نائٹ ڈیوٹی۔۔ڈاکٹر مدیحہ الیاس

وہ گریڈ فور enceph میں تھا, اس کی گردن بائیں جانب کو ڈھلک رہی تھی, اسکا برین اور سپایئنل کورڈ کا کنکشن منقطع ہو چکا تھا۔ کرسی میں موجود کھٹملوں کی فوج کے پین فل سٹمولس بھی اس میں جنبش پیدا کرنے میں ناکام تھے۔۔ کہ اچانک گاڈزیلا جیسی بھاری اور خوفناک آواز اس کے گوش گزار ہوئی ” پیشنٹ آیا ہے۔۔ چیک کریں “وہ نہ چاہتے ہوئے بھی کرسی سے اٹھا, مریض کی لوز موشن کی کمپلین پہ پرچی پہ دوا Inj Donivate درج کی اور فاتحانہ انداز میں دوبارہ کرسی پر براجمان ہو گیا، اب کی بار اسکی گردن دائیں جانب ڈھلک رہی تھی کہ اچانک دوا کی عدم موجودگی کا شور برپا ہوا جس کو پی جی آرنے سپیلنگز کی تصحیح (inj novidate) کر کے بخوبی قابو کیا۔۔
ایک امتحان کے بعد اسے ایک اور طوفان کا سامنا تھا۔۔ جب اٹینڈنٹس کی فوج کے ساتھ فٹس والی انتہائی سیریس مریضہ نے ایمرجنسی میں قدم رنجہ فرمائے۔۔ اس کے جسم کے تمام اعضاء بہت مہارت کے ساتھ بیک وقت رقص کرنے میں مصروف تھے۔۔ جس کو اس ایچ او نے ڈبل مہارت کے ساتھ لوہے کیNG ڈالنے کی کونسلنگ کے دوران مکمل طور پہ صحت یاب کر لیا تھا۔۔
اگلی چکروں والی مریضہ کی تواضع اس نے اس بیڈ سے کی جسکا ہیڈ اینڈ پرماننٹلی ڈاون تھا اور فٹ اینڈ اپ۔۔ لیٹنے کے بعد جیسے ہی اس مریضہ کی دنیا اپ سائیڈ ڈاون , اور اسکا دماغ ڈاؤن سائیڈ اپ ہوا تو سب چکر, رفو چکر ہو گئے, اگلے ہی لمحے وہ LAMA پہ سائین کرتے ہوئے, گورنمنٹ کو لامے دیتے ہوئے چلتی بنی۔
وہ کچھ دیر سستانے کو کرسی پہ بیٹھ گیا ۔۔ اب کی بار وہ اپنی گردن کا مکمل کنٹرول کھو چکا تھا۔۔ اس بات کا علم اسے تب ہوا جب اسے hyperextended neck ہو جانے کی وجہ سے شدید جھٹکا لگا ۔۔ یہ منظر وہ مریضہ دیکھ رہی تھی جس کے ہاتھ میں موجود پرچی پہ پرزینٹنگ کمپلین گھبراہٹ لکھی ہوئی تھی۔۔ گردن کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے جب اس نے جھیل سے گہرے کالے کھڈوں میں دھنسی ہوئی نیند سے بھرپور آنکھیں کھولیں تو اس محترمہ کا مزید تراہ نکل گیا اور اس نے ایمرجنسی سے فرار حاصل کرنے میں ہی عافیت سمجھی۔۔
اسی کشمکش میں اس نے تین چار مریض اور بھگتائے اور بھگائے۔۔
یہ اسکی نائٹ ایمرجنسی کا آخری گھنٹہ تھا جس کا ہر پل صدیوں پر محیط تھا۔
آخرکار اس کی سُنی گئی۔۔ اسکے برین اور سپایئنل کورڈ کا کنکشن آہستگی سے بحال ہونے لگا جب اس کے کانوں میں پی جی کی یہ آواز گونجی “کوئی جا کے ایمرجنسی کی پرچیوں کا ٹائم آگے کروا آئے۔۔” اور وہ موسٹ افیشنٹ ایچ او ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ہوا دے نال اڈا اڈا گیا اور پونے چھ کے بعد بننے والی تمام پرچیوں کا ٹائم چھ بجے کے بعد کا کروا آیا۔۔ اس کی تمام تر شکتیاں اب اپنے جوبن پہ تھیں ۔ اور وہ اب انڈے پراٹھے والا ناشتہ تناول کرنے کیلئے کینٹین کی طرف روانہ ہو گیا۔۔۔
گریڈ 4 انکیف = بیہوشی کی کیفیت
ایچ او = ہاوس آفیسر- جونئیر ڈاکٹر
پی جی آر = پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹ- سینئر ڈاکٹر
این جی ٹیوب = خوراک کی نالی
LAMA= ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر اپنی مرضی سے علاج کے بغیر چلے جانا
Inj novidate= جراثیم کش ٹیکہ

Facebook Comments

ڈاکٹر مدیحہ الیاس
الفاظ کے قیمتی موتیوں سے بنے گہنوں کی نمائش میں پر ستائش جوہرشناس نگاہوں کو خوش آمدید .... ?

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply