نیدر لینڈزکے سمندر میں کارگو جہاز میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جب کہ عملے کے کئی افراد نے جہاز سے کود کر جانیں بچائی ہیں۔
واقعہ ایملنیڈ کے ڈچ جزیرے کے قریب پیش آیا جہاں ایک کارگو جہاز میں تین ہزار گاڑیاں لدی ہوئی ہیں۔پانامہ کے کارگو شپ میں 25 الیکٹرک گاڑیوں سمیت 2 ہزار857 گاڑیاں جرمنی سے مصر لے جائی جا رہی تھیں۔جہاز میں عملہ بھی موجود تھا، آگ کے نتیجے میں جہاز کا ایک ملازم ہلاک اور 22 افراد متاثر ہوئے ہیں جنہیں سانس میں دشواری، جھلسنے سمیت دیگر زخموں کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثہ بحیرہ شمالی کے ایسے علاقے میں پیش آیا ہے جسے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا ہے اور آگ بجھانے کیلئے آپریشن جاری ہے۔جہاز میں آگ لگنے کا واقعہ جہاز میں موجود 25 الیکٹرک گاڑیوں میں سے کسی ایک کی وجہ سے پیش آیا ہے۔
کوسٹ گارڈ حکام کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ لگنے والی آگ کچھ دن تک بھڑکتی رہے گی، ریسکیو آپریشن کے دوران آگ کو بجھانے کیلئے جہاز پر پانی ڈالا ہے لیکن جہاز کے ڈوبنے کے خطرے کے پیش نظر زیادہ پانی ڈالنے سے گریز کیا جارہا ہے۔
مال بردار جہاز شمالی جرمنی کی بریمرہیون بندرگاہ سے منگل کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً 15:00 بجے مصر کے پورٹ سعید کے لیے روانہ ہوا تھا، رات کے وقت اس جہاز کو حادثہ پیش آیا جبکہ جہاز کے عملے نے آگ کو بجھانے کی کوشش بھی کی لیکن انہیں ناکامی کا سامنا رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ جہاز کو دیگر جہازوں کے راستے سے ہٹانے کیلئے ٹگ بوٹ کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں