• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • اسلام آباد سے ایک اور اسکینڈل سامنے آئے گا، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد سے ایک اور اسکینڈل سامنے آئے گا، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسلام آباد سے ایک اور اسکینڈل سامنے آئے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے اور لوگ بےروزگار ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے فرمایا تھا کہ حکمران کرپٹ ہوں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج وفاق اور پنجاب میں کرپٹ ترین حکومتیں ہیں جبکہ چینی، گندم، ادویات، براڈ شیٹ، رنگ روڈ میں وزیر مشیر پیسے کھا گئے اور کوئی پوچھنے والا نہیں کہ ملک میں مہنگائی کیوں ہے ؟

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب عدالتوں میں آکر دیکھیں یہاں کیا ہو رہا ہے۔ جلد اسلام آباد سے ایک اور اسکینڈل سامنے آئے گا کہ کس طرح حکومتی مشینری استعمال کر کے اربوں روپیہ کمایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اتنا بڑا ٹرین حادثہ ہو گیا جس پر حکومت کو کوئی ندامت نہیں تھی اور وفاقی وزرا نے سابق حکومت پر ٹرین حادثے کی ذمہ داری ڈال دی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عوام موجودہ حکمرانوں کو وہاں پہنچائیں گے جوعبرت کا نشان ہو گا۔ کمیشن پر کمیشن بنتا ہے جو پیسے کھانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتا۔

اس سے قبل احتساب عدالت اسلام آباد میں شاہد خاقان عباسی کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے نیب دستاویز کی عدم فراہمی پر اعتراض کر دیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنس میں جن دستاویز پر اعتراض کیا گیا تھا وہ دوبارہ فراہم کر دی گئی ہیں۔

احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ مجھے بھی یاد ہے کہ نیب نے متعلقہ دستاویز ملزم کے وکیل کو فراہم کی تھی۔

شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے ہمیں متعلقہ دستاویز نہیں دیں۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ ہمیں چند صفحے ضرور ملے لیکن مکمل دستاویز نہیں ملی۔

نیب کے گواہ چیف منیجر سکیڈا ڈسٹری بیوشن سوئی سدرن گیس کمپنی کا بیان قلمبند کیا گیا جبکہ نیب گواہ سید ساجد رضا کا بیان بھی مکمل ہو گیا۔

جج نے ریمارکس دیے کہ فیئر ٹرائل کا تقاضا ہے کہ وکیل صفائی کے پاس مکمل دستاویزات ہوں۔

نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ریفرنس کی نقول تفتیشی افسر نے تیار کروائیں، انہیں بلا کر پوچھ لیں۔

جج نے ریمارکس دیے کہ اگر یہ غلطی ہوئی ہے تو تفتیشی افسر کی ہے۔ جس کے بعد احتساب عدالت نے تفتیشی افسر کو آج ہی طلب کر لیا، عدالت نے نیب کو آج ہی بیرسٹر ظفر اللہ کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔

Advertisements
julia rana solicitors london

بیرسٹر ظفر اللہ خان نے کہا کہ ہم سے پیسے لے لیں لیکن ہمیں کاپیاں مکمل دیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply