میں نے تنگ آ کر بابے سے پوچھا ۔۔۔یار بابے!!! بس کوئی ایک بات بتا دے تاکہ شیطان کو شکست دے سکوں۔۔
بابا پہلے جھٹکے سے چونکا۔۔ پھر میرا منہ تکنے لگا۔۔ پھر کچھ سوچ کر بولا کوئی ایک بات کیسے بتا دوں ۔۔ اللہ اور ان کے حبیب کریمﷺ نے 99 ناموں سے اپنا تعارف کرایا ہے ۔۔ یہ انسان کے ننانوے مزاج ہیں ۔۔ کبھی ایک میں ہوتا ہے تو اللہ کریم اس سے اسی صفت میں ملتا ہے اور نبی کریمﷺ اپنے امتی پر اس کی کیفیت کے مطابق رحمت عطا فرماتے ہیں۔۔ میں کیسے کہوں کہ انسان سدا ایک ہی کیفیت میں ہو تو کوئی ایک نسخہ اس کے لئے پڑیا میں باندھ دوں۔۔
پھر کچھ دیر سر جھکا کر سوچتا رہا اور پھر جب سر اٹھایا تو آنکھوں کی چمک بتا رہی تھی کہ گتھی سلجھ چکی ہے۔۔
وہ بولا ایک بات بتاتا ہوں پلو سے باندھ لو۔۔
نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ اور نماز مومن کی معراج ہے اور سب سے بڑھ کر صحیح مسلم کے الفاظ ہیں
“بندۂ مومن اور شرک وکفر کے ما بین صرف نماز ہی کافرق ہے۔”
دوسری حدیث سننِ اربعہ ، صحیح ابن حبان ،مستدرک حاکم اورمسند احمد میں حضرت بریدہؓسے مروی ہے جس میں وہ بیان کر تے ہیں کہ میں نے نبی اکرم کویہ فرماتے ہو ئے سنا : ہمارے اور ان کفار ومشرکین کے مابین جو عہد ہے وہ نماز ہے جس نے اسے چھوڑ دیا، اس نے کفر کیا ۔
تیسری حدیث ہبۃ اللہ لا لکائی کی کتاب شرح اصولِ اعتقادمیں ہے ، نبی اکرم کے آزاد کردہ غلا م حضرت ثوبانؓ فرماتے ہیں کہ انہوں نے نبی اکرم کو یہ فرماتے ہوئے سنا
“بندے اور اس کے کفر وایمان میں وجۂ تمیز یہ نماز ہی ہے، جب اس نے نماز چھوڑ دی تواس نے شرک کیا ۔”
ان باتوں سے تمہیں کیا سمجھ آئی؟؟
میں نے بے چینی سے کہا یار بابے تبلیغ نہ کر یہ سب باتیں میں جانتا ہوں۔۔ کوئی کام کی بات ہے تو بتا۔
بابا مسکرایا اور بولا ۔۔۔۔ ہے اگر تو جلتے توئے سے نیچے اترے تو سمجھا سکتا ہوں ۔۔ سکوں سے اگر سننا ہے تو ٹھیک ورنہ جا۔۔۔
میں نے کہا ۔۔۔اچھا بول یار بابے۔۔۔۔
وہ بولا ۔۔ یہ تمام احادیث ایک بڑے فرق کی بات کر رہی ہیں۔۔اور وہ ہے مومن اور کافر کا فرق ۔۔ کافر کا مولا شیطان ہے۔۔ تو اس کا مطلب پہلے یہ دیکھنا ہو گا شیطان نماز کے ساتھ کر کیا رہا ہے۔۔ تاکہ امتی کو اپنا کارندہ بنا سکے۔۔
دیکھ ایک شخص 5 وقت نماز مسجد جا کر پڑھتا ہے۔۔ اس کے مقابلے میں اس شخص کے ساتھ شیطان زیادہ ہے جو 4 وقت مسجد جاتا ہے کیونکہ اس کی ایک نماز وہ مسجد نہ جانے دے کر ضائع کرا دیتا ہے ۔ اب اس کا کوئی بھی دنیاوی بہانہ یا عذر ہو سکتا ہے اسی طرح 4 وقت والے سے 3 وقت والے کے ساتھ زیادہ اور اسی طرح پھر ایک وقت مسجد میں جا کر نماز پڑھنے والے سے زیادہ شیطان اس کے ساتھ ہے جو 5 وقت نماز تو پڑھتا ہے مگر گھر میں۔۔کیونکہ اس شخص کو 5 وقت شیطان اس کام سے ورغلا کر روک دیتا ہے جس کو نبی کریمﷺ نے بار بار تاکید کی ہے۔۔ اسی طرح اب گھر میں نماز پڑھنے والے سے زیادہ اس کو ورغلا رہا جو 4 وقت نماز گھر ہی میں پڑھ رہا ہے۔۔ پھر اسی طرح سب سے زیادہ اسے ورغلا رہا ہے جو ایک وقت کی نماز دل سے گھر پر ہی پڑھ لیتا ہے۔۔ اور پھر اس سے زیادہ اس کو ورغلا رہا ہے جو کسمساتے ہوئے کوئی ایک نماز پڑھ لیتا ہے اور جمعہ روتے دھوتے پڑھ آتا ہے۔۔ یہاں تک پہنچ کر میں کچھ سانس لے لوں۔۔ کیونکہ دن میں ہمیں مسجد نہ بھیج کر شیطان کامیاب ہے، پھر گھر پر نماز پڑھا کر اس میں کمی کراتا جائے ۔۔ پھر ایک نماز پڑھائے اور پھر جمعہ کی نماز تو اسے تمہارے زبان میں 24/7 یعنی 24 گھنٹے ہفتے کے ساتوں دن ابلیس تمہیں ورغلا رہا ہے۔۔ اور تم ابھی سوچ رہے ہو کوئی ایک کام ایسا جس سے ابلیس کو شکست ہو جائے۔۔ تو میرا بچہ ایک نماز پڑھ اور قدم بہ قدم شیطان کو شکست دیتا جا اور بڑھتا جا۔۔ اگر تو 5 وقت نماز مسجد میں جا کر خالص اللہ کی خاطر نماز پڑھتا رہا تو میں یقین سے کہتا ہوں تجھے تہجد ضرور نصیب ہو جائے گی اور یہ وہ خاص وقت ہے۔۔ جب اللہ کسی بندے سے ملاقات کا خواہش مند ہو تو اسے تہجد کے لئے جگاتا ہے۔۔۔ اور جب تہجد کے لئے جگاتا ہے تو پھر اسے اپنا ہم نوا بناتا ہے۔۔ اسے پھر درود پاک پڑھنا سکھاتا ہے۔۔ لیکن میرے بچے۔۔ پہلے تجھے اتباع رسول کرنا ہو گی۔۔ کیونکہ اللہ انہیں محبوب بنا لیتا ہے جو نبی کی ادائیں سیکھ کر اپنی زندگی کا حصہ بنا لیتے ہیں۔۔
ترجمہ :کہہ دو اگر تم اللہ کی محبت رکھتے ہو تو میری تابعداری کرو تاکہ تم سے اللہ محبت کرے اور تمہارے گناہ بخشے، اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔( آل عمران 31)
یاد رکھ کاکا۔۔ جب تیرے باپ آدم علیہ السلام پر ابلیس کا اللہ سے جھگڑا ہوا تھا نا۔۔ تو اس معلون نے اللہ کی عزت کی قسم کھا کر کہا تھا کہ وہ انسان کو ورغلانے گا اور پھر اللہ کو چیلنج کیا تھا کہ کم لوگوں کو ہی تیرا رہنے دوں گا ۔۔۔ تب اللہ نے اپنے جلال کی قسم کھا کر کہا تھا کہ جو مجھ سے معافی مانگتا رہے گا میں معاف کروں گا اور جو تیرا ساتھی بنا رہا اسے اور تجھے جہنم میں ڈالوں گا۔۔۔۔
اپنی جنت اور اپنی خوشی کو چھوڑ کر کبھی اللہ کا ساتھی بن کر دن میں ایک بار تو ابلیس کو شرمندہ کر دیا کرو۔۔ ہر روز ہر لمحہ ابلیس کی فاتحانہ مسکراہٹ کا سبب نہ بنو یار
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں