساتھ رکھ لیجیے۔ مکمل کوشش کیجیے کہ کسی صورت باہر سے کچھ کھانا پینا نہ پڑے تا کہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

6۔ گاڑی میں باہر جائیں تو بچوں کو کبھی گاڑی میں نہ چھوڑیں وہ بہت جلد گرمی سے متاثر ہوتے ہیں۔

7۔ گھر میں موسمی پھلوں تربوز، لوکاٹ، خربوزہ، آڑو وغیرہ کا استعمال کھانے کی نسبت زیادہ کیجیے اور سلاد میں قدرتی پھلوں کے سرکے میں بھگوئی پیاز اور کھیروں، ککڑیوں وغیرہ کا استعمال بھی گرمی کی شدت سے بچنے اور ہاضمہ و صحت ٹھیک رکھنے میں معاون ہے۔

8۔ گرمی کے موسم میں ورزش نہیں کرنی چاہیئے یا گھر پر سایہ دار، ہوا دار، کھلی جگہ پر ٹھنڈے وقت ہلکی ورزش کر لیں۔

9۔ دن میں جب موقع ملے نہا لیجیے لیکن کسی صورت گرم پانی سے نہ نہائیں۔ بعض لوگوں کے گھر بارہ مہینے گیزر چلتا رہتا ہے اور گرم پانی سے نہاتے ہیں جو کہ گرم موسم میں سخت مضر ہے۔

10۔ چائے، کافی، سگریٹ اور کیفین والے مشروبات کا استعمال بند کر دیجیے۔ کا مشروبات کی جگہ پھلوں کا تازہ جوس، املی آلو بخارا کا شربت یا سکنجبین استعمال کیجیے۔ سونف اور الائچی کا قہوہ گرمی کا بہترین توڑ ہے۔

11۔ جو کے ستو اور شکر کا شربت بنا کر پینا بدن کو ٹھنڈک کے ساتھ طاقت بھی دیتا ہے۔

12۔ جو کا دلیہ گرمیوں میں ٹھنڈی لیکن بدن کی توانائی بحال رکھنے والی بہترین غذا ہے۔ ناشتے میں اس کا استعمال بہت مفید ہے۔

13۔ ایک گلاس پانی میں مٹھی بھر کھجوریں گٹھلیاں نکال کر بھگو کر فرج میں رکھ دیجئے آٹھ گھنٹے بعد بلینڈر میں بلینڈ کر کے ٹھنڈک و توانائی بخش مشروب “نبیذ” بنا کر مزے سے پئیں۔

14۔ درخت لگائیں چاہے گملوں میں ہی لگانا پڑیں لیکن درخت ضرور لگائیں۔

15۔ پانی / کولڈ ڈرنکس کی خالی بوتلیں دھو کر صاف پینے والے پانی سے بھر کر فریز کر لیجئے یا فرج میں ٹھنڈی کر لیجیے اور جب بھی گھر سے نکلنا ہو اپنے ساتھ رکھ لیجیے اور راستے میں ٹریفک پولیس، مسافروں یا ریڑھی والوں میں تقسیم کر کے اجر عظیم حاصل کریں۔ اس طرح آپ جوس، سینڈوچ، بسکٹ وغیرہ بھی تقسیم کر سکتے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

16۔ اور گرمی کے موسم میں پرندوں اور جانوروں کا بھی خاص خیال رکھیں۔ کسی اونچی سایہ دار جگہ پہ یا چھت پہ کسی سایہ دار جگہ پہ برتن میں پانی اور دانہ ضرور رکھیں تا کہ پرندوں کے کام آ سکے۔ پالتو جانور جیسے مرغیاں، بھیڑ بکریاں، گائے بھینس، خرگوش، طوطے، بلی، کتا اور دوسرے مویشیوں کے لئے سایے، پانی، خوراک اور صفائی کا خاص انتظام کریں اور ان کی جگہ وقت پر بدلیں۔

Facebook Comments

شاہد محمود
میرج اینڈ لیگل کنسلٹنٹ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply