بنت حوا

بنت حوا آج بھی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔
بنت حوا آج تو ملالہ ہے
پھر بھی کہتی ہوں زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے
بنت حوا آج تو شرمین عبید چناٰئے ہے
پھر بھی کہتی ہوں کہ زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے
بنت حوا آج تو ویمن اسکواش چیمپیئن ماریہ طور اور جانے کیا کیا ہے پھر بھی کہتی ہوں کہ
زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے

Advertisements
julia rana solicitors

جی ہاں میں کہتی ہوں
کیونکہ یہ صرف تصویر کا ایک رخ ہے
جب کہ تصویر کا دوسرا رخ ہمیں بتاتا ہے کہ ملالہ امن کا نوبل پرائز لے بھی لے تو ہمارے معاشرے میں یہودی ایجنٹ قرار دی جاتی ہے
شرمین عبید چنائے اگرچہ آسکر ایوارڈ لے بھی لے تو
مغلظات سننا اس کا مقدر ہے
ماریہ طور جتنی بھی بڑی کھلاڑی بن جائے ہمارا معاشرہ اسے قبول نہیں کرے گا
بنت حوا آج بھی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے
اگر چاہوں تو اس موضوع پر سندھ کی کسی ماروی
پنجاب کی زرینہ
کے پی کے کی زرمینہ
یا
بلوچستان کی کسی روزینہ کی کہانی لکھ کر ہر قاری کو رلا سکتی ہوں
لیکن
لاحاصل
لاحاصل ہوگا
کیونکہ میری نظر میں یہ کام بالکل اس طرح ہے جیسے ہم کینسر زدہ معاشرے کا علاج عام بخار سمجھ کر کر رہے ہیں
یوں بھی یہ کام تو اور بھی بہت سے لوگ کر رہے ہیں اور اپنی عورتوں کے تیزابی چہرے دکھا کر اغیار سے خوب داد وصول کر رہے ہیں
لیکن
بنت حوا آج بھی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے
اس موضوع پر ہر سال سیمنارز سجانے کے بجائے اس مسئلے کے حقیقی حل کی جانب بڑھنا ہوگا
اس مسئلے کا حقیقی حل صرف اور صرف ابن آدم کے احساس برتری کا علاج ہے
جو کہ ایک psychological بیماری ہے
ابن آدم سے انتہائی معذرت کے ساتھ
لیکن میرا مقصد اس برتری پر ابن آدم کو کمتر ثابت کرنا نہیں جوکہ اللہ کریم نے انھیں By default عطا کردی ہے
جب اللہ کریم فرماتا ہے
الرجال قوام: مردوں کو عورتوں پر ایک درجہ فضیلت حاصل ہے، تو ہر ذی شعور عورت نہ صرف اس پر من و عن ایمان رکھتی ہے بلکہ مرد کو اپنے گھر کا سربراہ اور سر کا تاج مانتی ہے۔
لیکن ہاں، میرا مقصد مرد کی ان خود ساختہ بڑائیوں کا قلع قمع ضرور ہے جن میں رہ کر وہ عورت کو کمتر سمجھتا ہے
ذرا غور کیجیے ابن آدم کی چالاکیاں کہ اس نے کس خوبصورتی سے انسانی فطرت میں موجود برائیوں کو بنت حوا کی ذات کا حصہ بنا کر اسے زنجیروں میں جکڑ ڈالا
وہ اس طرح کہ
مرد عورت کو معاشرے میں کمتر ثابت کرنے کے لیے اسے کمزور ہونے کا طعنہ دیتا ہے
لیکن قارئین اب بولتا ہے شعور میرا
اب سوچتی ہے فکر سلیم
میرے شعور نے عورت کو دیے جانے والے اس کمزوری کے طعنے پر مجھے اپنے رب سے سوال کرنے پر اکسایا
تو رب کریم کی طرف سے قرآن میں جواب آیا
خلق الانسان ضعیفا
اور انسان کمزور پیدا کیا گیا ہے
اس پر بھی میری فکر نے بس نہ کیا اور تجسسس کے ذریعے رب سے مزید سوالات کر ڈالے
پھر جب مرد عورت کو جلد باز ٹھہرا کر خود کو بردبار سمجھتا ہے
تو اللہ کریم فرماتا ہے
خلق الانسان من عجل
انسان جلد باز پیدا کیا گیا ہے
جب مرد عورت صرف عورت میں بے صبری پاتا ہے تو جواب آتا ہے
ان الانسان خلق ھلوعا یقینًا انسان بے صبر پیدا کیا گیا ہے
اس کے علاوہ بھی ناانصافی، ناشکری اور بخل جیسی برائیوں کو جب مرد عورت کے نام کرکے اس کا معاشرتی استحصال کرتا ہے تو رب کریم ان برائیوں کو بھی لفظ انسان سے منسوب کرتا ہے
اور آخر میں سب سے اہم خصوصیت، فہم و فراست
جس کی بناء پر انسان اور حیوان میں فرق کیا جاتا ہے
اسے بھی جب مرد صرف اپنی میراث سمجھ کر عورت کو عقل سے پیدل اور کم فہم قرار دیتا ہے تو رب کریم انہ کان ظلوما جھولا: انسان ہی ظالم اور جاہل ہے
کہہ کر انسانی صفت متعارف کرواتا ہے
اب جب یہ فیصلہ ہوگیا کہ یہ تمام صرف عورت میں نہیں بلکہ انسان میں موجود ہیں تو میں فیصلہ قارئین پر چھوڑتی ہوں کہ
ابن آدم یا تو یہ احساس برتری چھوڑ دیں
یا پھر خود کو انسان سمجھنا چھوڑ دیں
میرا یہ ماننا ہے کہ اگر بنت حوا کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کروانا ہے تو ابن آدم کے احساس برتری کا علاج کروانا ہے، بصورت دیگر آپ جتنے بھی مغربی حمایت یافتہ قوانین پاس کروا لیں، نتیجہ یہی ہوگا:
بنت حوا زنجیروں میں جکڑی ہوئی تھی ہے اور رہے گی۔۔۔۔۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply