حسين منى وانا من الحسين ۔۔۔۔ محمد حنان صدیقی

سیدالانبیاء، وحی خدا کے بغیر نہ بولنے والے رسول حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی معروف حدیث ہے کہ

“حسین(ع) مجھ سے ہے اور میں حسین(ع) سے ہوں.”

اس حدیث کے دونوں حصے اپنی اپنی جگہ غور طلب ہیں.

پہلے حصے کو اگر سورہ مبارکہ الکوثر کی روشنی میں دیکھا جائے تو خداوند متعال نے رسول پاک (ص) کی نسل کو ان کی پاک بیٹی فاطمہ (س) کی نسل سے بڑھایا اور گویا رسول پاک (ص) نے فرمایا کہ حسین (ع) میری نسل سے ہے.

لیکن اگر سیرت رسول پاک (ص) کی روشنی میں “حسین منی” کو دیکھا جائے تو امام حسین (ع) کی سیرت اپنے نانا رسول (ص) کی سیرت کے مطابق نظر آتی ہے. مثال کے طور پر رسول اکرم (ص) نے اپنی زندگی کے چار اہم محاذوں کو سر کیا اور امام حسین(ع) نے بھی انہی چار محاذوں کو اپنی زندگی میں سر کیا، اگرچہ ان محاذوں کے سر کرنے کا طریقہ کار اور حکمت عملی حالات کے تقاضوں کے مطابق مختلف ہے۔

پہلا محاذ ہجرت کا ہے. رسول پاک (ص) نے مکہ سے مدینہ کی طرف ہجرت کی اور امام حسین (ع) نے بھی مدینہ سے کربلا کی طرف ہجرت کی لیکن نانا اور نواسے کی ہجرت میں فرق ہے. نانا نے ہجرت کی تو چند افراد کو ساتھ لے کر گئے لیکن امانتیں پہنچانے اور مستورات کو لانے کی ذمہ داری مولا علی (ع) کے سپرد کی. لیکن جب امام حسین (ع) نے ہجرت کی تو جوان، مستورات اور دودھ پیتے بچے تک کو ساتھ لے کر گئے.

دوسرا محاذ جنگ کا ہے. نانا نے بھی جنگ کی اور نواسے نے بھی جنگ کی لیکن دونوں کے جنگ کرنے میں بڑا فرق ہے. نانا کی جنگ میں مولا علی اور دوسرے صحابہ تازہ دم ہو کر رسول پاک (ص) کے زورِ بازو بن کر لڑتے تھے لیکن نواسے کی جنگ میں تقریباً تین دنوں کے پیاسوں نے جنگ لڑی اور حتیٰ کہ چھ ماہ کے علی اصغر(ع) بھی اس جنگ میں قربان ہو گئے.

تیسرا محاذ صلح کا ہے. رسول پاک (ص) جب ایک بار عمرہ کی غرض سے صحابہ کے ہمراہ مکہ گئے تو کفار نے روک لیا اور عمرہ نہ کرنے دیا تو حدیبیہ کے مقام پر صلح کی اور گویا جارحیت کی سیاست سے اجتناب کر کے مظلومانہ سیاست کرتے ہوئے کفار کی تقریباً تمام شرائط کو تسلیم کیا تو کچھ لوگوں کو رسول پاک (ص) کی رسالت پر بھی شک ہوا لیکن رسول اکرم (ص) کی زبردست حکمت عملی کی بدولت اس سیاست کے ثمرات بعد میں ظاہر ہوئے. اسی طرح امام حسین (ع) بھی آخر وقت تک اس کوشش میں رہے کہ جارحیت سے اجتناب کیا جائے اور صلح سے کام لیا جائے. اسی غرض سے کربلا میں لشکر یزیدی کے سپہ سالار عمر ابن سعد ملعون سے مذاکرات کا مرحلہ بھی ہوا. امام (ع) خطبے دے کر  اپنی عظمت بیان کرتے رہے تاکہ لوگ امام کے خون میں ہاتھ نہ نہ رنگ لیں۔

ایک بار تو ایسا ہوا کہ عمر ابن سعد اور امام حسین (ع) مذاکرات کے لئے آئے تو ہر طرف شور و غل تھا. امام نے فرمایا کہ بات چیت کرنے سے قبل شور کو ختم کرواؤ. عمر ابن سعد نے سپاہیوں کو خاموشی کا حکم دیا تو سپاہی خاموش ہو گئے لیکن گھوڑوں کے ہنہنانے اور اونٹوں کے گلے کی گھنٹیوں کی آوازیں آ رہی تھی. امام نے فرمایا کہ میں نے خاموشی کا کہا ہے لیکن شور تو ابھی تک جاری ہے تو عمر ابن سعد نے جواب دیا کہ میری حکومت تو صرف سپاہیوں پر ہے، میں جانوروں کو کیسے خاموش کروا سکتا ہوں تو امام نے اسی وقت فضا میں ہاتھ بلند کیا اور یکدم مکمل خاموشی چھا گئی تو امام نے فرمایا کہ کیا ابھی بھی مجھے نہیں پہچانا کہ میں کون ہوں؟ جانور بھی میری عظمت کو پہچانتے ہیں لیکن اس ملعون پر کوئی اثر نہ ہوا۔ امام اپنے خطبوں میں فرماتے تھے کہ تمہارے اوپر میری باتوں کا اس لئے اثر نہیں ہوتا کہ تمہارے شکم حرام سے پُر ہو چکے ہیں تو پس معلوم ہوا کہ اگر انسان حرام خوری کرے تو کلامِ امام بھی اثر نہیں کرتا۔

چوتھا محاذ مباہلے کا ہے. رسول پاک(ص) نے اپنی حقانیت کی گواہی کے لئے اھل بیت علھیم السلام کو ساتھ لیا تھا اور امام حسین (ع) نے بھی جب ننھے علی اصغر(ع) کے لئے پانی مانگا تو ظالموں نے کہا کہ حسین! پانی خود پیتے ہو اور بہانہ بچے کا کرتے ہو تو اس وقت ننھے علی اصغر(ع) نے خشک لبوں پہ خشک زبان پھیر کے بابا کی صداقت کی گواہی دی۔

یہ تو تھی سر نامہ پر لکھی گئی حدیث کے پہلے حصے کی وضاحت کہ “حسین (ع) مجھ سے ہے.”

حدیث کا دوسرا حصہ “میں حسین سے ہوں.” کی مختصراً وضاحت یہ ہے کہ رسول اکرم (ع) اور باقی تمام انبیاء کے مشن کی بقا حسین (ع) کی جدوجہد میں ہے. معصومین (ع) سے منقول زیارت امام حسین (ع) میں ہے کہ ہمارا سلام ہو اللہ کے برگزیدہ نبی آدم (ع) کے وارث پر، نوح (ع) نبی کے وارث، ابراہیم (ع) خلیل اللہ کے وارث، موسیٰ (ع) کلیم اللہ کے وارث، عیسیٰ (ع) روح اللہ کے وارث، سیدالانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کے وارث، امیرالمومنین حضرت علی (ع) شیر خدا کے وارث حسین (ع) پر ہمارا سلام.

اب اس میں وراثت سے مراد مال و زر، دولت و جاگیر کی وراثت نہیں بلکہ تمام انبیاء کے کمالات و صفات اور مشن کا وارث حسین (ع) ابن علی (ع) ہے. پس رسول اکرم (ص) کا یہ فرمانا کہ میں حسین (ع) سے ہوں، اس کا مطلب یہی ہے کہ حسین (ع) کی جدوجہد، حسین (ع) کی ہجرت، حسین (ع) جنگ و صلح، حسین (ع) کا یزید کے خلاف قیام، غرض یہ کہ حسین (ع) کی ہر کاوش سیدالانبیاء کے مشن کی بقا کی ضامن ہے.

امام حسین (ع) انسانیت کے امام ہیں اور ان کی زندگی انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہے. اسی لئے دنیا میں حریت پسندی کی ہر تحریک کربلا کی مرہون منت ہے. بقول شاعر

جب بھی کبھی ضمیر کا سودا ہو دوستو
قائم رہو حُسین کے انکار کی طرح

اسی لئے امام حسین (ع) کی حریت اور سیرت سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہر دور کے یزید کے خلاف آواز حق بلند کرنی چاہئے اور جب امام حسین (ع) سے بیعت طلب کی گئی تب بھی امام نے یہی فرمایا تھا کہ مجھ جیسا کبھی یزید جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا تو اس کا مطلب حسین (ع) کی فکر سے روشنی لینے والا کسی بھی دور کا انسان کسی بھی یزید کی بیعت نہیں کرے گا. یہی تعلیماتِ پیغمبر(ص) ہیں جن کی بقا اور ترویج کےلئے امام حسین (ع) نے جان، مال، عزت و اولاد سب کچھ قربان کر دیا اور حسین منی وانا من الحسین کے مصداق قرار پائے.

Advertisements
julia rana solicitors london

حسین منی کی توضیح سجدۂ احمد
من الحسین کی تفسیر کربلائے حُسین

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply