بچھو کا نشہ/حفیظ الحسن

(انتباہ: کسی بھی طرح کا نشہ صحت کے لیے مضر ہے اور اس سے آپکی جان بھی جا سکتی ہے)-
آپ نے یقیناً لوگوں کو شراب، چرس، کوکین، ہیروئن وغیرہ کا نشہ کرتے سنا یا دیکھا ہو گا مگر کیا آپ نے کبھی سنا کہ لوگ بچھو کا نشہ کرتے ہوں۔ وہ بھی ایسے نہیں، بچھو کو جلا کر اسکا دھواں سونگھنے کا۔
جی ہاں، یہ نشہ خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں لوگ کرتے ہیں۔ اس حوالے سے مکمل اعداو شمار تو موجود نہیں تاہم میڈیا میں کچھ رپورٹس موجود ہیں۔ ایسی ہی ایک خبر 2016 میں ڈان نیوز میں چھپی جس میں پشاور کے گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے صحبت خان ، جو اس نشے کے عادی تھے، اس بارے میں بتاتے ہیں۔
بقول صحبت خان، وہ یہ نشہ ایوب خان کے دور سے یعنی 60 کی دہائی سے کر رہے تھے۔ 2016 کی اس رپورٹ کے وقت اُنکی عمر 74 برس تھی۔
صحبت خان کہتے ہیں کہ اب انہوں نے یہ نشہ چھوڑ دیا ہے تاہم افیم وہ اب ںھی لیتے ہیں۔ اُنکے بقول : چرس او پاؤڈر خو گپ دی” یعنی بچھو کے نشے کے مقابلے میں چرس اور ہیروئن کا نشہ مذاق ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ اس نشے کی عادت تب لگی جب وہ بیس برس کے تھے۔ ایک روز انہیں پشاور کے مشہور جلیل کباب ہاؤس کے پاس ایک شخص ملا جو ایک سے دو روپے میں بچھو بیچتا تھا۔ یہ بچھو وہ قریبی علاقے متنی سے جمع کرتا جہاں گرم موسم کے باعث بچھو کثیر تعداد میں تھے۔ بچھو کا نشہ کرنے کے لیے اسے مار کر دھوپ میں سکھایا جاتا ہے اور کوئلے پر جلا کر اسکا دھواں سونگھا جاتا ہے۔
صحبت خان کے مطابق بچھو کی دم کا زہر جلنے سے نشہ زیادہ ہوتا ہے۔
بھارت کی کچھ ریاستوں میں بھی لوگ بچھو کا نشہ کرتے ہیں تاہم اُنکا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے۔ وہاں کچھ لوگ بچھو لیکر گھوم رہے ہوتے ہیں اور جنکو یہ نشہ چاہیے ہوتا یے وہ انہیں سو یا دو سو روپے دیکر بچھو سے خود کو ڈنگواتے ہیں۔ بچھو کے زہر سے ان میں نشے کی کیفیت آتی ہے۔
دراصل ایسا کیوں ہے؟ اس حوالے سے ہمیں زیادہ معلومات نہیں البتہ اتنا معلوم ہے کہ بچھو کے زہر میں کئی طرح کے کیمیکل ہوتے ہیں جنکا مقصد اپنے شکار کے جسم پر اثر انداز کر کے اسے نڈھال کرنا ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بچھوؤں کی 1750 اقسام ہیں جن میں 25 کی انسانوں کے لیے جان لیوا ہو سکتی ہیں۔ بچھو کا زہر دھواں بنا کر سونگھنے سے دماغ پر انتہائی خطرناک اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جن میں یاداشت کا جانا سرِ فہرست ہے۔ اسکے علاوہ بھوک کا نہ لگنا، نیند خراب ہونا، ہیجان پیدا ہونا، ہیولے نظر انا وغیرہ وغیرہ شامل ہیں۔
بچھو کا نشہ کرنے والے افراد کی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور دیگر نشوں کی طرح اس کی بھی عادت بری ہے۔
خیبر پختونخوا کے اینٹی نارکوٹکس کے ڈیپارٹمنٹ کے سابقہ آفیسر کے بقول انہوں نے اس نشے نے عادی افراد کو کوہاٹش بنو، دیر، چارسدہ اور کرک میں بھی دیکھا ہے۔
اس حوالے سے حکومتی اعداد و شمار ناپید ہیں۔
#ڈاکٹر_حفیظ_الحسن

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply