وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بڑا فیصلہ ، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم جاری کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے حکمنامے میں کہنا ہے کہ کمزور اور بے بنیاد وجوہات پر کیوریٹیو ریویو ریفرنس دائر ہوا تھا، حکومت نے اس ریفرنس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ پہلے ہی اس فیصلے کی منظوری دے چکی ہے ۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ریفرنس کے نام پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں اور بدنام کیا گیا۔ یہ ریفرنس نہیں تھا، آئین اور قانون کی راہ پر چلنے والے ایک منصف مزاج جج کے خلاف ایک منتقم مزاج شخص عمران نیازی کی انتقامی کارروائی تھی۔ یہ عدلیہ کی آزادی پر شب خون اور اسے تقسیم کرنے کی مذموم سازش تھی۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن کے دور میں بھی اس جھوٹے ریفرنس کی مذمت کی تھی۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے صدر کے آئینی منصب کا اس مجرمانہ فعل کے لئے ناجائز استعمال کیا۔ صدر مملکت عدلیہ پر حملے کے جرم میں آلہ کار اور ایک جھوٹ کے حصہ دار بنے۔ پاکستان بار کونسل سمیت وکلاء تنظیموں نے بھی اس کی مخالفت کی تھی، ان کی رائے کی قدر کرتے ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں