موجودہ دور میں موبائل فونز کا استعمال ضرورت سے زیادہ عادت بن چکا ہے، بلکہ اسے اگر ‘لت’ بھی کہا جائے توغلط نہ ہوگا، جس کے انسانی صحت پر سنگین نقصانات متعدد سائنسی تحقیقات میں ثابت ہو چکے ہیں۔
برازیل کی فیڈرل یونیورسٹی آف لیوراس اور نیدرلینڈز کی یونیورسٹی میڈیکل سینٹر اوٹریچٹ کے سائنس دانوں نے نئی تحقیق میں دن کا ایک ایسا وقت بھی بتا دیا ہے، جب موبائل فون استعمال کرنے سے انسان موٹاپے کا شکار ہو جاتا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق یہ وقت کھانے کا وقت ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جو لوگ کھانا کھاتے ہوئے موبائل فون استعمال کرتے ہیں وہ معمول کی نسبت 15 فیصد زیادہ کھانا کھا جاتے ہیں اور اس کے نتیجے میں موٹے ہوتے چلے جاتے ہیں۔
اس تحقیق میں سائنس دانوں نے 18 سے 28 سال عمر کے 62 نوجوانوں پر تجربات کیے۔ انہوں نے ان نوجوانوں کے کھانے کے معمول کی نگرانی کی اور دیکھا کہ وہ کتنا کھانا کھاتے ہیں۔
کئی ہفتے کی نگرانی کے بعد جب سائنس دانوں نے حاصل شدہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا تو معلوم ہوا کہ کوئی نوجوان جب کھانا کھاتے ہوئے موبائل فون استعمال کر رہا ہوتا تھا، تو وہ اپنی معمول کی خوراک سے 15 فیصد زیادہ کھا جاتا تھا۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ مارشیو جیلبرٹو ینگرونیموا کا کہنا تھا کہ تحقیق کے شرکاء معمول کے مطابق کھانا کھاتے ہوئے اوسطاً 535 کیلوریز لیتے تھے مگر جس وقت وہ فون پر مصروف ہوتے، 591 کیلوریز کا حامل کھانا کھا جاتے تھے۔
تحقیق میں شامل جو لوگ موٹاپے کا شکار تھے وہ فون استعمال کرتے ہوئے 616 کیلوریز کھاتے تھے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں