• صفحہ اول
  • /
  • ادب نامہ
  • /
  • فرنچ کٹ چہرے پر چائنا کٹ کا دوسرا نام ہے (طنزومزاح)۔۔۔۔مرزا یاسین بیگ

فرنچ کٹ چہرے پر چائنا کٹ کا دوسرا نام ہے (طنزومزاح)۔۔۔۔مرزا یاسین بیگ

جب آپ نے ہر کام چھوڑ دیا ہے تو داڑھی    بھی چھوڑلیں۔
کسی نے مجھ سے پوچھا ” تم نے پوری داڑھی کیوں نہیں چھوڑی ، فرنچ کٹ کیوں؟“
میں نے جواب دیا ”کوئی  کام تو ہو فرصت میں کرنے کے لیے “
سوال آیا”پھر فرنچ کٹ بھی نہ رکھتے؟“
میں نے کہا ”اب اتنا زیادہ مصروف رہنے کا بھی شوق نہیں“

فرنچ کٹ درحقیقت داڑھی اور کلین شیو کی درمیانی راہ ہے ۔ اس سے چہرہ غیرضروری بھاری اور پوری طرح چھپا نہیں رہتا ۔ صاف چھپتے بھی نہیں اور سامنے آتے بھی نہیں والا مصرعہ فرنچ کٹ کے  لیے  ہی کہا گیا تھا جو شاعر کو بہلا پھسلا کر خواتین لے اُڑیں۔

ہمیں بچپن سے فرنچ کٹ بےحد پسند تھی مگر اس وقت رکھ نہیں سکتے تھے اور جب داڑھی کے بالوں نے اُگ اُگ کر رکھنے کی تلقین کی تو اباجان نے رکھنے نہ دی۔ اباجان کے خیال میں فرنچ کٹ یہودیوں کا تحفہ ہے اور اسرائیل کی طرح اسے بھی کسی مسلمان کو قبول نہیں کرنا چاہیے۔

اب جبکہ مسلمانوں میں اس کا رواج عود آیا ہے تو ہم نے بھی اپنے بیٹے کو منع کرکے خود فرنچ کٹ رکھ لی ۔ بیٹا چونکہ سمجھدار اور تابعدار ہے اس لیے اس نے ہم سےکوئی  سوال، کیے بغیر خود داڑھی رکھ لی اور اپنے شیو و وقت کا پوراخرچہ بچالیا۔

آج کل لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہم آن لائن کافی پاۓ جانے لگے ہیں اور کوئی  بھی آن لائن کال کرے تو ویڈیو کھول دیتے ہیں جس کے بعد کال کرنے والے کا منہ بھی ایک منٹ کے لیے کھلے کا کھلا رہ جاتا ہے ۔ پہلا جملہ یہی ہوتا ہے ”اوہو! فرنچ کٹ“۔ یہ سن کر ہمیں بہت مزہ آتا ہے کہ کم از کم ہماری سستی کام تو آئی ۔ حالانکہ ہمارے چہرے کی زمین اتنی زرخیز ہے کہ ”ہل“ نہ چلائیں پھر بھی داڑھی اُگادیتی ہے۔

ایک دوست نے پوچھ لیا ”یہ فرنچ کٹ کا خیال کیسے آگیا؟“
ہم نے کہا ” ہم بائی لنگوول ملک کے باسی ہیں ۔ انگریزی تو فرفر کی بجائے  ڈر ڈر بول ہی لیتے ہیں البتہ فرنچ نہ بولنے کا ڈر فرنچ کٹ رکھ کر نکال دیا ہے۔ اب ہمارے چہرے پر 75 فیصد دیسی پن رہ گیا ہے ۔ 25 فیصد فرنچ کٹ میں کٹ گیا ہے ۔

فرنچ کٹ رکھنے کے ویسے بھی کئی  فوائد ہیں ۔ چہرے کی پوری نحوست نظر نہیں آتی ۔ بندہ اس وقت تک انٹلیکچوئل نظر آتا ہے جب تک منہ نہ کھولے ۔ فرنچ کٹ چہرے پر چائنا کٹ کا دوسرا نام ہے ۔ یہ مونچھوں کے باغ کا رقبہ بڑھاتی ہے ۔ ہونٹوں کی بدتمیزی کو کوور کرتی ہے اور تو اور نئے قرض خواہوں اور پرانے قرض داروں سے بچاتی ہے۔ مونچھیں رکھنے سے پاکستان میں اور فرنچ کٹ رکھنے سے کینیڈا میں عزت میں خواہ مخواہ اضافہ ہوجاتا ہے ۔ دنیا میں سب سے کم فرنچ کٹ چینیوں کے ہیں کیونکہ یہ بال کا سودا ہے اور اس سودے میں چینی بال برابر نہیں سماتا ۔

Advertisements
julia rana solicitors

خواتین فرنچ کٹ سے مرعوب ہوتی ہیں نہ داڑھی سے ۔ ان کے نزدیک چہرہ صرف میک اپ کیلئے بنا ہے ۔ جب سے میں نے فرنچ کٹ رکھی ہے کئی خواتین کٹ گئی  ہیں ۔ دور سے ہی اگر فرنچ کٹ سے ناپسندیدگی کا یہ عالم ہے تو نزدیک کے ڈھول کیسے سہانے ہوسکتے ہیں ۔ فرنچ کٹ کی وجہ سے ہماری تو دنیا ہی بدل گئی  ہے ۔ جب بھی آئینے میں اپنے آپ کو دیکھتے ہیں فرنچ کٹ میں انگلیاں ضرور پھیرتے ہیں ۔ یہ ہماری نئی  ہابی ہے جس سے انگلیوں پہ بھی نکھار آیا ہے ۔ فرنچ کٹ کی وجہ سے مونچھوں کو بھی اُگنے کا موقع ملا ہے ورنہ بیچاری مونچھ داڑھی کے ساتھ صاف ہوجاتی تھی اور ہونٹوں کی مستیوں سے لطف اندوز ہونے سے رہ جاتی تھی ۔ دعا کریں کہ فرنچ کٹ کی عزت سلامت رہے ورنہ کیا خبر کسی نئی  خاتون سے دوستی ہو اور وہ کہہ دیں کہ فرنچ کٹ کاٹ کر آؤ اور ہم اتنے رقیق القلب ہیں کہ نئی  محبوبہ کو قلب میں جگہ دینے کیلئے  اس کے ہر حکم کو بجالانا اپنا فرض ِ  عین  سمجھتے ہیں ۔ اگر کبھی دو چار ماہ بعد ہمیں فرنچ کٹ کے بغیر دیکھیں تو محبوبہ کا طعنہ ہرگز نہ دیجیے  گا ، بس یقین کرلیجیےگا ۔ اب اتنی بھی جلدی کیا۔ نیا عشق پروان چڑھتے دو سے چار ماہ تو لگتے ہی ہیں۔

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply