سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ایک غیر مرئی طاقت ہے۔
گلوکاری کو خیرباد کہہ کر خود کو راہِ خدا پر گامزن کرنے والی رابی پیرزادہ ایک مصورہ، خطاط اور بیوٹیشن بن چکی ہیں۔
نجی ٹی وی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں رابی پیرزادہ نے دعویٰ کیا کہ وہ کسی بھی خونخوار درندے کو پرسکون کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور انہیں یہ طاقت اللہ کی جانب سے عطا کی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں رابی پیرزادہ نے دعویٰ کیا کہ وہ کسی بھی قسم کے جنگلی جانور جیسے شیر، سانپ، اژدھے یا بھیڑیے کو باآسانی قابو کر سکتی ہیں۔
رابی پیرزادہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف کے عملے سے کہا تھا جب کبھی ان کے گھر سے کوئی سانپ، شیر یا بھیڑیا نکلے تو انہیں بلالیا جائے، وہ اس جانور کو سب کے سامنے پرسکون کرکے اپنے ساتھ صوفے پر بٹھا کر دکھائیں گی۔
محکمہ والڈ لائف کی جانب سے ان کے خلاف کئے گئے کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے پاس کوئی جانور نہیں، ان کی پرانی تصاویر میں جو جانور تھے وہ کشمیر کے ایک دورے پر انہیں ایک جگہ ملے تھے، جن کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی وزیر اعظم مودی کو دھمکایا تھا۔
یہ دھمکی آمیز تصویریں اور ویڈیوز وائرل ہونے پر وائلڈ لائف والوں نے ان پر کیس کیا اور ان کے خلاف بغیر لائسنس جنگلی جانور رکھنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جو کہ اب ختم ہو چکا ہے
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں