پروفیسر جیکب پال ایک مختصر تعارف/ڈاکٹر شاہد ایم شاہد

پروفیسر جیکب پال4 اکتوبر 1958 کو خوش پور ضلع فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔آپ نے ابتدائی تعلیم سینٹ ڈومنکن کانوٹ اسکول خوش پور سے حاصل کی۔
آپ نے سینٹ ٹامس ہائی سکول خوشپو سے میٹرک ، گورنمنٹ ڈگری کالج گوجرہ سے ایف اے، بی اے، گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن فیصل آباد سے بی ایڈ ، گورنمنٹ دھوبی گھاٹ فیصل آباد سے ایم اے اردو ، پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایم ایڈ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد سے ایم فل اردو کیا۔
آپ نے طالب علمی کے دور میں تعلیمی اداروں میں مختلف عہدوں پر فائز رہ کر نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی۔آپ نے زندگی کے سفر میں بہت سی مذہبی ،کلیسیائی، ادبی، ثقافتی ،ابلاغیاتی تنظیموں اور اداروں سے وابستہ رہ کر تدریسی، علمی ،ادبی، اور ابلاغیاتی شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔
1987ء میں آپ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کر کے لیکچرار کے منصب پر فائز ہوئے۔یوں آپ کو خوش پور کے پہلے سرکاری کالج کے استاد کا اعزاز حاصل
ہوا۔آپ نے مختلف سرکاری کالجوں کے استاد کی حیثیت سے 31 برس تدریسی فرائض سر انجام دیے۔آپ کی قابلیت، دیانت داری، فرض شناسی ،وفاداری ، حب الوطنی اور انسان دوستی کو مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
آپ کو بطور طالب علم اور بطور استاد ہمیشہ سراہا گیا ہے۔آپ کو بہترین استاد ،بہترین مدیر ،بہترین لکھاری، بہترین مقرر اور بہترین منتظم کی پچاس ایوارڈز مل چکے ہیں اور حکومت ،چرچ، سول سوسائٹی کی طرف سے آپ کو سو/100 سے زیادہ تعریفی اسناد دی گئی ہیں۔آپ کو ساٹھ/60 کے قریب علمی و ادبی مقابلہ جات میں بطور جج کے فرائض سرانجام دیے اور اتنے ہی سمیناروں میں خطاب کرنے کا موقع ملا۔آپ نے 80 کے قریب سمیناروں اور کانفرنسوں میں شرکت کی۔جن میں نئی دہلی بھارت میں منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس بھی شامل ہے۔
حکومت پاکستان نے آپ کو جناح نیشنل یوتھ ایوارڈ سے نوازا اور مرکز اردو نیو یارک امریکہ نے آپ کو تعریفی خط عطا کیا۔آپ کو حکومت پنجاب اور ایوان صدر پاکستان کی طرف سے بھی تاریخی خطوط دیے گئے۔پروفیسر جیکب پال نے بطور مضمون نگار، ڈرامہ نگار، یاد نگار اور تجزیہ نگار بڑی خدمت کی ہے۔ آپ کی 500 تحریریں مختلف رسائل میں شائع ہوکر عوام سے داد پا چکی ہیں۔ آپ کا لکھا ہوا ڈرامہ “آنگن میں خوشبو پی ٹی وی لاہور سے نشر ہوا۔
جب کہ آپ کا لکھا ہوا ڈرامہ “زندگی سے پیار کرو “گورنمنٹ کالج قصور میں پیش کیا گیا۔ آپ کو 75 کتابوں کے پیش لفظ ،دیباچے، فلیپ اور تعارف لکھنے کا شرف بھی حاصل ہے۔آپ نے 31 سال نئی نسل کے لیے کالجوں میں پروگرام” روشنی کی طرف سفر” جاری رکھا۔
جس سے ایک لاکھ طلبہ و طالبات نے فائدہ اٹھایا۔
آپ نے گورنمنٹ کالج قصور میں صدر شعبہ اردو اور کچھ دیر وائس پرنسپل کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کیں۔
جیکب پال کو استادوں، طالب علموں ، دوستوں ،فنکاروں، ادیبوں، دانشوروں اور محققوں سے بے پناہ محبت ہے۔
کتابیں پڑھنا اخبارات و رسائل کا مطالعہ کرنا ، فلمیں اور ڈرامے دیکھنا ، تقاریب میں شامل ہونا اور تقاریب منعقد کروانا آپ کا شوق رہا ہے۔
آپ اکتوبر 2018 کو 19 ویں گریڈ میں بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر ریٹائر ہوئے۔ گورنمنٹ کالج کے اساتذہ نے پروفیسر جیکب پال کو محبتوں اور چاہتوں بھری یادگار تقریب منعقد کر کے رخصت کیا۔
جیکب پال اب زیادہ وقت دعا،مطالعہ، اپنے بچوں کی نگہداشت اور دوستوں کے ساتھ فون پر مکالمے میں صرف کرتے ہیں۔

Facebook Comments

ڈاکٹر شاہد ایم شاہد
مصنف/ کتب : ١۔ بکھرے خواب اجلے موتی 2019 ( ادبی مضامین ) ٢۔ آؤ زندگی بچائیں 2020 ( پچیس عالمی طبی ایام کی مناسبت سے ) اخبار و رسائل سے وابستگی : روزنامہ آفتاب کوئٹہ / اسلام آباد ، ماہنامہ معالج کراچی ، ماہنامہ نیا تادیب لاہور ، ہم سب ویب سائٹ ، روزنامہ جنگ( سنڈے میگزین ) ادبی دلچسپی : کالم نویسی ، مضمون نگاری (طبی اور ادبی) اختصار یہ نویسی ، تبصرہ نگاری ،فن شخصیت نگاری ، تجربہ : 2008 تا حال زیر طبع کتب : ابر گوہر ، گوہر افشاں ، بوند سے بحر ، کینسر سے بچیں ، پھلوں کی افادیت

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply