گداگر اپوزیشن ۔۔گل بخشالوی

بے روزگار عوام دشمن اپوزیشن تحریک ِ انصاف کی حکومت گرانے کے لئے گداگر کا روپ اپنائے اب حکومت کے اتحادیوں کے در   پرپھر سے دستک دے ر ہی ہے حالانکہ انہیں ان دروں سے پہلے بھی دھتکارا جا چکا ہے لیکن ان میں شرم نا م کی کوئی شئے ہی نہیں، خبر آئی کہ مولانا جہانگیر ترین سے تعاون مانگنے ان کی قدم بوسی کے لئے ان کے در ِ دولت پر حاضری دینے گئے تھے لیکن ان ہی کی جماعت کے رہنما اکرم خان درانی کاکہنا ہے کہ ابھی گئے نہیں جانے کا ارادہ ہے، مولانا صاحب پہلے پوچھنا چاہتے ہیں کہ میں آؤں اگر آنے کی اجازت ملی تو چلے جائیں گے ۔ تسلیم کرنا پڑے گا کہ مولانا نے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ بھی کمال کی سیاست کھیلی ۔ مولانا کی امامت میں اپوزیشن جب سجدے میں گئی تو مولانا خاموشی سے اٹھ کر ” KPK “چلے گئے اور عمران خان کے مقابلے میں ” KPK‘ کو فتح کر لیا لیکن بد قسمتی سے باپ کے جاسوس اپنے آبائی علاقے میں ایک بار پھر شکست سے دوچار ہوئے اس لئے کہ گھر کے لوگ گھر والوں کو جانتے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے ہم خیال گروپ پر اپوزیشن کی نظر تھی تو ہم خیال گروپ نے کہا ہم پر ڈورے ڈالنے کی ضرورت نہیں ہم تمہارے عدم اعتماد تحریک کا ڈٹ کر مقابلہ کر یں گے۔ عدم اعتماد کی تحریک میں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ البتہ ہم خیال گروپ نے بلدیاتی نظام میں ترامیم کے لیے تین مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کا انتخاب براہ راست کی بجائے بالواسطہ کروایا جائے۔ اور بلدیاتی نظام میں تحصیل کونسلیں، ٹاوؤن کمیٹیاں اور میونسپل کمیٹیاں بحال کی جائیں۔

کل ذاتی اناؤں کے آسمان پر جن اپنوں کو بے لباس کرتے رہے آج پھر سے ایک ہیں اس لئے کہ تنہا پرواز میں دال گلتی نظر نہیں آئی اور نہ ہی تخت ِ اسلام آباد کے لئے کوئی سیڑھی ملی ،اس لئے سیاسی بے روز گا بندے گلے ملے ، بندیوں کے حضور جھک کر پرنام کیا اور باہمی مشاورت سے چوہدری شجاعت حسین کی بیمار پرسی کے نقاب میں چوہدری برادران کے حضور ہاتھ پھیلانے حاضر ہوئے۔شاہی دروازے پر دستک دی ، دربان نے دروازہ تو کھول دیا لیکن جواب ملا پہلے پاکستان ، وفاقی وزیر مونس الٰہی نے گداگروں کے جانے کے بعد کہا ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکال دی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو تخت ِ اسلا م آباد پر بیٹھنے کے لئے بے چین تو ہیں لیکن ’ KPK “ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں منہ کے بل آگرے۔ 66 تحصیل کونسلوں میں صرف ایک امیدوار کامیاب ہوا ، مسلم لیگ ن بھی فارغ ہوئی صرف 3 نشستیں ہاتھ لگیں ، دونوں جماعتیں دھاندلی دھاندلی کے تال پر شیطانی رقص بھی نہ کر سکیں اس لئے کہ مولانا کے حصے میں 23نشستیں آئیں اور تحریک ِ انصاف کو 19نشستیں ملیں۔ اب بلاول صاحب کراچی سے اسلام آباد تک دس روزہ سفر میں جی ٹی روڈ پر عوام کو خوار کرنے نکل رہے ہیں ۔ امن و امان کی بربادی کا تماشہ حکومت بھی نہیں دیکھے گی حکومت بھی حفاظتی اقدامات کے لئے سڑکوں پر ہوگی ، اس مارچ سے حاصل تو کچھ بھی نہیں ہو گا، البتہ پیپلز پا رٹی کچھ گھبرا ئی گھبرائی لگتی ہے اس لئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کہتے ہیں جانتا ہوں صدارتی طرزِ حکومت پر بحث کے پیچھے کون سا ہاتھ ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سابق سفیروں او ر تھنک ٹینک کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد بہت سارے مسائل کا سامنا ہے۔ اسی ماہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے صدارتی نظام کی حمایت کی ہے اورپی ٹی آ ئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے بھی کہا تھا کہ ملک میں اسلامی صدارتی نظام ہونا چاہیے۔
موجودہ صورت حال میں تو کہیں بہتر ہو گا کہ ون یونٹ پاکستان میں اسلامی صدارتی نظام نافذ کر کے صوبے ختم کر دیے جائیں اور ڈویژن سطح پر گورنر نظام کے تحت نظام حکمرانی کے اختیارات بلدیاتی اداروں کو منتقل کر دئے جائیں۔ پاکستان کی ترقی کا راز اسلامی صدارتی نظام میں ہے اس لئے بلیک میلر اتحادیوں، وزیروں کی فوج، پیشہ ور موروثی سیاسی خاندانوں ، سیاسی ملاؤں، اور درباری گداگروں، سے قوم کونجات مل جائے گی۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply