میر واہ کی راتیں (قسط3)۔۔۔ رفاقت حیات

گزشتہ قسط:

نذیر اور حیدری کو خدشہ تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو پکوڑافروش موالی اپنے گھر پہنچ کر اپنی بیوی سے اس ضمن میں بات کرنا بھول جائے۔ وہ اسے یہ بات یاد رکھنے لیے اپنی دوستی کے ساتھ ساتھ مولا مشکل کشا اور شاہ نورانی کے واسطے دیتے رہے جبکہ پکوڑافروش باربار سر ہلا کر انھیں یقین دلاتا رہا کہ وہ نشے میں نہیں ہے اور وہ گھر پہنچ کر اپنی گھروالی سے ضرور بات کرے گا۔ وہ انھیں یہ یقین بھی دلاتا رہا کہ اب اس کی ان دونوں سے پکی دوستی ہے اور وہ ان کے لیے اپنی جان بھی قربان کر سکتا ہے۔ اس بات پر نذیر نے اٹھ کر اس کا ماتھا چوم لیا اور ساتھ ہی اس سے یہ وعدہ بھی کر لیا کہ ٹیلی فون آپریٹر کی بیوی سے اس کا تعلق قائم ہو جانے پر وہ اسے گھوڑا مارکہ بوسکی کا کپڑا خرید کر اور اس کا جوڑا اپنے ہاتھوں سے سی کر اسے دے گا۔ اس پیشکش پر نورل نے اسے ایک فوجی کی طرح کھڑے ہو کر سلیوٹ کیا اور اپنا قدم آگے بڑھایا۔ وہاں پڑی ہوئی تمباکو کی بوری اسے دکھائی نہیں دی اور وہ اس پر سے ڈگمگا کر نیچے گر گیا۔ کھلی ہوئی بوری سے نکل کر تمباکو فرش پر پھیل گیا۔ حیدری یک دم اٹھا اور فرش پر گرا ہوا تمباکو بوری میں بھرنے لگا۔

پکوڑافروش موقع تاک کر حیدری کی کرسی پر براجمان ہو گیا۔ اپنی اس کارگزاری پر وہ کھیسیں نکالنے لگا۔ حیدری اسے کرسی پر بیٹھا دیکھ کر بہت جزبز ہوا۔ اس نے اسے الف ننگی گالیاں دیں جنھیں سنتے ہوے پکوڑافروش ہنس ہنس کر محظوظ ہوتا رہا۔ حیدری نے کلائی پر بندھی گھڑی کو آنکھوں کے نزدیک لے جا کر اس پر وقت دیکھا تو دس بجنے والے تھے۔ وہ سٹپٹایا، کیونکہ اسے گھر پہنچ کر والد کے طمانچوں کا خیال آنے لگا تھا۔ وہ سہم گیا کہ اگر والد کو اس کی شراب نوشی کا پتا چل گیا تو وہ اسے کھڑے کھڑے گھر سے نکال دے گا۔ اسے معلوم تھا کہ اگلے دن تک اس کے منھ سے شراب کی بو نہیں جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :میر واہ کی راتیں (قسط2)۔۔۔ رفاقت حیات

نئی قسط:

دکان کے دروازے پر کسی قوی الجثہ شخص کا سایہ دیکھ کر حیدری خوف سے کانپ کر رہ گیا۔ اس کی آنکھیں پھیل گئیں اور زبان سے ایک لفظ تک نہیں نکلا۔ نذیر اور پکوڑافروش بھی مبہوت ہو کر اسے تکنے لگے اور اندازہ لگانے لگے کہ یہ کوئی بشر ہے یا جن بھوت۔ اس طویل قامت ہیولے جیسے شخص نے اپنے چہرے کو ڈھاٹا باندھ کر چھپایا ہوا تھا۔ اس کے پورے جسم پر چادر پھیلی ہوئی تھی۔ اس نے ایک ہاتھ میں لکڑی کا بڑا سا ڈنڈا تھام رکھا تھا اور دوسرے ہاتھ میں ٹارچ پکڑی ہوئی تھی۔ اس نے ٹارچ سے باری باری ان تینوں کے چہروں پر روشنی ڈالی۔

نذیر اور حیدری کے اوسان خطا ہو چکے تھے۔ انھوں نے دکان پر کھڑے طویل قامت شخص کو واقعی کوئی ماورائی ہستی تصور کر لیا تھا، مگر نورل جوگی مسلسل اسے دیکھتے رہنے کی وجہ سے پہچان گیا کہ وہ ٹھری میرواہ کے بازار کا پرانا چوکیدار ہے۔ اس کے ہونٹوں سے بےساختہ نکلا: ’’ارے لاہوتی سلیمان شر، یہ تم ہو کیا؟ کیا تمہارے نازل ہونے کا وقت ہو گیا؟ آدھی رات گزر گئی ہے کیا؟‘‘

یہ سن کرجناتی قدکاٹھ والے سلیمان شر نے قہقہہ لگایا۔ ’’ارے نورل! پکوڑے بیچنے والے، اس وقت تیرا یہاں کیا کام؟‘‘

چوکیدار کو پہچانتے ہی حیدری پر ہنسی کا دورہ پڑگیا۔ ’’ارے سلیمان شر! تو نے تو ہماری روح فنا کر ڈالی۔‘‘

چوکیدار مسکراتا ہوا دکان کے اندر داخل ہوا۔ وہ سامنے زمین پر پڑے ہوئے گلاسوں، جگ اور بوتل کو دیکھ کر فوراً معاملے کی تہہ تک پہنچ گیا۔

وہ افسوس سے اپنے سر کو جنبش دیتا دونوں لڑکوں سے مخاطب ہوا۔ ’’تم دونوں کیوں حرام چیز اپنے منہ  سے لگا کر اپنے بزرگوں کی عزت خراب کر رہے ہو؟ تم دونوں کو شرم آنی چاہیے۔‘‘ انھیں ڈانٹنے کے بعد وہ نورل جوگی پر برسنے لگا۔ شاید اسے پکوڑافروش سے کوئی پرانی پرخاش تھی۔ وہ اسے تھانے میں بند کروانے کی دھمکیاں دینے لگا۔ پکوڑافروش زیرلب مسکراتے ہوے اس کی ڈانٹ سنتا رہا۔ وہ چوکیدار کے ہنگامہ خیز مزاج سے بخوبی آشنا تھا۔ دھمکیاں دیتے دیتے اس نے نورل کو بازو سے پکڑ کر کرسی سے اٹھایا جیسے وہ اسے اسی وقت تھانے لے جانا چاہتا ہو۔ یہ دیکھ کر حیدری اور نذیر اس کی مدد کے لیے لپکے اور چوکیدار کو برابھلا کہنے لگے۔ نورل کا ایک ہاتھ تو اس کی گرفت میں تھا مگر اس نے اپنے دوسرے ہاتھ کو استعمال کرتے ہوئے اپنی جیب سے تھوڑی سی چرس نکال ہی لی۔ اس نے ہاتھ اٹھا کر وہ چوکیدار کو دکھائی تو اس نے فوراً اس کا ہاتھ چھوڑ دیا۔ نورل کی ہوشیاری پر نذیر مسکرانے لگا۔

چوکیدار نے نورل سے چرس لینے کے لیے اپنا ہاتھ بڑھایا تو اس نے فوراً چرس جیب میں ڈال لی اور اسے تنگ کرنے لگا۔ اب اسے کھری کھری سنانے کی نورل کی باری تھی۔ اس نے سلیمان شر کی تمام گالیاں اسے سود سمیت واپس کر دیں۔ سلیمان شر نے زبان نہیں کھولی اور چپ چاپ سنتا رہا۔

نذیر اور حیدری نے اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کی مگر ان دونوں کا رویہ سمجھ نہیں آ سکا۔ کچھ دیر بعد حیدری نے اپنی دکان بند کرنے کا اعلان کیا تو وہ سب جانے کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے۔

نورل نے اپنے گھر پر حقہ پینے کے لیے حیدری سے تمباکو مانگا تو اس نے کسی ہچکچاہٹ کے بغیر بہت سا تمباکو اسے دے دیا۔

دکان کو تالا لگانے کے بعد حیدری ان سے ہاتھ ملا کر اپنے گھر کی طرف چلا گیا۔ چوکیدار سلیمان شر سیٹی بجاتا سڑک کے دوسری جانب چل پڑا جبکہ نذیر اور نورل نہر کے پل کی سمت چلے گئے۔

کھلی سڑک پر نذیر کو ٹھنڈ لگنے لگی۔ نہر کے پُل پر پہنچ کراس نے پکوڑافروش کو ایک مرتبہ پھر وعدہ یاد دلاتے ہوئے مصافحہ کیا اور ڈگمگاتے ہوے قدموں سے ڈاک بنگلے کی طرف چل پڑا۔

نذیر سے الگ ہو کر پل سے نیچے اترتے ہی نورل کا دھیان ایک ست رنگے لیکن مست خیال کے زیرِاثر آ گیا۔ وہ لڑکھڑا کر چلتے ہوئے دھیرے دھیرے اپنے گوٹھ کی طرف بڑھنے لگا۔ گھر پہنچ کراس نے بھوک سے بلبلاتے ہوئے اپنے معدے کے بارے میں نہیں بلکہ صرف اپنی رگوں میں سرسراتے ہوئے نشے کے بارے میں سوچا جس کی وجہ سے آج اسے مباشرت بھری ایک طویل رات میسر آنے والی تھی۔ اس نے جی ہی جی میں نذیر کی مہمان نوازی کو سراہا جس کی بدولت اس نے شیر نامی شراب کا ذائقہ پہلی بار چکّھا تھا۔ گوٹھ کی حدود میں داخل ہوتے ہی آوارہ کتوں کا ایک غول اسے دیکھ کر اس کی جانب لپکا، مگراس کے قریب آ کراس کے بدن کی مانوس بو محسوس کرنے کے بعد وہ سب اس کے پاؤں میں لوٹنے لگے۔ وہ اپنے گھر میں داخل ہوا تو یہاں تاریکی اور سکوت نے اس کا خیرمقدم کیا۔ وہ ڈگمگاتے قدموں سے اپنے کمرے کی طرف بڑھا۔ دروازے کو دھکیل کر کھولتے ہوے اندر داخل ہو کر وہ ٹھہر گیا اور اندھیرے میں آنکھیں مچمچا کر دیکھتے ہوئے وہ اپنی گھروالی کی چارپائی ڈھونڈنے لگا۔ اس کی چارپائی نظر آتے ہی وہ آہستہ آہستہ اس کی طرف بڑھنے لگا۔ اس کے قریب پہنچ کر اس نے جھک کر ہولے سے اپنی بیوی کے پیروں کو چھوا تواس نے گھبرا کر آنکھیں کھول دیں۔ وہ خوف سے چیخنے ہی لگی تھی کہ نورل کے ہنسنے کی آواز سن کروہ سمجھ گئی کہ اس کا شوہر گھر واپس آ گیا ہے۔ وہ خفگی سے بڑبڑانے لگی۔ نورل اس کے پہلو میں لیٹ گیا اور اس نے اس کے بڑبڑاتے ہونٹوں پر اپنے جلتے ہوئے ہونٹ رکھ کر اسے خاموش ہونے پر مجبور کر دیا۔ ایسے میں نذیر کا خیال اس کے ذہن کے مخفی ترین گوشے میں جا کر چھپ گیا۔

اگلے دن پکوڑافروش کی بیوی نوراں سویرے ہی اٹھ گئی۔ اس نے اٹھ کراپنے سر پر ڈوپٹہ باندھتے ہوے خود کو بیمار محسوس کیا۔ آج اس نے دو سیر دودھ خریدا اور اپنے بچوں کو نورل سے چغلی نہ کھانے کی نصیحت کرنے کے بعد وہ اس میں سے ایک سیر دودھ غٹاغٹ پی گئی۔ دودھ پینے کے بعد کل شب کی صحبت سے زائل ہونے والی توانائی کو اس نے قدرے بحال ہوتے محسوس کیا، مگر نجانے کیوں چائے کی دو پیالیاں پیتے ہی اس کا دل ڈوبنے لگا۔ لیکن وہ مضبوط کاٹھی کی عورت تھی، اس لیے دل کے ڈوبنے کو خاطر میں نہیں لائی اور جھاڑو اٹھا کر گھر کی صفائی میں مصروف ہو گئی۔ وہ اس بات سے بےخبر تھی کہ کل رات نورل نے اس کی جو درگت بنائی تھی اس کا ذمےدار پڈعیدن کے ریلوے اسٹیشن پر ملنے والا وہ چھوکرا تھا جس نے اسے اور اس کی ساتھی کو چائے پلائی تھی۔

اس نے جان بوجھ کر نورل کو نیند سے جلدی نہیں جگایا۔ وہ اس کی نیند خراب نہ کر کے اس کی کل رات کی محبت کا قرض چکانا چاہتی تھی۔ کام کاج سے فارغ ہو کر وہ کمرے میں گئی تو چند لمحے اس کی چارپائی کے پاس کھڑی اسے تکتی رہی۔

نورل کی ٹانگ اور چہرہ لحاف سے باہر نکلے ہوے تھے۔ اس کی بےترتیب مونچھوں اور بکھرے ہوئے بالوں کو دیکھ کر نوراں مسکرائی۔ مگر پھر یکایک نجانے کیوں اسے اپنے شوہر پر غصہ آنے لگا۔ وہ پکوڑوں سے بھرا ہوا تھال اندر لے گئی اور اسے اچھی طرح ڈھانپ کر زمین پر رکھ دیا۔ پھر کمرے میں واپس آ کر اس نے نورل کی رضائی کو اُتار کر پھینک دیا۔ وہ آنکھیں مسلتا ہوا اٹھ بیٹھا۔ اس نے صحن میں پھیلی ہوئی دھوپ دیکھی تو دیر سے جگانے پر اپنی بیوی کو ملامت کرنے لگا۔ اس کے بعد وہ کھیتوں کی طرف چلا گیا۔

گنے کے کھیت میں رفعِ حاجت کے بعد وہ اپنے وڈیرے کی اوطاق میں لگے ہوئے نلکے پر غسل کر کے گھر واپس آیا۔ نوراں نے اسے چائے کی پیالی لا کر تھمائی۔ سڑکیاں لگا کر چائے پیتے ہوئے اسے نذیر کی باتیں یاد آنے لگیں۔ اس نے فوراً آواز دے کر نوراں کو بلایا۔

نوراں اسے شک بھری نظر سے دیکھتی کھاٹ پر اس کے برابر بیٹھ گئی۔ نورل چائے کا گھونٹ لینے کے بعد اس سے مخاطب ہوا۔ ’’تیری ساس مرے، ایک بات غور سے سن۔ مگر بات سننے سے پہلے مجھ سے وعدہ کر کہ میں تجھ سے جیسے کہوں گا، تو ہوبہو ویسے ہی کرے گی۔‘‘

اپنے شوہر کی مضحکہ خیز سنجیدگی پر اسے ہنسی آنے لگی مگر وہ اپنی ہنسی کو بمشکل ضبط کرتے ہوئے سر ہلا کر بولی، ’’اچھا اچھا، وعدہ کرتی ہوں۔‘‘

نورل اپنا مدعا بیان کرنے سے پہلے اسے کچھ دیر کے لیے چمکدار خوابوں کی دنیا میں لے گیا۔ اس نے رنگین چوٹیوں، مرزا کمپنی کی مضبوط چپل، پھول دار ملبوسات اور لیس والے ریشمی ڈوپٹوں کا ذکر کچھ ایسے پرکشش انداز سے کیا کہ ان سب چیزوں کے لیے ترسی ہوئی نوراں خود کو تھوڑی دیر کے لیے وڈیرے ہاشم جوگی کی بہو خیال کرنے لگی۔ اس دوران وہ اپنے بےرنگ ڈوپٹے میں اپنے سفید اور کالے بال چھپاتی ہوئی نورل کی باتوں میں کھوئی رہی۔

اپنی کامیابی پر زیرِلب مسکراتے ہوے نورل نے اس کے پڈعیدن جانے کا ذکر چھیڑ دیا۔ اس سفر کے بارے میں سنتے ہی نوراں نے اپنے شوہر کو صاف صاف بتا دیا کہ اس لڑکے نے بڑے پُل تک ان کا پیچھا کیا تھا اور شمیم ابھی تک اسے بھول نہیں سکی تھی، اور اکثر اس کا  ذکر کسی نہ کسی بہانے سے کرتی رہتی تھی۔

پکوڑافروش نے اپنی بیوی کو یہ بتا کر حیران کر دیا کہ وہ اس لڑکے کو اچھی طرح جانتا ہے۔ تھوڑی دیر بعد وہ اصل مقصد کی طرف آیا اور کہنے لگا، ’’وہ لڑکا اب میرا اچھادوست ہے اور میں اسے زبان دے چکا ہوں۔ سمجھتی ہو نا؟ وہ بیچارہ اس کی محبت میں چرس پینے لگا ہے۔ مگر وہ سگریٹ بھی نہیں پیتا تھا پہلے۔‘‘

نذیر کی حالتِ زار کا سن کرنوراں کا دل پسیجنے لگا اور وہ اس سے ہمدردی محسوس کرتے ہوے آہ بھر کر بولی، ’’وے چارو!‘‘

پکوڑافروش نذیر کا حال بڑھاچڑھا کر بیان کرتا رہا اور ساتھ ہی اپنے فائدے کی بات بھی کرتا رہا، جس کا اس کی بیوی پر بہت اثر ہوا اور اس نے تباہ حال نوجوان کی مدد کرنے کا مصمم ارادہ کر لیا۔

پکوڑوں سے بھرا ہوا تھال اٹھاتے ہوئے اس نے اپنی بیوی کو آخری نصیحت کی۔ ’’اور یہ بات اچھی طرح سن لو! شمیم کو میرے بارے میں نہ بتانا۔ اسے کہنا کہ وہ لڑکا تمھیں بازار میں اچانک ملا تھا اور تمہارے قدموں میں آ کر گر پڑا تھا۔ اگر تم نے اس کے سامنے میرا نام لے لیا تو وہ اس سے ملنے پر رضامند نہیں ہو گی۔ سمجھ گئیں نا؟‘‘

نوراں یہ سن کر ذرا سی پریشان تو ہوئی مگر پھر کہنے لگی، ’’ایسے معاملے میں اگر کوئی مرد درمیان میں آ جائے تو عورت فوراً بدک جاتی ہے۔‘‘

پکوڑافروش اپنی بیوی کی ذہانت پر اس کی تعریف کرنے لگا اور تھال سر پر رکھ کر کمرے سے باہر چلا گیا۔

نورل نے گاؤں کی شریف اور معتبر عورت کے دل میں نذیر کے لیے موجود محبت کو کچھ دنوں تک اس سے چھپائے رکھا۔ وہ ایک طرف اپنے دوست کے جذبوں کی شدت کا اندازہ لگانا چاہتا تھا مگر دوسری طرف وہ اپنے گوٹھ کی عورت کی رسوائی سے بھی خوفزدہ تھا۔ اسے معلوم تھا کہ ذرا سی بےاحتیاطی سے یہ معاملہ قصبے اور گردوپیش کے دیہات کے لوگوں کی اجتماعی یادداشت کا حصہ بن سکتا تھا اور اس عورت کے لیے ہمیشہ کی رسوائی اور ذلت کا باعث بھی بن سکتا تھا۔ اس نے نذیر کو بھی اس معاملے میں رازداری برتنے کی تنبیہ کی اور اسے اس کی محبت کے ہر ممکنہ انجام کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

نورل نے اپنی باتوں سے اپنے دوست کے دل میں مایوسی کو گھر بنانے نہیں دیا۔ وہ اچھی طرح جانتا تھا کہ ہر نوجوان عاشق کا دل قنوطی ہونے کے باوجود کبھی بھی بےآس نہیں ہوتا — وہ ہمیشہ کسی نہ کسی معجزے کی رونمائی کا منتظر رہتا ہے۔

نذیر جو ہر وقت اسے کریدتا رہتا تھا اور اس کی باتوں کی ٹوہ لیتا رہتا تھا، تو وہ یہ بےسبب نہیں کرتا تھا — وہ پوری سنجیدگی اور انہماک سے پردہ نشین خاتون سے تعلق استوار کرنا چاہتا تھا۔

نذیر نے ان معاملات کو غفور چاچا اور یعقوب کاریگر سے چھپایا ہوا تھا۔ اب وہ دن کا بیشتر وقت دکان پر گزارتا تھا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد چاچا غفور قیلولہ کرنے کی غرض سے چند گھنٹوں کے لیے گھر چلا جاتا تھا۔ نذیر اور کاریگر سہ پہر تک جمائیاں لیتے کام کرتے رہتے اور شام کو چاچے کی آمد سے پہلے تک چاق و چوبند ہو جاتے۔

نذیر کو شام سے پہلے ہی دکان سے چھٹی مل جاتی۔ اس کے بعد وہ رات نو بجے تک حیدری کے ساتھ قصبے میں آوارہ گردی کرتا رہتا۔

اس نے پچھلے کچھ عرصے کے دوران جیب خرچ بچا بچا کر جتنی بھی رقم جمع کی تھی وہ نورل سے ملاقاتوں میں اس کے بہت کام آئی تھی۔ کپڑوں کی خریداری کے بعد وہ پریشان ہو گیا، کیونکہ اسے معلوم تھا کہ اظہارِمحبت کے بعد بھی اسے روپوں کی ضرورت پیش آئے گی۔ لوگوں سے محبت کی کہانیاں سن سن کر اس نے یہ اصول اخذ کیا تھا کہ دولت کے بغیر کسی محبوبہ کا دل جیتنا ممکن ہی نہیں تھا۔

دو دن کے لیے جب پکوڑافروش قصبے کی طرف نہیں آیا تو نذیر اسے ڈھونڈتا دیر تک گلیوں میں گھومتا رہا۔ اس کے تمام ممکنہ ٹھکانوں پر جا کر اسے مایوسی ہوئی۔ وہ تھک ہار کر نہر کے کنارے چائے خانے پر جا بیٹھا اور گردوپیش نظر دوڑانے لگا۔ آسمان گہرا نیلا تھا، اس کے کناروں پر بہت دور کہیں کہیں سفید بادل اپنا سر نکالے نظر آ رہے تھے۔ سورج کی کمھلائی پیلی دھوپ نہر کے پانی اور کھیتوں پر دور دور تک پھیلی تھی۔ نہر کے پُل پر اکادکا سائیکلوں اور چھکڑوں کی آمدورفت جاری تھی۔

نذیر سوچتا رہا کہ جتنے روز نورل سے ملاقات ہوتی رہی، اُس کے طفیل وہ بلاسبب برقع پوش کی قربت کو محسوس کرتا رہا۔

اسے وہاں بیٹھے بیٹھے بہت دیر گزر گئی۔ دھیرے دھیرے شام ڈھلنے لگی تو آسمان اچانک پرندوں کی آوازوں سے بھر گیا۔

ہولے ہولے تاریکی پھیلنے لگی تو نذیرمایوس ہو کر اٹھ کھڑا ہوا اور نہر کے کنارے چلنے لگا۔ اس کا ذہن الجھا ہوا تھا۔ وہ بہت بےقراری محسوس کر رہا تھا۔ بار بار اسے یہ خیال تنگ کر رہا تھا کہ اس نے بلاضرورت بیکار کی پریشانی مول لے لی تھی۔

نہر کے آس پاس سب ٹھیلے والے جا چکے تھے۔ پل کی دیوار پر ایک بوڑھا آدمی بیٹھا کھانس رہا تھا۔ نذیر پرانے اور خستہ سے پُل پر چلتا ہوا دوسری طرف پہنچا اور گوٹھ ہاشم جوگی سے اٹھنے والے دھویں کی بو سونگھنے لگا۔ گاؤں سے آنے والے کچے راستے پر اس نے ایک شخص کو لحاف اوڑھ کر پل کی طرف آتے ہوئے دیکھا۔

آہستہ آہستہ دھندلائے منظر بھی اندھیرے میں معدوم ہونے لگے مگر نذیر وہیں کھڑا رہا۔ پل پر بیٹھا ہوا بوڑھا آدمی بھی جا چکا تھا۔ وہ دن بھر خاموشی سے بہنے والے پانی کی مدھم مدھم سی سرگوشیاں سننے لگا۔ وہ کچھ کہہ رہا تھا — اس پر ہنس رہا تھا، یا شاید رو رہا تھا۔ تاریکی میں ٹھنڈے سانس بھرتے ہوے وہ پُل کی دیوار پر جا بیٹھا۔

اچانک کسی نے کھڑکھڑاتے ہوئے لہجے میں اس کا نام پکارا تو اس نے فوراً چونک کر اس کی طرف دیکھا۔ وہ نورل جوگی تھا۔ سرد ہواسے بچنے کی خاطر اس نے سر سے پیر تک لحاف اوڑھا ہوا تھا۔

نذیر سے مصافحہ کرتے ہوے اس نے قہقہہ لگایا جو اگلے ہی لمحے شدید کھانسی میں تبدیل ہو گیا۔ کھانستے ہوے اس کا جسم جھک گیا۔ چند لمحوں بعد کہیں جا کر اس کی کھانسی تھمی۔

نذیر پکوڑافروش سے کوئی بات سننا چاہتا تھا۔ اس نے کوئی سوال نہیں پوچھا۔ اسے معلوم تھا کہ پکوڑافروش موالی طوطے کی طرح خودبخود بولنا شروع کر دے گا۔ وہ اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر اس کی پیٹھ تھپتھپانے لگا۔

سگریٹ سلگا کر نورل اسے اپنی بیماری کے متعلق بتانے لگا۔ وہ اپنے گاؤں کی اوطاق میں چرس اور بھنگ پیتا رہا تھا۔ وہیں پر اسے ٹھنڈ لگ گئی۔ اس نے بتایا کہ اگر اسے آج چرس نہ خریدنا ہوتی تو آج بھی قصبے کی طرف نہ آتا۔

تھوڑی دیر بعد اس نے ہنستے ہوے نذیر کو بتایا: ’’بوہتار، تیرے لیے ایک خاص خبر ہے، اور ایک خاص پیغام بھی۔‘‘

اس کی بات سن کر نذیر خود کو مسکرانے سے نہیں روک سکا۔

نورل نے اگلے ہی لمحے کسی تردّد کے بغیر اسے بتا دیا کہ اس نے پڈعیدن اسٹیشن پر شمیم کو جو چائے پلائی تھی، وہ اس چائے کی پیالی کو ابھی تک نہیں بھولی تھی۔ وہ نذیر سے ملنا چاہ رہی تھی۔

یہ سنتے ہی نذیر خوشی سے بےقابو ہو کر پکوڑافروش سے لپٹ گیا۔

نذیر کی زندگی میں شمیم پہلی عورت تھی جس نے اس سے ملنے کے لیے اسے پیغام بھیجا تھا، ورنہ اس سے پہلے بھی وہ بےشمار لڑکیوں اور عورتوں کا تعاقب کر چکا تھا مگر ان میں سے کسی کی جانب سے پیغام آنا تو درکنار، اسے ان کو دیکھنے کا دوسرا موقع تک میسر نہیں آ سکا تھا۔ وہ سب کی سب اپنے گھروں میں جانے کے بعد اسے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بھول گئی تھیں۔ پکوڑافروش کے ذریعے موصول ہونے والے پیغام کی اس کے لیے بہت خاص اہمیت تھی۔ اسی لیے اس کا اپنا بیکار وجود بھی اس کی اپنی نظروں میں یکایک کچھ اہم ہو گیا تھا۔ باربار کسی سبب کے بغیر اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ آ جاتی تھی۔ آج اسے محسوس ہونے لگا تھا کہ انسانوں سے بھری ہوئی اس دنیا میں ایک عورت ایسی بھی ہے جو اس کے بارے میں سوچتی ہے۔ اس کے لیے یہ خیال بہت مسحورکن تھا۔ مگر اس سے بھی زیادہ مسحورکن خیال آج کی شب پیش آنے والے وصل کی لذت کا خیال تھا، جس کا ہلکا سا احساس ہی اس کے بدن پر سرشاری طاری کر رہا تھا۔

اسی خیال کے زیرِاثر وہ بہت دیر تک متواتر سلائی مشین چلاتا رہا۔ اسے وقت کے تیزی سے گزرنے کا احساس ہی نہیں ہو رہا تھا۔ بہت دیر کے بعد اس نے اپنا ہاتھ روکا اور دائیں بائیں دیکھنے لگا۔ اس کی نظر یعقوب کاریگر کے چہرے پر جا کر ٹھہر گئی جو ایک ریشمی لباس کی سلائی میں مصروف تھا۔ اس کی آنکھیں سلائی مشین کی ٹانکے لگاتی باریک سوئی کو شوق بھری نظر سے دیکھ رہی تھیں۔ اس کے ہاتھوں کی انگلیاں ریشمی کپڑے کو کچھ اس طرح جھجکتے ہوے چھو رہی تھیں جیسے وہ کسی عورت کے جسم کو اس کی اجازت کے بغیر اور اس سے چھپ کر چھو رہی ہوں۔

نذیر نے حیرت سے سوچا کہ نسوانی کپڑوں کی سلائی کے دوران یعقوب کاریگر اپنے گردوپیش سے اتنا لاتعلق ہو جاتا تھا کہ اسے بیڑی پینے کا ہوش بھی نہیں رہتا تھا۔ عجیب لذت سے تمتماتا ہوا اس کا چہرہ دیکھ کر نذیر کو اس کے ہاتھوں کے ہنر کی مقبولیت کا راز معلوم ہو گیا۔

ابھی شام ڈھلنے میں خاصا وقت تھا اور آدھی رات ہونے میں تو اس سے بھی زیادہ وقت باقی تھا۔ یکایک وہ محسوس کرنے لگا کہ ہیجان خیز محسوسات و خیالات کی یورش کی وجہ سے دھیرے دھیرے اس کے جذبات کند ہونے لگے ہیں، اور وہ اپنے آپ کو فاترالعقل سمجھنے لگا۔ اپنا ذہن بٹانے کا سوچ کر اس نے دیوار پر چسپاں تصویروں پر ایک نگاہ ڈالی۔ فلمی اداکاراؤں کے میک اپ سے بھرے چہرے اس کی نگاہوں سے خودبخود اوجھل ہو گئے۔ اسے صرف کسے کسائے ملبوسات میں پھنسے ہوے بدن دکھائی دیے۔ اسے محسوس ہونے لگا کہ دکان کی چھت سے فرش تک صرف نسوانی اعضا کی تصویریں لگی ہوئی ہیں اور ہر نسوانی عضو ہر قسم کی نزاکت اور حسن سے یکسر عاری ہے اور اس میں سے صرف شہوانیت کا اظہار ہو رہا ہے۔ وہ کچھ دیر تک بھرے بھرے جسموں کی گداز چھاتیوں اور ابھرے ہوے پیٹ کی ناف کو دیکھتا رہا۔ اس عمل سے اچانک اس کا خون گرم ہو گیا اور ناک کے نتھنوں سے گرم گرم سانسیں نکلنے لگیں۔

یعقوب کاریگر اسے محویت سے تصویروں کو تاکتے دیکھ کر مسکرانے لگا۔ اسے مسکراتا دیکھ کر نذیر کھسیانا ہو کر اٹھا اور دکان سے باہر چلا گیا۔ گلی سے نکل کر وہ سڑک پر آیا اور یہاں کی کھلی فضا میں لمبے لمبے سانس لیتے ہوئے اپنی طبیعت بحال کرنے لگا۔

سڑک کے پرلی طرف کپڑے کی ایک دکان پر لٹکی ہوئی پھول دار چادریں اور ڈوپٹے ہوا کے جھونکوں سے ہل رہے تھے۔ ایک دکانداراپنی پردہ نشین گاہک کے سامنے ریشمی کپڑے کا تھان کھول رہا تھا۔ نذیر اس برقع پوش عورت کی طرف دیکھنے لگا۔ دکان پر پڑتی سورج کی تیز روشنی کے سبب اس کے برقعے میں عجیب سی چمک پیدا ہو گئی تھی۔ اسے لگا کہ وہ یہاں کھڑا ہو کر زیادہ دیر تک اس برقعے کی چمک کو اپنی آنکھوں میں جذب نہیں کر سکتا۔

تھوڑی دیر بعد وہ دکان پر لوٹ آیا۔ یعقوب کاریگر اسے دیکھتے ہی بولا، ’’آج میں دکان پر بہت اکیلائی محسوس کر رہا ہوں۔ آج میرے یار کی طبیعت خراب ہے، اس لیے وہ نہیں آیا۔ اور تم ہو کہ مجھ بوڑھے سے کوئی بات ہی نہیں کرتے۔‘‘ وہ ایک بیڑی سلگا کر کش لینے لگا۔

نذیر اس کے قریب رکھے ہوے  سٹول پر جا کر بیٹھ گیا اور وہ دونوں چاچے غفور کے بارے میں باتیں کرنے لگے۔ زیادہ تر باتیں پرانی تھیں جو وہ پہلے بھی کئی بار کر چکے تھے۔ نذیر کو کوئی نئی بات نہیں سوجھ رہی تھی اس لیے وہ خاموش ہو گیا، کیونکہ کاریگر باتیں کرنے کی موج میں آیا ہوا تھا۔ نذیر کو اچانک چاچی خیرالنسا یاد آئی۔ آج چاچا بھی گھر پر موجود تھا۔ اس نے اپنی چشم ِتصور سے کمرے میں ایک دوسرے کے ساتھ پیوست سایوں کو حرکت کرتے ہوئے دیکھا۔

یعقوب کاریگر کی باتیں سنتے ہوئے اسے لگا کہ چاچے غفور سے اس کی دوستی کی ضرور کوئی خاص وجہ رہی ہو گی، جس کے بارے میں کاریگر نے بھول کر بھی باتوں میں کوئی اشارہ نہیں کیا تھا۔ نذیر نے سوچا کہ اگر کسی دن وہ کاریگر کو اعتماد میں لے کر اس سے پوچھ گچھ کرے تو شاید اسے کچھ گڑے مُردوں کا پتا چل جائے۔

دکان کے باہر ایک سائیکل کو رکتا دیکھ کر وہ دونوں چپ ہو گئے۔

ماسٹر طفیل اپنی دھوتی سنبھالتا ہوا سائیکل سے اتر کر دکان میں داخل ہوا۔

’’میں تمھارا ہی کام کر رہا تھا ماسٹر۔ صرف قمیص کے بٹن لگانے رہ گئے ہیں،‘‘ یعقوب نے خوش مزاجی سے اسے اس کے کپڑوں کے بارے میں بتایا۔ ماسٹر طفیل کچھ دیر بعد آنے کا کہہ کر چلا گیا۔

گلی میں دکانوں کے شٹر بند ہونے کی کھڑاک پڑاک شروع ہو گئی۔ تمام درزی ہنستے، شور مچاتے ہوے اپنی اپنی دکانوں سے نکلے۔ تھوڑی دیر بعد اذان بھی سنائی دینے لگی۔

ماسٹر طفیل کو اس کے کپڑے دینے کے بعد انھوں نے بھی دکان بند کر دی اور یعقوب کاریگر چاچے غفور کی عیادت کے لیے اس کے ساتھ چل پڑا۔

ملگجی شام میں چاچی خیرالنسا کشادہ صحن میں جانماز پر سمٹی ہوئی بیٹھی نماز پڑھ رہی تھی۔ اس کے ہونٹ دعا مانگتے ہوئے لرز رہے تھے۔ نذیر کے قدموں کی چاپ سن کر اس نے مڑ کر دیکھا اور اس کے ہونٹ تیزی سے دعا ختم کرنے لیے ہلنے لگے۔

نذیر دو محرابوں کے درمیان کھڑا عبادت ختم ہونے کا انتظار کرنے لگا۔ صحن میں پھیلتی تاریکی کو دیکھ کر اس نے بلب روشن کرنے کی خاطر دیوار پر نصب کالا بٹن دبایا تو برآمدے میں روشنی پھیل گئی۔ اس نے تاریک کمرے پر نظر دوڑائی۔ غفور چاچا وہاں رضائی اوڑھ کر لیٹا ہوا تھا۔ اس کے خراٹوں کی خرخراہٹ سن کر وہ مسکرایا۔

چاچی کو جانماز اٹھاتا دیکھ کر اس نے اس کے پاس جا کر یعقوب کاریگر کی آمد کے بارے میں بتایا۔ وہ فوراً اپنے شوہر کو جگانے کے لیے کمرے میں چلی گئی۔ چاچا غفور اپنے یار کا نام سن کر فوراً اُٹھ بیٹھا۔

چاچی خیرالنسا پردے کی خاطر باورچی خانے والی کوٹھڑی میں چلی گئی۔

یعقوب کاریگر کو دیکھ کر بوڑھا مریض خوشی سے کھل اُٹھا۔

نذیر اپنی گھڑی پر وقت دیکھ رہا تھا، کیونکہ پہلوان کے چائے خانے پر نورل جوگی اس کا انتظار کر رہا تھا۔ اسی بےچینی میں وہ باورچی خانے میں چاچی کے سامنے چوکی پر جا بیٹھا۔ چاچی خیرالنسا نے اپنے شوہر اور کاریگر کی پرانی دوستی کا ذکر چھیڑ دیا۔

باتوں کے دوران نذیر کو پہلے اس کے ہاتھ کا لمس یاد آیا اور پھر غسل خانے میں لٹکا ہوا اس کا بلاؤز۔ بیٹھے بیٹھے وہ چاچی کے سرخ و سفید ہاتھوں کو دیکھنے لگا۔ اس نے سوچا کہ ان ہاتھوں میں پوشیدہ حدت کتنی نرم و ملائم ہو گی۔ اس کا جی چاہا کہ وہ اسی وقت انھیں چھو کر محسوس کرے اور ان کی ہتھیلیوں پر ایک بوسہ ثبت کردے۔ اس نے خود کو گستاخی پر آمادہ محسوس کیا۔ وہ اس کے کشادہ سینے کے زیروبم کو دیر تک محویت سے دیکھتا رہا۔

وہ حیران تھا کہ اس کی باتوں میں عدم دلچسپی کے باوجود وہ بےخبری کے عالم میں دیر تک باتیں کرتی رہی۔ جب وہ چولھے میں پھونک مارنے کے لیے جھکی تو نذیر نے چپ چاپ اس کی چھاتی کے ابھار کو دیکھا، مگر اگلے لمحے چاچی خیرالنسا اپنے سینے پر ہاتھ باندھ کر اسے شک بھری نظروں سے گھورنے لگی۔ اس کے گھورنے پر وہ جھینپ سا گیا۔ اسے الجھن ہونے لگی۔ وہ باتونی نہیں تھا مگر چاہتا تھا کہ پرُکشش جسم والی اس حسین عورت سے دیر تک لچھےدار باتیں کر کے اس کا دل بہلائے۔

چاچی نے پتیلی اٹھا کر چینک میں چائے انڈیلی۔ وہ ٹرے میں رکھی چینک اور پیالیاں اٹھائے ہوئے باورچی خانے سے باہر چلا گیا۔

کمرے میں ان کے سامنے چائے رکھنے کے بعد وہ آدھے گھنٹے تک ان دو بوڑھے آدمیوں کے ساتھ بیٹھا رہا۔ ان کی باتیں سنتے ہوے اس نے سوچا کہ غفور چاچا دلچسپ گفتگو کرنے کا ماہر تھا، اسی لیے اس نے ابھی تک چاچی کو اپنے قابو میں رکھا ہوا تھا۔

کچھ دیر بعد یعقوب کاریگر نے چاچے سے جانے کی اجازت مانگی۔ وہ اسے رخصت کرنے گلی کے آخر تک چلا گیا۔ الوداعی مصافحے کے بعد وہ کچھ وقت وہیں کھڑا اسے جاتے ہوے دیکھتا رہا۔ اس کے بعد وہ پہلوان کے چائے خانے کی طرف چل پڑا۔

چائے خانے میں نوجوان لڑکے ڈبّو کھیلتے ہوے شور مچا رہے تھے۔ وہاں ٹیپ ریکارڈر پر جلال چانڈیو کا گانا بج رہا تھا۔ ایک طرف پڑے ہوے موڑھوں پر دو چار آدمی بیٹھے دھیمے لہجوں میں گفتگو کر رہے تھے، جبکہ نورل منہ بسورتا ہوا اکیلا بیٹھا تھا۔

نذیر پکوڑافروش پاس گیا تو وہ اسے دیکھ کر مسکرایا۔ انھوں نے موڑھے اٹھا کر ایک کونے میں کھسکا لیے اور آپس میں سرگوشیاں کرنے لگے۔

پکوڑافرو ش نے رازداری سے اسے بتایا کہ آج رات ایک بجے وہ اپنے گھر کے پچھلے دروازے سے نکل کر پانی کے نالے کے پاس اس کا انتظار کرے گا۔ اس پر لازم تھا کہ وہ ایک بجے سے پہلے وہاں پہنچ جائے۔ اس نے اسے مزید یقین دلایا کہ ملاقات کے دوران وہ دونوں عاشقوں کے آس پاس منڈلا تا رہے گا۔

نذیر نے اس کی ہر بات غور سے سنی۔ اس نے اپنے ذہن میں پہلی ملاقات کا جو تصور باندھا تھا، اس پر خوف کی پرچھائیں لہرانے لگی۔ اس کے باوجود چائے خانے سے اٹھ کر جاتے ہوے نذیر نے وعدہ کیا کہ وہ ساڑھے بارہ بجے تک نہر سے اُترنے والی سڑک پر پہنچ جائے گا۔

نورل نے بھی سنجیدگی سے اپنا وعدہ دُہرایا اور وہاں سے چلا گیا۔

کل وہ اپنے بستر پر جس شب کے انتظار میں لیٹا ہوا کروٹیں لے رہا تھا، وہ شب آ پہنچی تھی اور اپنے بازو پھیلا کر اسے دعوتِ نشاط دے رہی تھی۔ مگر یہ کیا؟ گزرتے ہوئے لمحوں کے ساتھ نہر پار جانے کے خیال سے اس کے دل میں دہشت بڑھتی جا رہی تھی۔ وہ خود کو کسی طور پر ڈرپوک ماننے کے لیے تیار نہیں تھا۔ اس نے بزدلی کو واہمہ قرار دے دیا اور اس کے خیال کو جھٹکنے کے لیے وہ چاچے غفور کے ساتھ اس وقت کمرے میں بند چاچی خیرالنسا کے بارے میں سوچنے کی کوشش کرنے لگا۔ مگر اس کا ذہن اس پل چاچی کے متعلق کچھ بھی سوچنے کے لیے آمادہ نہیں ہوا۔ اسے کوئی بات نہیں سوجھی، اس کے دل میں کوئی احساس پیدا نہیں ہوا، حتیٰ کہ چاچی کے گداز سینے کا خیال بھی اس کے ذہن کو اپنی طرف مائل نہ کر سکا۔ اور دوسری طرف کسی کوشش کے بغیر اس کا ذہن باربار خودبخود شمیم کے بارے میں سوچنے لگتا تھا۔ اگرچہ اس نے اب تک اس برقع پوش شمیم کی آواز نہیں سنی تھی، اس کے ہونٹ اور اس کے سینے کا شاہد نہیں ہوا تھا، اس کے باوجود فوراً اس کے ذہن میں درازقد اور بھرپور جسم کی ایک شاندار عورت در آئی تھی۔ وہ اس کے سحرانگیز حُسن کی باریکیوں میں اُلجھ گیا۔

اس نے اپنی چشمِ تخیل میں کتھئی لباس میں ملبوس ایک جوان عورت کو دیکھا جس کے جسم سے چنبیلی کی خوشبو کی لپٹیں اٹھ رہی تھیں۔ اس کے سر سے چادر ڈھلکی ہوئی تھی جس کی وجہ سے اس کے بالوں کی مانگ نظر آ رہی تھی۔ وہ کہیں کھڑی ہوئی شدت سے اس کی منتظر تھی۔

چند لمحوں کے بعد وہ ٹھنڈی آہیں بھرتا ہوا اپنے تخیل کے اڑن کھٹولے سے نیچے اترا اور چھت کی کڑیوں کی طرف دیکھتے ہوے بلاسبب مسکرانے لگا۔ کچھ دیر قبل اس کے لیے شعوری طور پر جس چیز کے لیے سوچنا محال ہو رہا تھا، اب اس کا ذہن اس کے بارے میں خودبخود سبک روی سے سوچنے لگا۔ شمیم کے تصور کے بعد اب وہ چاچی کا تصور باندھنے لگا۔ سوچتے سوچتے اس نے لحاف اتارا، چارپائی سے اتر کر کمرے کے دروازے کے پاس گیا اور اس سے کان لگا کر کچھ دیر تک ان کی آپس کی باتیں سننے کی کوشش کرتا رہا۔ اس کے جی میں آیا کہ وہ دروازے کو دھکا دے کر اسی لمحے کھول دے اور اپنی آنکھوں سے انھیں قابلِ اعتراض حالت میں دیکھے۔ مگر اگلے ہی ثانیے وہ دروازے سے ہٹ گیا اور ٹہلتا ہوا برآمدے سے صحن میں آ گیا۔ وہ سوچنے لگا کہ پہلی ملاقات پر اسے کیا باتیں کرنی چاہییں اور کس انداز سے کرنی چاہییں؟ کس طرح چکنی چپڑی اور دل لبھانے والی باتوں کے ذریعے شمیم کو شیشے میں اُتارنا چاہیے؟ اس حوالے سے اسے خود پر اعتماد نہیں ہو رہا تھا کیونکہ ماضی میں دو مرتبہ پہلے بھی وہ ایسے معاملات میں ناکامی کی اذیت برداشت کر چکا تھا۔

اپنی بہن کی سہیلی سے پہلی بار ملتے ہی اس نے اس سے محبت کا اظہار کر دیا تھا۔ اس کے بےسلیقہ اظہار کا برا مان کر وہ لڑکی اس سے بدک گئی اور اس نے اس کی بہن سے بھی ہمیشہ کے لیے ملنا ترک کر دیا تھا۔ دوسرا واقعہ اسی قصبے میں پیش آ چکا تھا۔ ایک دن وہ پرائمری اسکول کی عمارت کے قریب سے گزر رہا تھا۔ اس نے ایک لڑکی کو اپنے گھر کے دروازے سے باہر جھانکتے ہوے دیکھا۔ وہ اسے پہلی نظر میں ہی بھا گئی۔ اس کے بعد وہ کئی روز تک اس کے گھر کے باہر چکر لگاتا رہا۔ کبھی کبھار وہ دکھائی دے جاتی لیکن ہر بار اسے دیکھتے ہی پردہ گرا کر اندر بھاگ جاتی۔ ایک شام وہ اسے ایک سنسان گلی میں دکھائی دے گئی۔ اس نے فوراً اپنا دل کھول کر اس کے سامنے پیش کر دیا۔ لڑکی نے اس کا دل اپنے پیروں تلے روند ڈالا اوراسے برابھلا کہتی ہوئی چلی گئی۔

اسے خدشہ تھا کہ شمیم بھی کہیں اس کی بےربط اور اکھڑی باتیں سن کر اس سے اکتا نہ جائے۔ پچھلے کچھ برسوں سے وہ شادی شدہ عورتوں سے تعلقات قائم کرنے کے خواب دیکھتا رہا تھا۔ اب اس نے لڑکیوں کو اپنی محبت کے لائق سمجھنا چھوڑ دیا تھا۔ ان کے نخروں کو برداشت کرنا اس جیسے کم ہمت کے بس کی بات نہیں تھی۔ جوانی کے حُسن اور فطری کشش کے باوجود اب قصبے کی لڑکیاں اسے بالکل اچھی نہیں لگتی تھیں۔

وہ اپنے خیالوں میں گم، صحن کے ٹھنڈی اینٹوں والے فرش پر چہل قدمی کرتا رہا۔ اچانک اسے محسوس ہوا کہ صحن کے چاروں کونوں سے بچھو اور سانپ اس کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اس احساس سے خوفزدہ ہو کر وہ فوراً بھاگ کر برآمدے میں پڑی ہوئی چارپائی پر چڑھ گیا اور رضائی اپنے جسم پر اوڑھ کر بیٹھ گیا۔

بستر یخ بستہ ہو رہا تھا۔ اپنی رضائی پاؤں پر اچھی طرح اوڑھنے کے باوجود بہت دیر تک اس کے پیر گرم نہیں ہو سکے۔ تنگ آ کر وہ انھیں اپنے ہاتھوں سے مَلنے لگا۔

اسے اپنی حماقت کا احساس بہت تاخیر سے ہوا۔ اوس سے بھیگی رات میں صرف شلوار قمیض پہنے ہوے گھر سے نکلنا بہت دشوار تھا۔ کمرے میں رکھے ہوئے اپنے صندوق سے چادر، مفلر اور جرابیں نکالنا اسے یاد نہیں رہا تھا۔ اس کے پاس صرف بغیر آستینوں والا سویٹر تھا۔ اس سویٹر کی مدد سے سردیوں کی رات کی ٹھنڈ اور پالے کا رُکنا محال تھا۔

اسے محسوس ہونے لگا کہ رات آدھی سے زیادہ گزر چکی ہے۔ گھڑی پر وقت دیکھنے کے لیے برآمدے کا بلب جلانا ممکن نہیں تھا۔ اس کے پاس کوئی ماچس بھی نہیں تھی۔ وہ چارپائی سے اُتر کے دبےپاؤں باورچی خانے کی کوٹھڑی تک گیا۔ اس کے ٹھنڈے ہاتھ چولھے کی راکھ اور اس کے گردوپیش کی زمین ٹٹولتے رہے لیکن اسے وہاں ماچس نہیں ملی۔ اندازے سے اس نے خانوں والی الماری کھول کر اس میں ہاتھ مارا تو وہاں اسے ماچس مل گئی۔ دیاسلائی جلا کر اس کے شعلے کی روشنی میں اس نے گھڑی پر وقت دیکھ ہی لیا۔ بارہ بج کر دس منٹ ہو رہے تھے۔ وہ دیواریں ٹٹولتا باورچی خانے سے باہر نکلا اور دھیرے دھیرے چلتا ہوا برآمدے میں اپنی چارپائی تک پہنچا۔ اس نے رات کے پالے سے بچنے کے لیے بستر سے چادر اتار کر اپنے گلے میں ڈال لی۔ پھر تکیے کو بستر کے درمیان رکھ کر اسے رضائی میں چھپا دیا تاکہ اگر کمرے سے کوئی باہر نکلے تو ابھری ہوئی رضائی دیکھ کر یہ سمجھے کہ وہ یہاں سو رہا ہے۔ رضائی کا اونچا ابھار بنا کر وہ خاصا مطمئن ہو گیا۔ اس کے بعد وہ دبے پاؤں چلتا ہوا گھر سے باہر نکلنے والے دروازے تک گیا۔ دروازے سے نکلنے کے بعد اس نے کنڈی چڑھا دی اور احتیاط سے چلتا گلی میں نکل گیا۔

گلی میں گہرا سناٹا تھا۔ موسمِ زمستاں کی یہ شب کہرآلود تھی۔ یوں لگتا تھا جیسے آسمان سے یخ بستہ بوندیں برس رہی ہوں۔ گلی سے نہر کے پُل تک اسے بہت سی گلیوں سے گزرنا تھا۔ وہ اپنے بےاعتماد قدموں اور بےترتیب سانسوں کی آوازیں سنتا نپے تلے قدموں سے چلتا رہا۔ اسے محسوس ہو رہا تھا کہ بہت مرتبہ کی دیکھی بھالی اور دن کے وقت مہربانی سے پیش آنے والی گلیاں آدھی رات کو جانی دشمن کی طرح نظر آ رہی تھیں۔

چوکیدار کی سیٹی سن کر وہ ہر بارچونک جاتا تھا۔ اسے محسوس ہوتا کہ وہ برابر والی گلی سے گزر رہا ہے۔ وہ اس کے قدموں کی آہٹ سننے کی کوشش کرتے ہوے آگے بڑھتا رہا۔ ہر گلی کے دونوں طرف دیواروں کا طویل سلسلہ تھا۔ ہر موڑ کے بعد نئی دیواریں آ جاتیں اور وہ ان کے بیچ سہما ہوا اور خوف سے لرزتا ہوا قدم بڑھاتا رہا۔

ایک ڈھلان کی چڑھائی چڑھنے کے بعد وہ نہر کے کنارے پر پہنچ گیا۔ تیز چلنے کی وجہ سے اس کی سانس پھولی ہوئی تھی۔ قصبے کی آبادی سے نکل کر کھلی فضا میں آتے ہی اسے سردی زیادہ محسوس ہونے لگی۔ وہ درختوں کی قطار کے ساتھ ساتھ چلتا رہا۔ اس کی نظریں پُل پر جمی ہوئی تھیں جو دور سے دھند اور کہرے میں لپٹا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ اس نے نہر کے پانی کی سطح پر چمکتے ہوے ستاروں کو دیکھا تو حیران رہ گیا۔ یوں لگ رہا تھا جیسے پانی میں موتی جگمگا رہے ہوں۔ رات کے اس پہر پُل ویران پڑا تھا۔ اس نے ٹھٹھرتے ہوے تیزرفتاری سے چل کر پل عبور کیا۔ پل سے نیچے اتر کر اسے تھوڑی دور چلنے کے بعد دائیں جانب کی جھاڑیوں سے گاڑھا دھواں اُٹھتا ہوا دکھائی دیا۔ دھواں دیکھتے ہی وہ ٹھٹک کر رک گیا۔ اس نے چرس کی مخصوص خوشبو کو پہچان لیا تھا۔ وہیں کھڑے کھڑے وہ دھیرے سے کھنکارا تو اسے جھاڑیوں میں سے کسی کے کھانسنے کی آواز سنائی دی۔ کھانسی کی آواز پہچانتے ہوے وہ جھاڑیوں کی طرف چلا گیا۔ وہاں نورل جوگی اس کا انتظار کرتے ہوئے چرس کی سلفی پینے میں مگن تھا۔

رات کے اس پہر ہوا مکمل طور پر بند تھی۔ تمام چیزوں پر سکوت طاری تھا۔ آسمان کی چاروں انتہاؤں سے یخ بستگی زمین پر ٹپک رہی تھی اور دھیرے دھیرے ساری فضا میں پھیل رہی تھی۔ نذیر محسوس کر رہا تھا کہ اس کے کپڑے بھی آسمان سے گرتی اوس سے بھیگنے لگے تھے اور اس کی ناک کے نتھنوں میں سانسیں جم رہی تھیں۔ اس کے باوجود پکوڑافروش کی فراخدلانہ پیشکش ٹھکراتے ہوے اس نے سلفی پینے سے انکار کر دیا۔ اس کے انکار کے بعد نورل جوگی نے بھی اصرار نہیں کیا۔ وہ نشے کی کثرت کے باوجود بچے رہ جانے والے اپنے ہوش وحواس کو بروےکار لاتے ہوے نذیر کو گوٹھ میں واقع شمیم کے مکان کا حدوداربعہ سمجھانے لگا۔

’’وہ دیکھو… اُس طرف! ہاں، وہ جو سیمنٹ سے بنی ہوئی صاف ستھری عمارت ہے نا، وہ ہمارے گوٹھ کی یونین کونسل ہے۔ کبھی بھول کر بھی اس کے قریب سے مت گزرنا۔ یونین کونسل کا چوکیدار شام ڈھلتے ہی اس کے باہر کتے چھوڑ دیتا ہے۔

نذیر دیکھ رہا تھا کہ پکوڑافروش دن بھر قصبے میں جوتیا ں چٹخانے کے بعد اس وقت تھکن سے چور تھا اور نشے کی زیادتی کی وجہ سے اس کے اعصاب مضمحل لگ رہے تھے۔۔‘‘

Advertisements
julia rana solicitors

جاری ہے

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply