غیرت مند قوم؟۔۔ولائیت حسین اعوان

امریکہ ایران  کی اس کشمکش اور اس پر مختلف تبصرے ،طنز اور بڑھکیں سن پڑھ کر میں سوچتا ہوں کہ، ہم وہ قوم ہیں جن کے ملک میں امریکہ نے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسلامی کیمپ بنانے کے جرم میں نا  صرف عظیم بھٹو کو نشان ِ عبرت بنانے کی دھمکی دی،بلکہ اسے نشانِ عبرت بنا  بھی دیا۔۔اور سلام ہے عظیم قوم کو ،کہ اِسی بھٹو کے خلاف سڑکوں پر آئی،اور اِسی بھٹو کو قابل فخر فوج کے سربراہ نے اعانت جرم لگا کر پھانسی پر چڑھا دیا۔مشورہ قتل میں پاکستان کی تاریخ میں کتنے مجرموں کو پھانسی پر چڑھایا گیا؟ڈالر کھاتے رہے 11 سال میں  ملک کو تباہ کر دیا،معیشت تباہ،ہیروئن سمگلنگ، اسلحہ ،اغواء، تاوان، بم دھماکے اور سب سے بڑھ کر بے وفا افغانی ملک کو تحفے میں دے کر ظالم ڈکٹیٹر بھی اسی امریکہ کے ہاتھوں مارا گیا جس کے ایک حکم پر جان دیتا تھا۔اور پھر یہ بھولی قوم 2 سال اس کی قبر کو زیارت گاہ بنا کر آج اس کا نام بھی نہیں لیتی۔فوج ہی غیرت  دکھاتی  اور اپنے سربراہ کے قتل کا امریکہ سے کچھ انتقام لے لیتی۔۔امریکہ اوجڑی کیمپ واقعہ کر کے گیا،لیکن ہم پھر ان کی گود میں۔۔ہر 30،40 ماہ بعد جمہوری حکومت ختم ہوتی ہے ،آنے جانے والے امریکہ کی مرضی سے آتے جاتے ہیں۔لیکن اس قوم کو ایرانیوں پر اعتراض ہے ،جہاں 80 سے آج تک امریکہ زور لگا لگا کر بھی اپنا سربراہ حکومت نہ لا سکا۔

ڈرون حملوں میں لاکھوں شہید ہو گئے۔ہمارے ملک کی حدود استعمال کر کے ہمارے ہی لوگوں کو مارا گیا لیکن ہم پُر سکون۔۔ایران کے ساتھ گیس پائپ لائین کا معاہدہ تکمیل کے قریب پہنچ کر روک دیا گیا اور آج ہمارے شہری بابو بھی گھروں میں پرانے زمانے کی طرع گوبر اور لکڑی استعمال کر رہے ہیں اور چولہے چھت پر رکھ کر بیٹھے ہیں لیکن کوئی بات نہیں ،غیرت پروف ہونا چاہیے اور دوسروں پر زبان درازی ضروری ہے۔

ہماری تو اتنی ویلیو نہیں کہ ایک کشمیر کے حق میں فیصلہ ہی امریکہ سے اپنی 70 سال کی قربانیوں کے بدلے  میں لے لیں۔اس موقع  پر بھی سعودی امریکی اور اسرائیلی ، انڈیا سے کندھے سے کندھا ملائے کھڑے ہوتے ہیں۔

ہم وہ غیرت مند قوم ہیں جو ملائشیا اور ترکی کو قدم بڑھانے کی تجویز دے کر خود پیٹھ دکھاتے 150 میل فی گھنٹہ کی سپیڈ سے سعودیہ کی طرف دوڑ لگا دیتے ہیں۔

امریکہ 6 گھنٹے ایک فوجی سربراہ کی اجازت سے فوج کی چھاؤنی سے 5 میل دور اسامہ  بن لادن کے خلاف آپریشن کرتا  ہے، پوری دنیا دیکھتی ہے اور یہ اسامہ کو ہیرو بنانے والے اور روس کے خلاف استعمال کرنے والے اپنی بیرکوں اور گھروں میں سی این این دیکھتے، چائے سگریٹ پی رہے ہوتے ہیں۔

عافیہ ،کانسی، ریمنڈ کو ہم با ادب ہو کر حوالہ آقا کرتے ہیں اور ہم پھر بھی دوسروں کا تمسخر اڑاتے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

دنیا کی شاید ہی کسی ایٹمی طاقت کی فوج کا سابق سربراہ کسی دوسرے ملک میں نوکری کر رہا ہو اور اس کے اوپر اصلی باسز اسرائیل اور امریکہ ہوں۔۔۔اور پھر ہم کہتے ہیں ایران، شام اور امریکہ آپس میں ملے ہوئے ہیں۔۔
واقعی ملے ہوئے ہیں، ہم لوگوں کی غیرت بہادری کی عظمت آشکار کرنے کے لیے۔
یہ عظیم قوم ایرانیوں کا ٹھٹھہ ایسے اُڑا رہی ہے اور امریکہ کے خلاف اس کی ناکامی کا ذکر ایسے کر رہی ہے جیسے میری غیرت مند قوم دنیا کی سپر غیرت مند اور بہادر ریاست رکھتی ہو۔۔

Facebook Comments

ولائیت حسین اعوان
ہر دم علم کی جستجو رکھنے والا ایک انسان

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply